• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کورونا جیسی آفت پر بنی فلم ’کونٹیجن‘ کا سیکوئل ریلیز کرنے کا اعلان

شائع December 31, 2020
کونٹیجن میں ایسے ہی حالات دکھائے گئے تھے جو کورونا کے بعد دنیا میں دیکھے گئے—اسکرین شاٹ
کونٹیجن میں ایسے ہی حالات دکھائے گئے تھے جو کورونا کے بعد دنیا میں دیکھے گئے—اسکرین شاٹ

سال 2020 کے آغاز میں کورونا کی وبا امریکا سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں پہنچنے کے بعد ہولی وڈ کی ایک پرانی فلم ’کونٹیجن‘ بہت مقبول ہوئی تھی۔

’کونٹیجن‘ فلم کو 2011 میں ریلیز کیا گیا تھا اور مذکورہ فلم نے اس وقت کوئی خاص توجہ حاصل نہیں کی تھی لیکن دسمبر 2019 میں چین سے شروع ہونے والی کورونا کی وبا کے بعد اس نے خوب پذیرائی حاصل کی تھی۔

دراصل ’کونٹیجن‘میں بھی کورونا جیسی ایک وبا کو دکھایا گیا تھا جو ایشیائی ملک ہانک کانگ سے ابتدائی طو پر امریکا اور بعد ازاں دیگر ممالک میں پھیلتی ہے۔

مذکورہ فلم کا آغاز ایک خاتون سے ہوتا ہے جو ہانگ کانگ سے واپس مینیسوٹا ایک عجیب بیماری کے ساتھ واپس لوٹتی ہیں، چند دنوں میں اس کی موت ہوجاتی ہے، جس کے بعد اس کے شوہر اور دیگر میں وہی علامات ظاہر ہوتی ہیں بلکہ دنیا بھر میں وبا پھیل جاتی ہے۔

فلم میں بدترین منظرنامے کی دہلا دینے والی جھلک دکھائی گئی ہے کہ کس طرح کسی بھی وبا کے آنے سے تشویش پھیلتی ہے اور معاشرتی زندگی کیسے متاثر ہوتی ہے۔

9 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم میں ایم ای وی ایک نامی وائرس کو دکھایا گیا تھا جس کا آغاز ایشیا سے ہوتا ہے اور آسانی سے کسی آلودہ چیز کو چھونے سے منتقل ہوجاتا ہے (اس کو دیکھنے کے بعد آپ کو ہوسکتا ہے کہ دروازے کی ناب سے بھی خوف محسوس ہو) اور اس کی پہلی علامت کھانسی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے 9 سال پرانی فلم کی مقبولیت میں اضافہ

فلم میں دکھائی گئی وبا بلکل اسی طرح تھی، جیسے چین سے شروع ہونے والی کورونا کی وبا تھی اور اس کی پہلی علامات میں بھی کھانسی شامل ہے۔

فلم میں بہت زیادہ حد تک کورونا سے ملتی جلتی وبا دکھائے جانے پر اس کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا تھا اور اب مذکورہ فلم کے ہدایت کار نے تصدیق کی ہے کہ اس کا سیکوئل بنایا جا رہا ہے۔

فلم میں ہانگ کانگ سے کسی بیماری کو پھیلتے ہوئے دکھایا گیا تھا، کورونا چین سے پھیلا—اسکرین شات
فلم میں ہانگ کانگ سے کسی بیماری کو پھیلتے ہوئے دکھایا گیا تھا، کورونا چین سے پھیلا—اسکرین شات

معروف پیپلز میگزین کے مطابق ’کونٹیجن‘ کے آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کاراسٹیون سودربرگ نے ایک پوڈکاسٹ شو میں تصدیق کی کہ وہ فلم کے سیکوئل پر کام کریں گے۔

اسٹیون سودربرگ کے مطابق انہوں نے پہلی فلم کی کہانی لکھنے والے اسکاٹ زی برن سے فلم کا سیکوئل بنانے کے حوالے سے پہلے ہی بات چیت کی تھی اور اب وہ ’کونٹیجن‘ کا سیکوئل بنانے پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’کونٹیجن‘ کے سیکوئل کی کہانی پہلی فلم سے مختلف ہوگی تاہم نئی فلم میں بھی پہلی کی طرح دنیا میں پیدا ہونے والے مسائل، بحرانوں اور بیماریوں پر بحث کی جائے گی۔

اگرچہ انہوں نے فلم کے سیکوئل بنانے جانے کی تصدیق کی تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا۔

انہوں نے فلم کی کاسٹ کے حوالے سے بھی کوئی وضاحت نہیں کی تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ نئی فلم کی کاسٹ بھی نئی ہوگی اور سیکوئل فلم میں سائنسی تحقیق کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ سیکوئل فلم کو 2020 کے وسط یا اختتام تک ریلیز کیا جائے گا تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024