• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

گوگل کے 'سی ایس فرسٹ پروگرام' کا پاکستان میں آغاز

شائع October 28, 2020
سی ایس فرسٹ پروگرام کمپیوٹر سائنس کی تربیت کا پروگرام ہے—فوٹو: گوگل سی ایس
سی ایس فرسٹ پروگرام کمپیوٹر سائنس کی تربیت کا پروگرام ہے—فوٹو: گوگل سی ایس

گوگل نے حکومت اور نجی ٹیکنالوجی اداروں کے تعاون سے پاکستان میں کم عمر طلبہ کے لیے کمپیوٹر سائنس (سی ایس) کا آن لائن پروگرام متعارف کرادیا۔

گوگل کے سی ایس پروگرام کو ملک میں متعارف کرانے کی افتتاحی تقریب وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن میں منعقد ہوئی، جس میں وزیر ٹیکنالوجی سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب میں گوگل جنوبی ایشیا کے سربراہ فرحان ایس قریشی، وزیر ٹیکنالوجی سید امین الحق، سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمد صدیقی سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب میں گوگل سی ایس فرسٹ پروگرام کو پاکستان میں متعارف کرانے کے لیے معاونت فراہم کرنے والے اداروں ٹیک ویلے پاکستان، ٹیلی کام فاؤنڈیشن اور ورچوئل یونیورسٹی کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

گوگل سی ایس فرسٹ پروگرام کو پاکستان میں چلانے کے لیے جہاں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی گوگل کا ساتھ دے گی، وہیں ٹیک ویلے پاکستان، ٹیلی کام فاؤنڈیشن اور ورچوئل یونیورسٹی بھی مذکورہ پروگرام میں معاونت فراہم کریں گے۔

سی ایس فرسٹ پروگرام کیا ہے؟

مذکورہ پروگرام پہلے ہی متعدد ممالک میں چل رہا ہے—فوٹو: گوگل سی ایس فرسٹ
مذکورہ پروگرام پہلے ہی متعدد ممالک میں چل رہا ہے—فوٹو: گوگل سی ایس فرسٹ

سی ایس فرسٹ پروگرام گوگل کی جانب سے متعارف کرایا گیا عالمی پروگرام ہے، جس کے ذریعے پاکستان سے قبل متعدد ممالک میں بچوں کی ڈیجیٹل تربیت دی جا رہی تھی۔

اس پروگرام کے تحت بچوں کو آرٹ، اسپورٹس اور گیم ڈیزائن جیسے شعبوں میں ابتدائی تربیت اور تعلیم دی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی اداروں کے لیے گوگل کی ورچوئل ورکشاپس

مذکورہ پروگرام گوگل دنیا بھر میں مختلف اداروں کی معاونت سے چلا رہا ہے اور اس کی کوئی فیس نہیں ہوتی۔

مذکورہ پروگرام کو عام طلبہ بھی آن لائن دیکھ کر اس میں شرکت کر سکتے ہیں تاہم سی ایس پروگرام گوگل کی جانب سے حکومتی اور مختلف اداروں کے تعاون سے چلنے والے اداروں میں اچھے نتائج دیتا ہے۔

پاکستان میں سی ایس فرسٹ پروگرام کیسے چلے گا؟

پاکستان میں مذکورہ پروگرام متعدد اداروں کی معاونت سے چلے گا—فوٹو: وزارت آئی ٹی
پاکستان میں مذکورہ پروگرام متعدد اداروں کی معاونت سے چلے گا—فوٹو: وزارت آئی ٹی

دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی گوگل کے مذکورہ پروگرام کو مختلف اداروں کی معاونت سے چلایا جائے گا۔

اس ضمن میں ٹیلی کام فاؤنڈیشن کے اسکولوں میں 9 سے 14 سال کے بچوں کو سی ایس فرسٹ پروگرام کی تربیت دی جائے گی۔

ابتدائی طور پر یہ پروگرام کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں موجود ٹیلی کام فاؤنڈیشن کے اسکولوں میں محدود پیمانے پر چلایا جائے گا اور اس پروگرام میں ان بچوں کو ہی شامل کیا جائے گا، جن کا تعلق متوسط یا کم آمدنی والے گھرانوں سے ہوگا۔

مذکورہ پروگرام کو چلانے کے لیے ٹیک ویلے پاکستان گوگل کو ٹیکنیکل معاونت فراہم کرے گا۔

سی ایس فرسٹ پروگرام کے دو مراحل ہوں گے، پہلے مرحلے میں استادوں کی تربیت کی جائے گی اور استادوں کو تربیت دینے کے لیے ورچوئل یونیورسٹی معاونت کرے گی۔

دوسرے مرحلے میں تربیت لینے والے اساتذہ بچوں کو سی ایس سکھائیں گے اور یہ عمل ٹیلی کام فاؤنڈیشن کے اسکولوں میں ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024