• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

قائد اعظم ٹرافی میں بسم اللہ خان کورونا وائرس کا شکار

شائع November 4, 2020
قائد اعظم ٹرافی کا تیسرا راؤنڈ معمول کے مطابق ہو گا— فائل فوٹو بشکریہ پی سی بی
قائد اعظم ٹرافی کا تیسرا راؤنڈ معمول کے مطابق ہو گا— فائل فوٹو بشکریہ پی سی بی

قائد اعظم ٹرافی میں بلوچستان کے وکٹ کیپر بلے باز بسم اللہ خان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

سدرن پنجاب کے خلاف میچ میں بسم اللہ خان میں کورونا کی کچھ علامات نظر آئیں لیکن میچ کے چوتھے دن تک ان کا ٹیسٹ نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ٹنڈولکر کا بلے بازوں کیلئے ہیلمٹ لازمی قرار دینے کا مطالبہ

چوتھے دن کے بعد حالت خراب ہونے اور علامات واضح ہونے کے بعد متبادل کھلاڑی عدنان اکمل کو ان کی جگہ میدان میں اتار دیا گیا۔

اس وقت بسم اللہ خان ہوٹل کے مخصوص کمرے میں قرنطینہ میں ہیں اور ڈاکٹز مستقل ان کا معائنہ کر رہے ہیں۔

بسم اللہ خان کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قائد اعظم ٹرافی کے رواں سال مزید انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا تھا کیونکہ تمام چھ ٹیموں کے کھلاڑی ایک ہی ہوٹل میں رہائش پذیر ہیں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ٹورنامنٹ میں شریک تمام 132 کھلاڑیوں، آفیشل اور عملے کے ٹیسٹ منفی آ گئے ہیں اور وہ 6 نومبر سے شروع ہونے والے ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ میں شرکت کریں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نے کہا کہ پی سی بی سمجھتا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ مشکل حالات میں کھیلی جا رہی ہے اور ایونٹ میں شریک تمام افراد کے تعاون پر ان کا شکر گزار ہیں کہ وہ ایس او پیز پر عمل کر رہے ہیں جو ایونٹ میں شریک تمام افراد کی حفاظت اور صحت کی ضامن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قائد اعظم ٹرافی میں بلاول بھٹی سر پر گیند لگنے سے زخمی

ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ بسم اللہ خان کس طرح یا کس ذریعے سے وائرس کا شکار ہوئے۔

ٹورنامنٹ میں جاری دوسرے راؤنڈ سے قبل سندھ کے 9 کھلاڑیوں میں وائرس کی علامات کی وجہ سے ان کے ٹیسٹ کیے گئے تھے اور ان سب کے ٹیسٹ منفی آئے تھے البتہ فاسٹ باؤلرز میر حمزہ کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے انہیں گھر واپس بھیج دیا گیا تھا۔

ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے سلسلے میں ایس او پیز متعارف کرائے تھے جس کے نتیجے میں تمام ٹیموں کو مختلف مقامات پر قرنطینہ میں رکھا گیا تھا اور اس کے بعد انہیں بائیو سیکیور ببل میں آنے کی اجازت دی گئی تھی۔

ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے بعد قائد اعظم ٹرافی میں 11 دن کا وقفہ ہو گا کیونکہ کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم پاکستان سپر لیگ کے بقیہ چاروں میچز کی میزبانی کرے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو بیٹنگ لائن میں 'بدتمیز قسم کے بلے بازوں' کی ضرورت ہے، انضمام

پاکستان میں اب تک کورونا کی صورتحال کنٹرول میں ہے لیکن گزشتہ دو تین ماہ کے مقابلے میں حالیہ عرصے میں کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس پر حکام نے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

حکومت نے وائرس کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر عوام کو ماسک پہننے اور غیرضروری طور پر گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے بھی گریز کرنے کا مشورہ دیاہے جبکہ کچھ شہروں میں وائرس کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی لاگو کردیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024