• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بیویوں کے بغیر مفت کھانے کی پیش کش پر ترک ہوٹل کو تنقید کا سامنا

شائع August 17, 2020
ہوٹل انتظامیہ نے تنقید کے بعد نیا اشتہار بھی جاری کیا—فوٹو: زیتن فیس بک
ہوٹل انتظامیہ نے تنقید کے بعد نیا اشتہار بھی جاری کیا—فوٹو: زیتن فیس بک

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں موجود معروف ترک کھانوں کے ریسٹورنٹ ’زیتن‘ کو اس وقت تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب اس نے اپنے صارفین کو پاکستان کے 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک ’متنازع‘ پیش کش کی۔

کراچی کے شہید ملت روڈ پر واقع ترک کھانوں کے معروف ہوٹل ’زیتن‘ نے 13 اگست کو اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں شادی شدہ حضرات کو اپنی بیویوں کے بغیر آکر مفت کھانا کھانے اور حقیقی آزادی منانے کی پیش کش کی تھی۔

’زیتن‘ کے اشتہار میں شادی شدہ مرد حضرات کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ اس جشن آزادی کے موقع پر وہ ہمت کرکے اپنی بیویوں کے بغیر زیتن آئیں اور حقیقی آزادی منائیں۔

اشتہار میں مرد حضرات کو مفت کھانے کی پیش کش بھی کی گئی تھی اور ساتھ ہی ایسے افراد کے لیے انتباہ بھی جاری کیا گیا تھا۔

بیویوں کے بغیر مفت کھانے کے لیے آنے والے افراد کے لیے انتباہ جاری کیا گیا تھا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہوٹل پر فرسٹ ایڈ کٹ موجود ہے جو ان کے کام آ سکے گی۔

ہوٹل کی جانب سے مذکورہ اشتہار کے بعد کئی لوگوں نے انتظامیہ پر تنقید کی اور اشتہار کو خواتین مخالف اور پاکستانی روایات کے خلاف قرار دیا۔

اشتہار کو کئی افراد نے خواتین مخالف قرار دیا—اسکرین شاٹ
اشتہار کو کئی افراد نے خواتین مخالف قرار دیا—اسکرین شاٹ

ترک ہوٹل کے مذکورہ اشتہار کے بعد مرد و خواتین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر واضح کیا کہ ایسے اشتہارات زن بیزاری اور شادی جیسے رشتے کے خلاف ہیں۔

کئی افراد نے ترک ہوٹل انتظامیہ پر شادی جیسے اہم ترین رشتے کو خراب کرنے کا الزام بھی عائد کیا جب کہ کئی افراد نے لکھا کہ انتہائی سستی مارکیٹنگ کے ذریعے شادی شدہ افراد کی زندگی کو نشانہ بنایا گیا۔

بیویوں کے بغیر شوہروں کو کھانے کی دعوت دینے والے اشتہار پر جہاں شادی شدہ مرد حضرات نے ترک ہوٹل کی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا، وہیں غیر شادہ شدہ حضرات نے بھی اشتہار کو پاکستانی روایات کے خلاف قرار دیا۔

بعض افراد نے اشتہار کو پاکستانی روایات کے خلاف بھی قرار دیا—اسکرین شاٹ
بعض افراد نے اشتہار کو پاکستانی روایات کے خلاف بھی قرار دیا—اسکرین شاٹ

ترک ہوٹل انتظامیہ نے مذکورہ اشتہار پر تنقید کے بعد ایک اور اشتہار جاری کیا، جس میں انتظامیہ نے جوڑوں کو مفت کھانے کی پیش کش بھی کی۔

ہوٹل انتظامیہ نے 14 اگست کو ایک اور اشتہار شائع کیا، جس میں انہوں نے شادی شدہ مرد حضرات کو ایک بار پھر متنبہ کیا کہ وہ غلطی سے بھی مفت کھانے کے چکر میں گھر سے اکیلے نہ نکلیں۔

ہوٹل انتظامیہ نے مذکورہ اشتہار میں شادہ شدہ جوڑوں کو مشورہ دیا کہ وہ جوڑے کی صورت میں پہنچیں اور مفت کھانا حاصل کریں۔

ہوٹل انتظامیہ نے دونوں اشتہارات میں یہ واضح نہیں کیا تھا کہ اشتہار دیکھ کر آنے والے افراد کو کتنا کھانا مفت فراہم کیا جائے گا؟

نئے اشتہار پر کئی افراد نے کمنٹس کیے کہ ہوٹل انتظامیہ کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوگیا—اسکرین شاٹ
نئے اشتہار پر کئی افراد نے کمنٹس کیے کہ ہوٹل انتظامیہ کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوگیا—اسکرین شاٹ

ترک ہوٹل انتظامیہ کے دوسرے شادی شدہ جوڑوں کے اشتہار کے بعد کئی افراد نے کمنٹس میں لکھا کہ ہوٹل انتظامیہ کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگیا۔

مذکورہ اشتہارات کے حوالے سے ڈان نیوز نے ہوٹل انتظامیہ سے مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا، تاہم کاؤنٹر پر موجود ملازم نے بتایا کہ سوشل میڈیا ٹیم کے اعلیٰ عہدیدار موجود نہیں ہیں اور سوشل میڈیا پر اشتہارات کی پالیسی سے متعلق انہیں کچھ معلوم نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024