• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سندھ: تجارتی مراکز کے اوقات کار میں 2 گھنٹے کا اضافہ، رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت

شائع November 26, 2020 اپ ڈیٹ November 27, 2020
مرتضیٰ وہاب نے زور دیا کہ دکاندار اور خریدار ماسک پہننے کو یقینی بنائیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
مرتضیٰ وہاب نے زور دیا کہ دکاندار اور خریدار ماسک پہننے کو یقینی بنائیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

حکومت سندھ نے کورونا وائرس سے پیش نظر شاپنگ مالز اور مارکیٹوں کے اوقات کار میں 2 گھنٹے کا اضافہ کردیا جس کے بعد تجارتی مراکز صبح 6 بجے سے شام 8 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

24 نومبر کو حکومت کی جانب سے مسلسل وائرس کی دوسری لہر کے حوالے سے متنبہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ کاروباری مراکز اور مارکیٹوں کے اوقات کار صبح 6 بجے سے شام 6 بجے ہوں گے جبکہ ہفتہ اور اتوار بند رہیں گے۔

حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹ میں کہا کہ 'سندھ میں مارکٹیں رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی'۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: سندھ میں مزارات، سینما اور جمز بند، کاروبار کے اوقات شام 6 بجے تک

انہوں نے مزید کہا کہ 'امید کی جاتی ہے کہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز، شاپ مالکان اور شہری وبا سے متعلق ایس او پیز پر عمل کریں گے'۔

مرتضیٰ وہاب نے زور دیا کہ دکاندار اور خریدار دونوں ماسک پہننے کو یقینی بنائیں۔

دوسری جانب ضلع وسطی میں حکام نے کووڈ 19 کے بڑھتے ہوئے کیسز پر قابو پانے کے لیے متعدد گلیوں اور علاقوں میں مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔

ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر سینٹرل کی سفارشات پر 26 نومبر سے 10 دسمبر تک گلیوں اور گھروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق مذکورہ اسمارٹ لاک ڈاؤن ایف بی ایریا کے بلاک 1، 8، 7، 12، 3 میں لگایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے تمام تعلیمی ادارے 26 نومبر سے بند کرنے کا فیصلہ

کیسز میں اضافے کے پیش نظر وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے ملک بھر میں ہر قسم کے تعلیمی ادارے 26 نومبر سے دوبارہ بند کرنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

حکومت سندھ نے بھی عوامی مقامات پر لوگوں کے ہجوم کو کم رکھنے کے لیے دوبارہ متعدد پابندیاں عائد کردی ہیں جو کہ درج ذیل ہیں:

  • تمام سرکاری یا نجی دفاتر اور عوامی مقامات پر ماسک پہننے پر سختی سے عمل کروایا جائے گا، ماسک نہ پہننے کی صورت میں جرمانہ کیا جائے گا۔

  • شادی کی اِن ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی، شادی کی آؤٹ ڈور تقریب میں زیادہ سے زیادہ 200 افراد کو شرکت کرنے کی اجات ہوگی جو رات 9 بجے تک جاری رہ سکتی ہے، جبکہ تقریب کے دوران بوفے سروس کی اجازت نہیں ہوگی اور کھانا ڈبوں میں دینا ہوگا۔

  • تمام سرکاری و نجی دفاتر میں نصف عملے کے گھروں سے کام کرنے کی پالیسی پر عمل کیا جائے۔

  • وائرس کے ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں نسبتاً وسیع اسمارٹ لاک ڈاؤن لگائے جائیں گے جس کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز احکامات دیں گے۔

  • تمام اجتماعات کے انِ ڈور مقامات، کاروباری مراکز میں انِڈور جمز، کھیلوں کی اِنڈور سہولیات، سینما اور تھیٹر کے علاوہ مزارات بند کردیے جائیں۔

  • ضروری خدمات کے علاوہ تمام کاروباری مراکز جمعہ اور اتوار کو بند رکھے جائیں۔

  • ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے تک صرف آؤٹ ڈور بٹھا کر کھلانے، کھانا خرید کر لے جانے یا گھروں پر منگوانے کی اجازت ہوگی۔

مذکورہ احکامات 23 نومبر کو جاری کیے گئے جو فوری طور پر نافذالعمل ہوں گے اور ان کا نفاذ 31 جنوری 2021 تک جاری رہے گا جن پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024