• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کراچی سمیت سندھ بھر میں ہفتہ سے مون سون کی مزید بارش کی پیش گوئی

شائع August 28, 2020
کراچی میں بارشوں کا یہ ساتواں اسپیل ہوگا—فائل فوٹو: اے پی پی
کراچی میں بارشوں کا یہ ساتواں اسپیل ہوگا—فائل فوٹو: اے پی پی

ملک کے مختلف حصوں میں گزشتہ بارشوں کے بعد پیش آنے والی صورتحال سے شہریوں کی مشکلات ابھی ختم نہیں ہوئی تھیں کہ محکمہ موسمیات نے سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مون سون کے ایک اور اسپیل کی پیش گوئی کردی۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارش برسانے والا ہوا کا کم دباؤ ہفتہ (29 اگست) کو صوبہ سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا تھا کہ ہوا کے اس کم دباؤ کے باعث ہفتہ سے پیر کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، شہید بینظیر آباد، دادو، تھرپارکر، نگرپارکر، میرپور خاص، اسلام کوٹ، عمرکوٹ، سانگھڑ، سکھر اور لاڑکانہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں کئی گھنٹوں تک ریکارڈ بارش، متعدد علاقے زیر آب، 19 افراد جاں بحق

ترجمان کے مطابق اتوار اور پیر کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ، خضدار، آواران، ژوب موسیٰ خیل، لورا لائی، کوہلو اور سبی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

مزید یہ کہ اس دوران بہاولپور، رحیم یار خان، خانپور راجن پور، ڈی جی خان، ملتان، خانیوار اور ساہیوال میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی ان بارشوں کے باعث کراچی، حیدرآباد ٹھٹہ، میرپورخاص اور بدین میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف اضلاع کے ندی، نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔

گلشن حدید میں 84 ملی میٹر بارش ریکارڈ

ادھر کراچی میں مون سون کے حالیہ اسپیل کے دوران جمعہ کو بھی شہر کے چند مقامات پر بارش ہوئی جس نے پہلے سے مشکلات کا شکار شہریوں کی پریشانی کو بڑھا دیا۔

محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جمعہ کو صبح 11 سے دوپہر 2 بجے تک گلشن حدید میں 84 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جناح ٹرمینل پر 0.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔

کراچی میں ریکارڈ بارش

واضح رہے کہ رواں ماہ مون سون سیزن اپنے جوبن پر ہے جس نے صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں گزشتہ بارشوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق گزشتہ ماہ 6 جولائی سے شروع ہونے والے مون سون سیزن کے دوران اب تک سندھ میں 80 افراد جاں بحق ہوئے جس میں 47 کا تعلق کراچی سے تھا۔

27اگست کو کراچی میں مون سون کی اب تک کی سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی تھی، جس نے گزشتہ 89 برس پرانا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔

محکمہ موسمیات کے عہدیدار سردار سرفراز نے بتایا تھا کہ کراچی میں ماہ اگست میں اب تک اتنی بارش ریکارڈ نہیں کی گئی اور آخری مرتبہ 1931 میں اتنی بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی مشکلات برقرار

بارش کے ساتھ ہی شہر کے تقریباً تمام علاقے ہی زیرآب آگئے تھے، یہی نہیں بلکہ مارکیٹں، دفاتر بھی پانی میں ڈوب گئے تھے۔

اس کے علاوہ شہر کے انڈرپاسز میں بھی پانی جمع ہوگیا تھا اور بڑی تعداد میں شہری گھروں پر نہیں پہنچ سکے تھے۔

کراچی میں 27 اگست کو سب سے زیادہ بارش پی اے ایف فیصل بیس پر ہوئی جہاں 223.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ سرجانی ٹاؤن میں 193.1 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ کیماڑی میں 167.5 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 166.6ملی میٹر، ناظم آباد میں 159.1ملی میٹر، پی اے ایف مسرور بیس پر 148.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

کراچی میں لانڈھی کے علاقے میں 121ملی میٹر، اولڈ ایریا ایئرپورٹ میں 109.9، جناح ٹرمینل پر 104.2 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن 101.7ملی میٹر، یوینورسٹی روڈ پر 68.2 ملی میٹر اور گلشن حدید میں 49ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024