• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کنگنا رناوٹ کے خلاف منشیات کے استعمال کی تفتیش شروع

شائع September 14, 2020
اداکارہ کے مطابق اگر منشیات کے استعمال کا الزام ثابت ہوا تو ممبئی چھوڑ دوں گی — فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق اگر منشیات کے استعمال کا الزام ثابت ہوا تو ممبئی چھوڑ دوں گی — فائل فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کی پولیس نے بولی وڈ کی ’پنگا گرل‘ کنگنا رناوٹ کے خلاف منشیات کے استعمال کی تفتیش شروع کردی۔

بھارتی اخبار مڈ ڈے کے مطابق ممبئی پولیس نے تصدیق کی کہ اداکارہ کے خلاف ریاستی وزیر داخلہ انیل دیش مکھ کی جانب سے موصول ہونے والے خط کے بعد تفتیش شروع کی گئی۔

ممبئی پولیس کے کمشنر پرم بیر سنگھ نے تصدیق کی کہ پولیس نے اداکارہ کے خلاف تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے معاملے کی مکمل تفتیش کرائم برانچ سے کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق کرائم برانچ کو بھی اداکارہ کے خلاف تفتیش کے لیے ٹاسک دے دیا گیا جب کہ کرائم برانچ نے تصدیق کی کہ کنگنا رناوٹ کے خلاف تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

ممبئی پولیس کو کنگنا رناوٹ کے خلاف منشیات کے استعمال کے لیے 3 دن قبل ریاست مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انیل دیش مکھ نے خط لکھا تھا۔

اداکارہ کو تاحال تفتیش کے لیے سمن جاری نہیں کیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کو تاحال تفتیش کے لیے سمن جاری نہیں کیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام

وزیر داخلہ کی جانب سے پولیس کو بھیجے گئے خط میں لکھا گیا تھا کہ اداکار ادھیان سمن نے 2016 میں ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ کنگنا رناوٹ کوکین استعمال کرتی ہیں اور اداکارہ نے اداکار کو بھی منشیات استعمال کرنے پر مجبور کیا۔

یہ بھی پڑھیں: گھر کی توڑ پھوڑ کے بعد کنگنا رناوٹ کو وزیر جیسی سیکیورٹی فراہم

وزیر داخلہ نے پولیس کو اداکارہ کے مذکورہ انٹرویو کوجواز بنا کر ان کے خلاف تفتیش کا حکم دیا تھا تاہم ممبئی پولیس نے فوری طور پر اداکارہ کے خلاف تفتیش کا کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا۔

لیکن اب خبر سامنے آئی ہے کہ اداکارہ کے خلاف ممبئی پولیس نے باضابطہ طور پر تفتیش کا آغاز کردیا تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ اداکارہ کے خلاف کن دفعات کے تحت تفتیش شروع کی گئی اور کیا ان کے خلاف مقدمہ بھی دائر کیا گیا ہے یا نہیں؟

یہ بھی واضح نہیں ہے کہ ممبئی پولیس اداکار ادھیان سمن کو بھی مذکورہ معاملے میں تفتیش کے لیے سمن جاری کرے گی یا نہیں، تاہم خبریں تھیں کہ پولیس ادھیان سمن کو بھی شامل تفتیش کرے گی۔

اداکارہ کے خلاف 2016 میں اداکار ادھیان سمن کی جانب سے انٹرویو میں کیے گئے انکشافات پر تفتیش کی جا رہی ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے خلاف 2016 میں اداکار ادھیان سمن کی جانب سے انٹرویو میں کیے گئے انکشافات پر تفتیش کی جا رہی ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ادھیان سمن اور کنگنا رناوٹ کے درمیان 2016 سے قبل تعلقات تھے تاہم تعلقات ٹوٹنے کے بعد ادھیان سمن نے اداکارہ پر منشیات استعمال کرنے کے الزامات لگائے تھے۔

ادھیان سمن نے ریاستی وزیر داخلہ کی جانب سے پرانے معاملے کی تفتیش کا حکم دیے جانے کے بعد خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے 2016 میں غصے میں آکر اور دل ٹوٹنے کی وجہ سے کنگنا رناوٹ کے خلاف بہت ساری باتیں کی تھیں۔

علاوہ ازیں کنگنا رناوٹ نے بھی اپنے خلاف منشیات کے استعمال کی تفتیش شروع ہونے کے بعد اعلان کر رکھا ہے کہ اگر ان پر الزام ثابت ہوا تو وہ ممبئی ہی چھوڑ دیں گی۔

کنگنا رناوٹ کے خلاف منشیات کے استعمال کی تفتیش ایک ایسے وقت میں شروع کی گئی ہے جب کہ کچھ دن قبل ہی ممبئی میونسپل انتظامیہ نے ممبئی میں ان کے بنگلے کے کچھ حصے کو غیر قانونی قرار دے کر توڑا تھا۔

مزید پڑھیں: ممبئی پولیس کو کنگنا رناوٹ کے خلاف منشیات کی تفتیش کا حکم

ممبئی میونسپل انتظامیہ نے اس وقت اداکارہ کے بنگلے کے کچھ حصے کو غیر قانونی قرار دیا تھا جب اداکارہ کی جانب سے ریاستی حکمران جماعت شیو سینا اور وزیر اعلیٰ مہاراشٹر کے خلاف باتیں کی گئی تھیں۔

میونسپل انتظامیہ نے اداکارہ کو بنگلے کا غیر قانونی حصہ خالی کرنے کا نوٹس بھی دیا تھا، تاہم مذکورہ جگہ خالی نہ کیے جانے پر میونسپل انتظامیہ نے 9 ستمبر کو توڑ پھوڑ شروع کی تو اداکارہ نے ممبئی حکومت اور مقامی انتظامیہ کے خلاف متعدد نفرت انگیز ٹوئٹس کیں اور ساتھ ہی انہوں نے ممبئی کو پاکستان کا مقبوضہ علاقہ بھی قرار دیا تھا۔

کنگنا رناوٹ کی جانب سے ممبئی کو پاکستان کا مقبوضہ علاقہ قرار دیے جانے کے بعد انہیں اپنے ہی بھارتیوں نے دھمکیاں دینا شروع کی تھیں، جس کے بعد مرکزی حکومت نے انہیں اعلیٰ سیکیورٹی فراہم کی تھی۔

بعد ازاں کنگنا رناوٹ نے اپنے بنگلے کی توڑ پھوڑ رکوانے کے لیے ممبئی ہائی کورٹ سے اسٹے آرڈر بھی حاصل کیا تھا، جس کے بعد میونسپل انتظامیہ نے بنگلے کی توڑ پھوڑ روک دی تھی۔

اداکارہ کے خلاف اس وقت تفتیش کا حکم دیا گیا جب کہ انہوں نے ممبئی انتظامیہ اور ریاستی حکومت کے خلاف باتیں کیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے خلاف اس وقت تفتیش کا حکم دیا گیا جب کہ انہوں نے ممبئی انتظامیہ اور ریاستی حکومت کے خلاف باتیں کیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024