• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بھارت: اینکر ارنب گوسوامی 14 روزہ عدالتی تحویل میں 'قرنطینہ مرکز' منتقل

شائع November 6, 2020
ارنب گوسوامی کے وکیل نے  علی باغ عدالت میں ان کی درخواست ضمانت بھی دائر کی ہے— فوٹو: این ڈی ٹی وی
ارنب گوسوامی کے وکیل نے علی باغ عدالت میں ان کی درخواست ضمانت بھی دائر کی ہے— فوٹو: این ڈی ٹی وی

خود کشی پر اکسانے کے مقدمے میں گرفتار بھارتی ٹیلی ویژن کے جارح مزاج نیوز اینکر ارنب گوسوامی کو 14 روزہ عدالتی تحویل میں عارضی قرنطینہ مرکز منتقل کردیا گیا جس کے بعد انہیں جیل بھیجا جائے گا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق علی باغ کی مجسٹریٹ کورٹ میں پیش ہونے کے بعد 2 روز قبل ارنب گوسوامی کے ریمانڈ کی درخواست پر 6 سے زائد گھنٹے تک سماعت ہوئی تھی اور عدالت نے انہیں 14 روز کے لیے عدالتی تحویل میں بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

سماعت کے فوراً بعد ارنب گوسوامی کو علی باغ پولیس اسٹیشن لے جایا گیا تھا جہاں سے انہیں ایک منزلہ میونسپل اسکول منتقل کیا گیا، اس اسکول کو رائے گڑھ میں علی باغ جیل کے قیدیوں کے لیے عارضی کووڈ-19 قرنطینہ مرکز بنایا گیا ہے۔

انہیں ایک منزلہ میونسپل اسکول منتقل کیا گیا—فوٹو: انڈین ایکسپریس
انہیں ایک منزلہ میونسپل اسکول منتقل کیا گیا—فوٹو: انڈین ایکسپریس

علی باغ میونسپل کونسل پرائمری اسکول پولیس اسٹیشن سے 15 منٹ کی مسافت پر واقع ہے، جہاں کئی پولیس اہلکار موجود ہیں تاہم باہر کے لوگوں کے داخلے پر پابندی ہے۔

مزید پڑھیں: معروف بھارتی اینکر ارنب گوسوامی گرفتار

ایک افسر نے کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے گرفتار ہونے والے ہر نئے فرد کو ابتدائی طور پر جیل بھیجنے سے قبل اسکول میں قرنطینہ کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ارنب گوسوامی کو مزید 2 ملزمان کے ساتھ کم از کم 6 نومبر تک قرنطینہ مرکز میں رہنا ہے، جب تک بومبے ہائی کورٹ کی جانب سے ان کی درخواست ضمانت پر سماعت نہیں کی جاتی۔

گزشتہ روز ارنب گوسوامی کے وکیل نے انہیں عدالتی تحویل میں بھیجے جانے کے بعد علی باغ عدالت میں ان کی درخواست ضمانت دائر کی تھی۔

دوسری جانب علی باغ پولیس نے مجسٹریٹ کورٹ کے ارنب گوسوامی اور دیگر ملزمان کے ریمانڈ کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ بھی چیلنج کیا ہے۔

ارنب گوسوامی کو 4 نومبر کو گرفتار کیا گیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
ارنب گوسوامی کو 4 نومبر کو گرفتار کیا گیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

خیال رہے کہ 4 نومبر کو ممبئی پولیس کے سینئر افسر سنجے موہت نے کہا تھا کہ ریپبلک ٹی وی کے بانی ارنب گوسوامی کے خلاف مقدمہ ایک انٹیریئر ڈیزائنر انوے نائیک اور ان کی ماں کی موت سے منسلک ہے جسے پولیس نے خود کشی قرار دیا تھا۔

انوے نائیک کا لکھا ہوا خود کشی کا جو نوٹ پولیس کو ملا اس میں تحریر تھا کہ وہ اپنی زندگی کا خاتمہ اس لیے کررہے ہیں کیوں کہ ارنب گوسوامی اور دیگر افراد نے ان سے بھاری رقم لے رکھی ہے جسے واپس کرنے سے انکاری ہیں تاہم اینکر نے اس الزام کی تردید کی۔

خیال رہے کہ ارنب گوسوامی اپنے شوز میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی قوم پرست پالیسی کی شدت سے حمایت کرتے ہیں اور اکثر حریفوں پر چیختے چلاتے نظر آتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024