• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ندیم افضل چن، وزیراعظم کی ترجمانی سے مستعفی

شائع January 14, 2021
ندیم افضل چن اپریل 2018 میں پی ٹی آئی کا حصہ بنے تھے—تصویر: فیس بک
ندیم افضل چن اپریل 2018 میں پی ٹی آئی کا حصہ بنے تھے—تصویر: فیس بک

اسلام آباد: بلوچستان کے علاقے مچھ میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کان کنوں کے بہیمانہ قتل پر ایک 'معنی خیز' ٹوئٹ کرنے کے 4 روز بعد وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے وزیراعظم کے ترجمان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے'۔

ان کے مستعفی ہونے سے ایک روز قبل کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں کی مخالفت کرنے والوں سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یا تو انہیں قبول کریں یا استعفیٰ دے دیں۔

یہ بھی پڑھیں: ندیم افضل چن کی پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت

اس حوالے سے ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے ایک معاون خصوصی نے بتایا کہ وزیراعظم کا نقطہ نظر یہ تھا کہ کابینہ کے اجلاس میں تفصیلی بات چیت کے بعد کچھ اراکین کی جانب سے اتفاق رائے سے کیے گئے فیصلوں کی مخالفت کی کوئی منطقق نہیں بنتی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم کی جانب سے کان کنوں کے قتل کے حوالے سے دیے ایک بیان پر سخت تنقید ہونے کے بعد ندیم افضل چن نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ 'اے بےیار و مددگار معصوم مزدوروں کی لاشوں، میں شرمندہ ہوں'۔

اس ٹوئٹ کے بعد جب ان سے رابطہ کیا گیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ 'ان کے ضمیر کی آواز تھی' اور انہوں نے وزیراعظم کو مقتول کان کنوں کے لواحقین سے ملاقات کے لیے فوری طور پر کوئٹہ جانے کا مشورہ دیا تھا۔

خیال رہے کہ ندیم افضل نے اپریل 2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی اس سے قبل وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنما تصور کیے جاتے تھے اور میڈیا میں پی پی پی کے دفاع کے لیے خاصے متحرک رہتے تھے۔

مزید پڑھیں: ندیم افضل گوندل وزیراعظم عمران خان کے ترجمان مقرر

ان کا سیاسی سفر 2001 میں ملکوال کے تحصیل ناظم کی حیثیت سے شروع ہوا اور 2008 کے عام انتخابات میں سرگودھا سے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

اکتوبر 2017 میں انہوں نے پی پی پی پنجاب کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے استعفیٰ دیا اور بعدازاں اپریل 2018 میں پارٹی کو خیرباد کہہ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

بعدازاں 15 جنوری 2019 کو وزیراعظم عمران خان نے ندیم افضل چن کو اپنا سرکاری ترجمان مقرر کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024