• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بھارتی ٹوئٹر صارفین احد رضا میر کو حقیقی فوجی افسر سمجھ بیٹھے

شائع November 14, 2020
بھارتی صارفین نے دعویٰ کیا کہ احد رضا میر پاک فوج میں کپتان ہیں—اسکرین شاٹ
بھارتی صارفین نے دعویٰ کیا کہ احد رضا میر پاک فوج میں کپتان ہیں—اسکرین شاٹ

پاک فوج پر بنائے گئے پاکستانی ڈرامے اتنے مقبول ہوتے ہیں کہ آج تک لوگ انہیں نہیں بھول پائے اور ڈراموں میں فوجی افسران کے کردار ادا کرنے والے اداکاروں کو لوگ حقیقی فوجی افسر سمجھ بیٹھتے ہیں۔

ایسی ہی غلطی بھارتی ٹوئٹر صارفین نے بھی کی اور وہ نوجوان اداکار احد رضا میر کو بھی حقیقی فوجی افسر سمجھ بیٹھے۔

بھارتی صارفین نے 13 نومبر کو ٹوئٹر پر احد رضا میر کے گزشتہ سال کے مقبول فوجی ڈرامے عہد وفا کی ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ پاکستانی فوج کے حقیقی افسر ہیں۔

احد رضا میر کی فوجی ڈریس کی تصاویر کو بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے شیئر کرتے ہوئے انہیں پاک فوج کا کپتان صابر خان لکھا اور دعویٰ کیا کہ بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں اشتعال انگیزی کرکے پاکستانی فوج کے کپتان کو شہید کردیا۔

سب سے پہلے وکرانت سنگھ نامی ٹوئٹر صارف نے احد رضا میر کے ڈرامے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں پاک فوج کا کپتان قرار دیا۔

سب سے پہلے وکرانت سنگھ نے احد رضا میر کی تصویر شیئر کی—اسکرین شاٹ
سب سے پہلے وکرانت سنگھ نے احد رضا میر کی تصویر شیئر کی—اسکرین شاٹ

وکرانت سنگھ کی جانب سے مذکورہ ٹوئٹ کیے جانے کے بعد اگرچہ بعض بھارتی صارفین نے بھی احد رضا میر کی مذکورہ تصویر کو ٹوئٹ کرتےہوئے شیئر کیا مگر پھر پاکستانی صارفین نے انہیں سچ بتایا کہ دراصل وہ ایک ڈرامے کا کردار ہے۔

ساتھ ہی پاکستانی ٹوئٹر صارفین نے بھارتی صارفین کو یاد دلایا کہ ان کی فوج صرف فلموں اور ڈراموں میں ہی دلیر ہوتی ہے، حقیقت میں وہ کچھ نہیں کرسکتی۔

بعض صارفین نے بولی وڈ فلموں میں بھارتی فوجیوں کے کردار ادا کرنے والے اداکاروں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بھارتیوں کو جواب دیاکہ فائرنگ میں چار بھارتی کپتان بھی مارے گئے۔

ایک صارف نے بھارتی صارفین کو مزاحیہ جواب دیتے ہوئے لکھا کہ کپتان صابر کی شہادت کے بعد ہم نے بستی ملوک سے کپتان گلزار کو شہید صابر خان کا بدلہ لینے کے لیے بھیج دیا ہے۔

تاہم کئی پاکستانی صارفین نے بھارتی صارفین کی ٹوئٹ پر مزاحیہ ٹوئٹس بھی کیں اور احد رضا میر کی سجل علی سمیت دیگر خواتین کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جی ہاں، اب بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستانی فوج کپتان جنت میں حوروں کے ساتھ لمحات گزار رہے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارتی فوج نے 13 نومبر کو آزاد کشمیر کے علاقے وادی نیلم میں اشتعال انگیزی کی تھی۔

بھارتی اشتعال انگیزی کے حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان میں بتایا گیا تھا کہ بھارتی فوج نے وادی نیلم (نیکرون، کیل، شاردا، دُودھنیال، شاہ کوٹ، جوڑا، نوسری سیکٹرز)، وادی لیپا (دانا، مندل اور کیانی سیکٹرز) سمیت وادی جہلم (چَھم اور پانڈو سیکٹرز) اور وادی باغ (پِرکانتھی، سانکھ، حاجی پیر، بیدوری اور کیلر سیکٹرز) کو نشانہ بنایا۔

بیان میں بتایا گیا تھا کہ اس بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری میں بھارتی فوج نے خود کو پاک فوج کی پوسٹوں تک محدود نہیں رکھا اور تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں اور انسانی حقوق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایاْ۔

بھارتی فوج کی اس اشتعال انگیزی سے 4 افراد شہید اور 12 زخمی ہوگئے، بعد ازاں مقامی حکام کی جانب سے اموات کی تعداد میں ایک اور اضافے کا بتایا گیا۔

پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا گیا اور معصوم شہریوں کو ہدف بنانے والی بھارتی پوسٹوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس سے بھارتی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان ہوا جس کا بھارتی میڈیا نے بھی اعتراف کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024