• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین 5 ہزار رنز بنانے والے تیسرے بلے باز

شائع September 18, 2020 اپ ڈیٹ September 19, 2020
بابراعظم نے کیریئر کی بہترین 114 رنز کی اننگز کھیلی —فوٹو:سمرسیٹ ٹوئٹر
بابراعظم نے کیریئر کی بہترین 114 رنز کی اننگز کھیلی —فوٹو:سمرسیٹ ٹوئٹر

ٹی ٹوئنٹی طرز کرکٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں انگلش کاؤنٹی سمرسیٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین 5 ہزار رنز بنانے والے تیسرے بلے باز بن گئے۔

بابر اعظم نے گلیمورگن کے خلاف میچ میں 64 گیندوں پر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی اور ناقابل شکست 114 رنز بنائے۔

ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں انہوں نے نہ صرف سمرسیٹ کو گلیمورگن کے خلاف فتح دلائی بلکہ اس طرز کرکٹ میں اپنے 5 ہزار رنز بھی مکمل کیے۔

مزید پڑھیں: بابر اعظم کا ٹی20 ٹورنامنٹ کیلئے سمرسیٹ سے معاہدہ

بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 145 میچوں میں تیز ترین پانچ ہزار رنز بنانے والے دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بابر اعظم سے قبل ویسٹ انڈیز کے مشہور بلے باز کرس گیل اور آسٹریلیا کے شان مارش تیز ترین پانچ ہزار رنز بنا چکے ہیں۔

کرس گیل 132 میچوں میں تیز ترین پانچ ہزار رنز بنانے والے پہلے بلے باز ہیں۔

کرس گیل ٹی ٹوئنٹی طرز میں اب تک 404 میچوں میں 38.20 کی اوسط سے 13 ہزار 226 رنز بنا چکے ہیں، جس میں 22 سنچریاں اور 82 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

آسٹریلیا کے شان مارش نے 144 میچوں میں پانچ ہزار رنز مکمل کیے تھے اور انہیں دوسرے نمبر پر تیز ترین پانچ ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

مارش نے اب تک 185 میچوں میں 38.75 کی اوسط سے 6 ہزار 124 رنز بنائے ہیں، جس میں 2 سنچریاں اور 47 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

نوجوان بابر اعظم نے پاکستان کی قومی ٹیم، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کراچی کنگز اور انگلش کاؤنٹی سمرسیٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے 145 میچ کھیلے ہیں اور اپنی ٹیموں کو شان دار کامیابیاں دلائی ہیں۔

انہوں نے ٹی ٹوینٹی کیریئر میں 42.96 کی بہترین اوسط کے ساتھ 5 ہزار 110 رنز بنائے ہیں۔

بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میں 4 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم ٹی20 میں عالمی نمبر ایک پوزیشن سے محروم

خیال رہے بابر اعظم نے گزشتہ برس بھی انگلش کاؤئنٹی سمر سیٹ کی ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں نمائندگی کی تھی اور بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا۔

بابر اعظم نے گزشتہ برس وائٹالٹی بلاسٹ میں سب سے زیادہ 578 رنز 149.35 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے تھے۔

رواں برس پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے اختتام پر سمرسیٹ نے تصدیق کی تھی کہ بابراعظم کے ساتھ معاہدہ ہوگیا ہے۔

بابر اعظم نے معاہدے کے حوالے سے کہا تھا کہ گزشتہ سال سمرسیٹ کی نمائندگی کر کے لطف اندوز ہوا تھا، یقینی طور پر یہ سال ہماری توقعات سے کہیں مختلف ہے، ہم نے نئی تبدیلیوں کے مطابق خود کو ڈھال لیا ہے اور مجھے امید ہے کہ میں دوبارہ سمرسیٹ کی کامیابی میں مددگار ثابت ہو سکوں گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024