• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

عمران خان اسمبلی توڑ دیں گے مگر این آر او کبھی نہیں دیں گے، شیخ رشید

شائع October 5, 2020
وزیر ریلوے شیخ رشید ریلوے کیرج فیکٹری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر ریلوے شیخ رشید ریلوے کیرج فیکٹری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان اسمبلی توڑ دیں گے مگر اپوزیشن کو کبھی این آر او نہیں دیں گے۔

ریلوے کیرج فیکٹری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جلسے اور ریلیاں فضل الرحمٰن نے نکالنی ہیں، ان کے ساتھ کوئی نہیں، لاہور کے جلسے کے بعد ان کی آنکھیں کھل جانی چاہیے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ تینوں پارٹیاں انتخابات میں دوبارہ ایک دوسرے کی حریف بن جائیں گی‘۔

انہوں نے اپنے خطاب کے دوران مسلم لیگ (ن) میں سے ’ش‘ کے نکلنے کے اپنے دعوے کو دوہرایا اور کہا کہ یہ کام فروری تک ہوجائے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’میں وزارت کا بھوکا نہیں، ان لوگوں نے اتنا لوٹا کہ عمران خان کو مہنگائی سے گزرنا پڑا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ایک سوال کیا انہوں نے جواب نہیں دیا، میں نے 20 سوال کیے انہوں نے اس کا بھی جواب نہیں دیا، پھر 30 کیے اس کا بھی جواب نہیں دیا۔

مزید پڑھیں: ایسی خبریں سامنے لاسکتا ہوں جس سے سیاسی زلزلہ آجائے، شیخ رشید کا مریم نواز کو انتباہ

انہوں نے کہا کہ ’آج میں مزدوروں کے سامنے صرف 3 سوال کرتا ہوں‘۔

شیخ رشید نے سوال کیا کہ ’کیا نواز شریف آپ نے آصف زرداری کے خلاف میمو گیٹ میں وکیل بن کر پٹیشن دائر نہیں کی تھی، سپریم کورٹ میں آج بھی یہ درخواست موجود ہے‘۔

وزیر ریلوے نے مزید سوال کیا کہ ’نواز شریف نے کٹھمنڈو میں نریندر مودی سے جو خفیہ ملاقات کی، کیا اس کا حال احوال دفتر خارجہ یا کسی اور ادارے کو بتایا؟‘

انہوں نے تیسرا سوال کیا کہ ’مریم نواز ایک سال تک آپ کا موبائل کہاں تھا؟‘

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے اس لیے ٹوئٹ نہیں کیا تھا کیونکہ انہیں اُمید تھی کہ انہیں باہر جانے کی اجازت مل جائے گی مگر عمران خان اسمبلی توڑ دیں گے لیکن این آر او کبھی نہیں دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سورج مشرق کے بجائے مغرب سے نکلے مگر پیپلز پارٹی اسمبلیوں سے کبھی استعفیٰ نہیں دے گی۔

ایک اور سوال پر انہوں نے اپنی ہی حکومت سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈاکٹر فیصل صاحب سے گزارش کرتا ہوں کہ عوام کو ادویات کی قیمت بڑھنے پر اعتراض ہے، جہاں جاتا ہوں لوگ اس پر احتجاج کر رہے ہیں۔

’ایم ایل ون جب تک نہیں بن جاتا ریلوے میں جان نہیں آسکتی‘

قبل ازیں ریلوے کیرج فیکٹری ملازمین سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’رزق حلال کما کر اپنے بچوں کی پرورش کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں‘۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف نے باقی کی زندگی لندن میں گزارنے کا فیصلہ کرلیا ہے، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ ’سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے کے لیے 46 کوچز بنا رہے ہیں، اس کے لیے وزارت منصوبہ بندی کی طرف سے 10 ارب روپے ملے ہیں‘۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ایم ایل ون کے تحت ریلوے والوں کے لیے راولپنڈی میں 10 ہزار فلیٹس بنائے جائیں گے۔

سرکلر ریلوے کے ٹریک کی بحالی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ منگھوپیر کے 14 کلومیٹر کا ٹریک بحال کردیا گیا ہے اور عدالتیں جب کہیں گی اس پر ٹرین چلادیں گے باقی 34 کلومیٹر پر سندھ حکومت نے کراسنگ پوائنٹس بنانے ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے کا ٹریک 1861 میں انگریزوں نے بنایا تھا، اس میں اب جان نہیں ہے، ایم ایل ون جب تک نہیں بن جاتا ریلوے میں جان نہیں آسکتی۔

انہوں نے بتایا کہ ایم ایل ون میں 90 فیصد ملازم پاکستان ریلوے کے ہوں گے اور باقی چین کے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں جانتا ہوں کہ مہنگائی ہوگئی ہے، وعدہ کرتا ہوں کہ تمام ٹی ایل اے کے ملازمین کو مستقل کرکے جاؤں گا اور اگر کابینہ نے اجازت دے دی تو کل ہی ریلوے کے ملازمین کی تمام پینشنز جاری کردیں گے‘۔

انہوں نے کیرج فیکٹری کے ملازمین کو 5 ہزار روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024