• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک روز میں مزید 82 اموات

شائع December 22, 2020
ملک میں اموات میں اضافہ دیکھا گیا ہے—فائل فوٹو: اے پی پی
ملک میں اموات میں اضافہ دیکھا گیا ہے—فائل فوٹو: اے پی پی

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، تاہم گزشتہ 2 روز میں یومیہ کیسز کی تعداد میں گزشتہ اعداد و شمار کے مقابلے میں کمی دیکھی گئی ہے لیکن اموات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 34 ہزار 594 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے ایک ہزار 704 کے نتائج مثبت آئے جبکہ 82 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے تاہم خوش آئند بات یہ رہی کہ مزید ایک ہزار 852 مریض صحتیاب ہوگئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 2 روز سے کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد کم دیکھی گئی ہے۔

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 4 لاکھ 60 ہزار 672 ہوگئی جس میں سے 4 لاکھ 10 ہزار 937 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 9 ہزار 474 کا انتقال ہوا ہے جبکہ فعال کیسز کی مجموعی تعداد 40 ہزار 261 ہے۔

اگر اس وائرس کی بات کریں تو چین میں گزشتہ برس دسمبر سے شروع ہونے والی اس وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو پاکستان میں رپورٹ ہوا تھا۔

جس کے بعد ابتدائی ایک مہینے تک اس وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی نہیں دیکھی گئی تھی تاہم اپریل سے جون تک اس وائرس میں تیزی آئی اور جون کے مہینے میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئیں۔

تاہم پھر جولائی کے آخر میں اس وبا کے پھیلاؤ میں کمی دیکھنے میں آئی تھی اور صورتحال کافی حد تک معمول کے مطابق ہوگئی تھی۔

جس کے بعد ستمبر کے وسط میں ایک مرتبہ پھر کیسز میں کچھ اضافہ شروع ہوا جو اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی صورت اختیار کرگیا اور اب دسمبر میں بھی یہی سلسلہ جاری ہے۔

آج 22 دسمبر کو صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید 644 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 2 لاکھ 5 ہزار 484 تک پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ مسلسل دوسرے روز سندھ میں کیسز کی تعداد ہزار سے کم ریکارڈ ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں اس عالمی وبا کے باعث ایک روز میں 19 اموات ہوئیں اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 352 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 593 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 526 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 50 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 688 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 267 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 55 ہزار 450 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 7 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 553 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 24 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 950 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور یوں مجموعی اموات کی تعداد 179 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 159 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 36 ہزار 416 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 2 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 393 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 13 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 15 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 4 مریض زندگی کی بازی ہار گئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 210 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 4 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 831 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں کوئی موت واقع نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 99 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 852 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 10 ہزار 937 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 460672

صحتیاب: 410937

اموات: 9474

فعال کیسز: 40261

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 5 ہزار 484 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 526 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 55 ہزار 450 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 950 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 36 ہزار 416 ، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 15 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 831 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3352

پنجاب:3688

خیبرپختونخوا: 1553

بلوچستان: 179

اسلام آباد: 393

آزاد کشمیر: 210

گلگت بلتستان:99

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024