• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سشانت سنگھ کیس: اداکار کا منیجر، باورچی اور ریا چکربورتی کا بھائی گرفتار

شائع September 6, 2020
سشانت سنگھ نے 14 جون کو خودکشی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
سشانت سنگھ نے 14 جون کو خودکشی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

رواں برس جون میں خودکشی کرنے والے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کو اگرچہ تین ماہ گزر چکے ہیں تاہم تاحال ان کی خودکشی کا معاملہ حل نہیں ہوسکا۔

جہاں ایک طرف سشانت سنگھ کی خودکشی کا معاملہ حل نہیں ہوسکا، وہیں دوسری طرف اس کیس میں ہر روز نیا موڑ سامنے آ رہا ہے اور یہ کیس بھارت میں اس وقت کا سب سے بڑا ہائی پروفائیل کیس بن چکا ہے، جس میں فلموں کی طرح روز کئی سنسنی خیز انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔

سشانت سنگھ کی خودکشی کی تفتیش اب اگرچہ بھارت کی مرکزی تفتیشی ایجنسی سینٹرل بیورو انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کر رہی ہے اور اب تک مذکورہ ایجنسی کئی افراد کے بیانات ریکارڈ کر چکی ہے۔

تاہم اس کیس میں اس وقت نیا موڑ سامنے آیا جب 4 اور 5 ستمبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے اداکار کے منیجر، باورچی اور اداکارہ ریا چکربورتی کے بھائی کو گرفتار کیا۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق این سی بی نے سشانت سنگھ کی خودکشی کے کیس میں منشیات کے معاملات سامنے آنے کے بعد اداکار کے منیجر سیموئل مرنڈا اور باورچی دیپیش ساونت کو گرفتار کرلیا۔

دونوں کو این سی بی نے 5 ستمبر کو گرفتار کیا تھا، جس کے بعد 6 ستمبر کو تفتیش کے دوران انہوں نے این سی بی کے سامنے کئی انکشافات کیے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق دونوں نے این سی بی کو بتایا کہ سشانت سنگھ راجپوت کے فارم ہاؤس میں منشیات کے استعمال کے لیے پارٹیاں منعقد ہوتی تھیں، جن میں کئی معروف بولی وڈ شخصیات بھی شامل ہوتی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: سشانت سنگھ کیس، سی بی آئی کی مسسلسل 4 دن تک ریا چکربورتی سے تفتیش

سیموئل مرنڈا اور باورچی دیپیش ساونت نے این سی بی کو ان اداکاروں کے نام بھی بتائے جو سشانت سنگھ کی پارٹیوں میں آکر نشہ کرتے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں نے این سی بی کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ سشانت سنگھ کی پارٹیوں میں استعمال ہونے والی منشیات کا بندوبست ریا چکربورتی کرتی تھیں۔

سشانت سنگھ کے منیجر نے این سی بی کے سامنے انکشاف کیا کہ وہ اداکار کے لیے ستمبر 2019 سے مارچ 2020 تک بھنگ کا انتظام کرتے رہے اور وہ بھنگ ریا چکربورتی کے بھائی کے ایک قریبی دوست سے خریدتے تھے۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ریا چکربورتی کے بھائی کا دوست ان کے لیے اداکار کے گھر اور اداکارہ کے گھر تک منشیات پہنچانے کی خدمات بھی فراہم کرتا تھا۔

سشانت سنگھ کے باورچی نے بھی این سی بی کے سامنے اعتراف کیا کہ اداکار کے فارم ہاؤس پر منشیات کی پارٹیاں منعقد ہوتی رہتی تھیں۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق نارکوٹکس بیورو نے سشانت سنگھ کے منیجر اور باورچی کو عدالت میں پیش کرکے ان کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کیا۔

بھارتی اخبار نے اپنی ایک اور رپوٹ میں بتایا کہ این سی بی نے ریا چکربورتی کے بھائی شووک چکربورتی کو بھی گرفتار کرکے عدالت سے اس کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔

ریا چکربورتی کے بھائی کی گرفتاری پر اداکار کے والدہ نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی قوم کو مبارک باد پیش کی۔

مزید پڑھیں: سشانت سنگھ کیس، پہلی بار سی بی آئی کی ریا چکربورتی سے تفتیش

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بیٹے کی گرفتاری کے بعد ریا چکربورتی کے والد اور سابق فوجی افسر نے بھارتی عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ عوام نے منظم طریقے سے ایک متوسط گھرانے کی زندگی تباہ کی۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق نارکوٹکس بیورو نے 4 ستمبر کو ریا چکربورتی کے والد کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کے بھائی کو گرفتار کیا تھا۔

ریا چکربورتی کے بھائی شووک چکربورتی پر الزام ہے کہ وہ سشانت سنگھ کے لیے منشیات کا بندوبست کرتے تھے۔

شووک چکربورتی کی گرفتاری سے قبل سی بی آئی بھی ان سے تفتیش کر چکی ہے۔

نارکوٹکس بیورو کی جانب سے سشانت سنگھ کے ملازمین اور اداکارہ کے بھائی کی گرفتاری کے بعد نارکوٹس بیورو نے 6 ستمبر کو ریا چکربورتی کو بھی منشیات کے حوالے سے پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔

خیال رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو بظاہر ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کرلی تھی تاہم ان کے اہل خانہ اور مداحوں کا دعویٰ ہے کہ اداکار نے سابق گرل فرینڈ ریا چکربورتی کے رویے کی وجہ سے تنگ آکر خودکشی کی ہوگی۔

سشانت سنگھ کے والد اور مداحوں نے اداکارہ ریا چکربورتی پر اداکار کو ذہنی طور پرتنگ کرنے جیسے الزامات لگا رکھے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سی بی آئی کی تفتیش میں سشانت کیس میں کئی نئے پہلو سامنے آگئے

ابتدائی طور پر سشانت سنگھ کی خودکشی کیس کی تفتیش ممبئی پولیس نے کی تھی تاہم بعد ازاں بھارت کی مرکزی حکومت اور سپریم کورٹ کی ہدایت پر سی بی آئی نے معاملے کی تفتیش کی تھی۔

سی بی آئی کی تفتیش کے دوران سشانت سنگھ کی خودکشی کے معاملے میں منشیات اور منی لانڈرنگ جیسے معاملات سامنے آنے کے بعد سی بی آئی نے نارکوٹکس بیورو اور منی لانڈرنگ بیورو سے مدد طلب کی تھی۔

اب نارکوٹکس بیورو نے منشیات کے معاملات کی تفتیش کے لیے ہی سشانت سنگھ کے منیجر اور باورچی سمیت ریا چکربورتی کے بھائی کو گرفتار کیا ہے جب کہ ریا چکربورتی سے بھی تفتیش کی ہے۔

ریا چکربورتی اور سشانت سنگھ کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات تھے اور اداکارہ آخری ایام تک سشانت سنگھ کے ساتھ تعلقات میں رہیں تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024