• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستانی ہاکی کے عظیم کھلاڑی اور سابق کپتان رشید جونیئر انتقال کر گئے

شائع November 5, 2020
رشید جونیئر کو 1968 اور 1972 کے اولمپکس میں ٹاپ اسکورر ہونے کا انوکھا اعزاز بھی حاصل ہے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
رشید جونیئر کو 1968 اور 1972 کے اولمپکس میں ٹاپ اسکورر ہونے کا انوکھا اعزاز بھی حاصل ہے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم کھلاڑی عبدالرشید جونیئر 79 سال کی عمر میں مختصر علالت کے بعد اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق اولمپیئن کا شمار پاکستان کی تاریخ کے بہترین سینٹر فارورڈز میں سے ایک میں کیا جاتا تھا جو خدا داد صلاحیتوں سے مالا مال تھے، انہوں نے اس دور میں متعدد ریکارڈ اپنے نام کیے جب پاکستان بین الاقوامی سطح پر ہاکی کی حقیقی طاقت تھا۔

عبدالرشید نے تین اولمپک مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی، وہ سن 1968 میں طلائی تمغہ جیتنے والی ٹیم کے رکن ہونے کے ساتھ ساتھ 1972 میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم اور 1976 میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کے رکن تھے۔

عاجز اور نرم دل شخصیت کے مالک رشید جونیئر کو 1968 اور 1972 کے اولمپکس میں ٹاپ اسکورر ہونے کا انوکھا اعزاز بھی حاصل ہے، انہوں نے 1971 کے ورلڈ کپ میں بھی ملک کی نمائندگی کی، جب انہوں نے بین الاقوامی ہاکی سے کنارہ کشی اختیار کی تو 96 گول کے ساتھ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی تھے۔

رشید جونیئر چار مرتبہ کے اولمپیئن ریٹائرڈ بریگیڈ عبدالحمید حمیدی کے چھوٹے بھائی تھے جو گزشتہ سال انتقال کر گئے تھے اور انہوں نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کے علاوہ سیکریٹری پی ایچ ایف کے عہدے پر بھی خدمات انجام دیں۔

دریں اثنا پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے رشید جونیئر کے انتقال پر تعزیت کی۔

ایک تعزیتی پیغام میں پی ایچ ایف کے صدر ریٹائرڈ بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر نے کھیل کے لیے رشید اور ان کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جب وہ اسپتال میں تھے تو نہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور نہ ہی حکومت نے ان کی کسی بھی قسم کی دیکھ بھال کی۔

دریں اثنا پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ ریٹائرڈ سید عارف حسن نے مرحوم کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

بدھ کی سہ پہر کو رشید جونیئر کی نماز جنازہ بنوں ترنگ قبرستان میں ادا کی گئی اور انہیں آبائی گاؤں کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024