• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

لاہور میں اسموگ: زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی منتقل

شائع October 23, 2020
لاہور میں آئندہ ماہ اسموگ کی ممکنہ شدت کی بنا پر کھلاڑیوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا — فائل فوٹو / اے پی
لاہور میں آئندہ ماہ اسموگ کی ممکنہ شدت کی بنا پر کھلاڑیوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا — فائل فوٹو / اے پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لاہور میں اسموگ کے باعث زمبابوے خلاف سیریز میں شامل تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی جبکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچز کراچی منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔

پی سی بی نے آئندہ ماہ لاہور میں اسموگ کی ممکنہ شدت کی بنا پر کھلاڑیوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور میں شیڈول میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ ہم گزشتہ چند ہفتوں سے موسم کی بدلتی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے اور جونہی ہمیں لاہور میں آئندہ ماہ اسموگ کی شدت میں اضافے کی معلومات ملیں تو ہم نے کھلاڑیوں کی صحت پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے فوری طور پر ان میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: زمبابوے کے دو کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کو افسوس ہے کہ لاہور کو مسلسل دوسری مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پلے آف میچز کی میزبانی نہیں مل رہی مگر ہمارے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت سب سے عزیز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ زمبابوے کرکٹ اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فرنچائزز نے ہمارے فیصلے کو تسلیم کیا ہے، اس موقع پر ہم وفاقی اور صوبائی ایجنسیوں کے تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، جس کا آغاز 30 ​​اکتوبر سے ہوگا۔

ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے زمبابوے کی ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے۔

30 اکتوبر سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز پاکستان کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس کے ساتھ ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ورلڈ کپ سپر لیگ کا آغاز ہو رہا ہے جس کی سرفہرست 7 ٹیمیں ایونٹ میں براہ راست شرکت کی اہل ہوں گی جبکہ بھارت کی ٹیم میزبان ہونے کی وجہ سے پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہے۔

مزید پڑھیں: زمبابوے سے سیریز: قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے

آئی سی سی نے ون ڈے کرکٹ فراہم کرنے کے لیے سپر لیگ متعارف کرائی ہے اور وہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی اہلیت کے طور پر کام کرے گی۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے میچز اصل میں ملتان کے لیے شیڈول تھے لیکن لاجسٹیکل اور آپریشنل چیلنجز کی وجہ سے انہیں راولپنڈی منتقل کردیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024