• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے سربراہ کا متحدہ عرب امارات کا دورہ

شائع August 18, 2020
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل کی خفیہ ایجنسی 'موساد' کے سربراہ یوسی کوہن نے سیکیورٹی سے متعلق امور پر بات چیت کے لیے یو اے ای کا دورہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' نے 'ڈبلیو ای ایم' کا حوالہ دے کر کہا کہ یوسی کوہن نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زید النہیان کے ساتھ 'سلامتی امور کے شعبوں میں تعاون بڑھانے' اور علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرے، امریکا

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین 'امن معاہدے' کے بعد کسی اسرائیلی عہدیدار کا ابوظہبی کا یہ پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے نتیجے میں اسرائیل مغربی کنارے کے حصوں کے الحاق کو مؤخر کرنے پر راضی ہوا ہے، تاہم اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو یہ بھی واضح کرچکے ہیں کہ یہ منصوبہ اب بھی موجود ہے۔

یو اے ای اور اسرائیل کے معاہدے پر خلیج تعاون ممالک (جی سی سی) میں سے بحرین اور عمان نے اس کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ سعودی عرب، کویت اور قطر نے ابھی کوئی ردعمل نہیں دیا۔

مسلم دنیا کے اہم ملک سعودی عرب کو یہودی ریاست کو باقاعدہ طور پر تسلیم کرنے سے قبل حساس سیاسی معاملات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی صدر نے ابوظہبی کے ولی عہد کو یروشلم دورے کی دعوت دے دی

دوسری جانب متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے بعد امریکا نے مسلم دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور وائٹ ہاؤس کے مشیر جیرڈ کشنر نے کہا تھا کہ یہ سعودی عرب کے مفاد میں ہوگا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے، جیسا کہ متحدہ عرب امارات نے کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اسرائیل اور یو اے ای کے رہنما آئندہ ہفتوں میں وائٹ ہاؤس میں معاہدے پر دستخط کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل سے معاہدے کا مقصد ایران کو نشانہ بنانا نہیں، اماراتی وزیر خارجہ

بعد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے تجویز پیش کی تھی کہ اسرائیل اور اس کے خطے میں مسلم ممالک کے مابین مزید سفارتی کامیابیاں متوقع ہیں۔

عرب نیوز کی رپورٹ میں سعودی نیوز ایجنسی 'وام' کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر نے کہا کہ 'تمام مسلمانوں کے لیے مسجد الاقصیٰ کھولنے کے لیے مسلم دنیا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں کمی آئے گی۔'

انہوں نے کہا تھا کہ 'اسرائیلی بہت خوش ہیں کیونکہ انہیں اب براستہ دبئی سفر کرنے کے لیے سستے ٹکٹ ملیں گے اور مجھے معلوم ہے کہ کئی مسلمان بھی اس پر بہت خوش ہیں وہ براستہ دبئی تل ابیب جاسکیں گے اور مسجد الاقصیٰ کا دورہ کر سکیں گے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'اسرائیل کا کہنا ہے کہ اردن کے شاہ عبداللہ دوئم مسجد کے نگہبان کے طور پر فرائض انجام دیتے رہیں گے۔'

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024