• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ملک میں کورونا کے مزید 1688 کیسز سامنے آگئے، اموات 6980 ہوگئیں

شائع November 9, 2020
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  464 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے — فائل فوٹو / اے پی
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 464 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے — فائل فوٹو / اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے مختلف پابندیاں بھی عائد کردی گئی ہیں۔

ان پابندیوں میں 20 نومبر سے مختلف مقامات پر شادیوں کے انعقاد پر پابندی لگا دی گئی ہے جبکہ ماسک نہ پہننے والوں کو 100 روپے جرمانہ کیا جائے گا اور 3 ماسک فراہم کیے جائیں گے۔

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 45 ہزار 504 ہے جس میں سے 3 لاکھ 18 ہزار 881 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ انتقال کرجانے والے مریضوں کی تعداد 6 ہزار 980 ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میں ملک میں مزید 1688 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 7 مریض دم توڑ گئے تاہم 464 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 19 ہزار 643 ہے۔

ان کیسز میں خیبر پختونخوا کے 260 اور بلوچستان کے 51 کیسز بھی شامل ہیں جو گزشتہ روز سامنے آئے لیکن ان کا شمار آج کیا گیا۔

ملک میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد اسکولوں کی بندش سمیت بتدریج مختلف پابندیاں عائد کی گئی تھیں جس کا عروج پورے ملک میں لاک ڈاؤن کا نفاذ تھا۔

تاہم معاشی توازن بگڑنے کے پیشِ نظر اپریل سے ہی مرحلہ وار کچھ معاشی شعبے کھولنے کا آغاز کردیا گیا تھا اور مئی میں رمضان المبارک اور عید الفطر کے پیش نظر بڑی حد تک معاشی سرگرمیاں بحال ہوگئی تھیں۔

پابندیوں میں نرمی کے باعث وائرس کے پھیلاؤ کے لیے سب سے خطرناک مہینہ جون ثابت ہوا تاہم جولائی سے ستمبر تک صورتحال بہتر ہوتی چلی گئی اور اکتوبر سے دوبارہ یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز میں معمولی اضافہ ہونا شروع ہوا جو نومبر میں مزید بڑھ گیا ہے۔

آج 9 نومبر کو ملک میں وبا کی مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 665 نئے کیسز سامنے آنے اور 3 اموات کی تصدیق کی۔

ان نئے کیسز میں سے 75 فیصد کراچی میں سامنے آئے جہاں 503 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

اس اضافے کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار 834 اور اموات 2 ہزار 687 ہوگئی ہیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 345 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 922 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس سے مزید ایک مریض دم توڑ گیا جس کے بعد پنجاب میں اموات کی تعداد 2 ہزار 408 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 304 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 21 ہزار 861 ہوگئی۔

دارالحکومت میں کورونا سے مزید 3 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 241 ہوگئی ہیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 55 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 4 ہزار 758 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 109 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 8 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 366 ہوگئی۔

وادی میں اموات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور جاں بحق مریضوں کی تعداد 93 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 464 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 18 ہزار 881 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 345504

اموات: 6980

صحتیاب: 318881

فعال کیسز: 19643

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار 834 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 922 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 40 ہزار 657 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار 106 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 21 ہزار 861، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 366 اور آزاد کشمیر میں 4 ہزار 758 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2687

پنجاب: 2408

خیبرپختونخوا: 1288

بلوچستان: 154

اسلام آباد: 241

آزاد کشمیر: 109

گلگت بلتستان: 93

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024