• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

اپوزیشن یہی سیاست کرتی رہی تو عمران خان اگلے انتخابات بھی جیتیں گے، شیخ رشید

شائع December 11, 2020
شیخ رشید نے کہا کہ اس ملک کو سرحدوں سے نہیں اندر سے خطرہ ہے — فوٹو: ڈان نیوز
شیخ رشید نے کہا کہ اس ملک کو سرحدوں سے نہیں اندر سے خطرہ ہے — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) چوں چوں کا مربہ ہے اور یہ اسی طرح کی سیاست کرتے رہے تو عمران خان اگلے انتخابات بھی جیتیں گے۔

اسلام آباد میں بطور وزیر داخلہ پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 'ان کو لگتا ہے کہ جلسوں سے کچھ ہوگا عمران خان کہیں نہیں جارہے، یہ سیاستدان گلی گلی، کوچے کوچے جارہے ہیں، عمران خان کو اللہ نے عزت دی وہ مینار پاکستان سے اوپر گئے اپوزیشن مینار پاکستان سے نیچے جائے گی'۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن شوق سے اسلام آباد آئے، ہم نے بھی یہاں 126 دن کا دھرنا دیا تھا لیکن کچھ نہیں نکلا، ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام ہوں گی اور ملک میں قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کو سرحدوں سے نہیں اندر سے خطرہ ہے، ملک میں غیر ملکی فنڈنگ کی جارہی ہے تاکہ ملک میں اندر سے انتشار پھیلایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں، شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنا دیا گیا

شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ لوگ سچائی کی سیاست میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں، یہ کہتے ہیں عمران خان سے بات نہیں ہوسکتی تو دل کے اندر کی بات باہر لائیں کہ پھر کس سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم چوں چوں کا مربہ ہے، یہ صرف لوٹی ہوئی دولت بچانا چاہتے ہیں اور کیسز سے نجات چاہتے ہیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ 13 دسمبر کے بعد عمران خان کے لیے خوشخبریاں ہیں، حکومت کے لیے بہتری اور ان کے لیے ناکامی ہے، جبکہ یہ اسی طرح کی سیاست کرتے رہے تو عمران خان اگلے انتخابات بھی جیتیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم نے وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے کچھ وزرا کے قلمدانوں میں ردو بدل کیا اور شیخ رشید احمد کو وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدان سونپ دیا۔

آج وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھانے والے ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کو وفاقی وزیر خزانہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ان مذاکرات کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی جس میں حکومت شامل نہ ہو، شیخ رشید

وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چند وفاقی وزرا کے قلمدانوں میں تبدیلی کی منظوری دی ہے جن کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

ان کے علاوہ جن وزرا کے قلمدان میں تبدیلیاں کی گئی ہیں ان میں موجودہ وزیر برائے انسداد منشیات اعظم سواتی کو وزیر ریلوے اور موجودہ وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کو وزیر انسداد منشیات کا عہدہ تفویض کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024