فلم ‘پرواز ہے جنوں’ اگلے ماہ چین میں ریلیز کی جائے گی
پاکستانی فلم ’پرواز ہے جنوں’ کو رواں برس نومبر میں چین میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اس فلم کو 2018 میں پاکستان میں ریلیز کیا گیا تھا اور اب اسے چین میں ریلیز کیا جارہا ہے جو پاکستانی فلمز کے حوالے سے ایک بہت بڑی پیش رفت ہے۔
پاکستانی شائقین میں مقبول ہونے کے بعد اب فلم ’پرواز ہے جنوں‘ کو 13 نومبر 2020 کو چین میں ریلیز کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: فلم 'پرواز ہے جنون' : شاز خان پائلٹ کا کردار کریں گے
علاوہ ازیں مومنہ اینڈ درید فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم’ پرواز ہے جنوں’ گزشتہ 3 دہائیوں میں چین میں کمرشل بنیادوں پر ریلیز ہونے والی پہلی فلم ہوگی۔
اس فلم کی ہدایات حسیب حسن نے دیں جبکہ کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی، جنہیں ان کے ڈراموں 'ہمسفر'، 'دیار دل'، اور 'اڈاری' سے مقبولیت ملی۔
فلم میں حمزہ علی عباسی، احد رضا میر اور ہانیہ عامر نے مرکزی کردار ادا کیے جبکہ اداکار شاز خان نے بھی فلم میں ایک پائلٹ کا کردار ادا کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عثمان خالد بٹ 'پرواز ہے جنون' سے باہر
پاک فضائیہ کی مشترکہ پروڈکشن کے ساتھ بنائی جانے والی اس فلم میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
فلم میں شوبز کاسٹ کے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور پائلٹس کو بھی دکھایا گیا۔
پرواز ہے جنوں کو 22 اگست 2018 کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستانی سنیما گھروں میں ریلیز کیا گیا تھا جس نے ریلیز کے ابتدائی 5 روز ہی میں 12 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا تھا۔