'بوم بوم' اور 'نہ ٹُٹیا وے' کے بعد میشا شفیع کا 'سکل بن' بھی مقبول
حال ہی میں ویلو میوزک اسٹیشن اور کوک اسٹوڈیو 2020 میں منفرد انداز میں گانے جاری کرنے والی گلوکارہ میشا شفیع نے ایک اور شاندار گانا جاری کردیا۔
میشا شفیع نے ویلو میوزک اسٹیشن کے 'بوم بوم' اور کوک اسٹوڈیو 2020 کے 'نہ ٹُٹیا وے' کے بعد اب 'سکل بن' گانا جاری کردیا۔
'سکل بن' کی شاعری معروف صوفی شاعر امیر خسرو کی ہے، جسے انہوں نے منفرد صوفیانہ و جدید انداز میں گاکر سب کے دل جیت لیے۔
'سکل بن پھول رہی سرسوں' میں جہاں میشا شفیع نے آواز کا جادو جگایا ہے، وہیں انہوں نے اس میں صوفیانہ انداز میں پرفارمنس بھی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میشا شفیع کے 'نہ ٹُٹیا وے' کے چرچے
'سکل بن' کو مغل فنک پروڈکشن کمپنی نے ریلیز اور پروڈیوس کیا ہے اور اس گانے کو 25 دسمبر کو ریلیز کیا گیا۔
گانے کی ریلیز سے قبل میشا شفیع نے انسٹاگرام پر اس کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ کافی عرصے بعد صوفی گائیکی میں واپسی کر رہی ہیں اور انہیں اچھا لگ رہا ہے۔
انہوں نے 'سکل بن' کی ویڈیو بنانے میں مدد کرنے پر فلم ساز عمر ریاض سمیت صوبیہ فاروق اور دیگر شخصیات کا شکریہ بھی ادا کیا۔
'سکل بن' سے قبل رواں ماہ 4 دسمبر کو کوک اسٹوڈیو 2020 کی پہلی قسط میں میشا شفیع کا دیگر خواتین گلوکاروں کے ساتھ 'نہ ٹُٹیا وے' ریلیز کیا گیا تھا، جسے کافی سراہا گیا۔
اسی دن ہی ویلو میوزک اسٹیشن کے تحت میشا شفیع کا گانا 'بوم بوم' جاری کیا گیا تھا۔
'بوم بوم' معروف گلوکارہ نازیہ حسن کا 1980 کی دہائی میں گایا جانے والا گیت تھا، جسے میشا شفیع نے نئے انداز میں گاکر نئی نسل کی توجہ حاصل کی۔
حالیہ چند دنوں میں میشا شفیع کی جانب سے ایک کے بعد ایک بہتر گانا دیے جانے پر ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔