• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کوالالمپور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا مسافر طیارہ روک لیا گیا

شائع January 15, 2021
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ طیارے میں سوار مسافروں کی دیکھ بھال کی جارہی ہے —فائل فوٹو: اے ایف پی
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ طیارے میں سوار مسافروں کی دیکھ بھال کی جارہی ہے —فائل فوٹو: اے ایف پی

ملائیشیا کی ایک مقامی عدالت کے حکم پر کوالالمپور ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا مسافر طیارہ بوئنگ 777 روک لیا گیا۔

ترجمان پی آئی اے کے جاری کردہ بیان کے مطابق پی آئی اے اور ایک دوسرے فریق کے مابین برطانیہ کی عدالت میں قانونی تنازع زیر التوا ہے جس کے تناظر میں ملائیشیا کی مقامی عدالت کے دیے گئے یک طرفہ حکم پر طیارے کو روکا گیا۔

بیان میں ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ طیارے میں سوار مسافروں کی دیکھ بھال کی جارہی ہے اور ان کے سفر کے متبادل انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چار ایئر لائنز کا پی آئی اے کو طیارے دینے سے انکار

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ صورتحال ناقابل قبول ہے اور پی آئی اے حکومت پاکستان کے تعاون سے یہ معاملہ سفارتی ذرائع سے اٹھانے میں مصروف ہے۔

رپورٹس کے مطابق بی ایم ایچ رجسٹریشن کا حامل بوئنگ طیارہ لیز کمپنی کو ادائیگی نہ ہونے کے باعث روکا گیا۔

مذکورہ طیارے کی قابل ادا رقم کی مالیت مبینہ طور پر 14 ملین ڈالرز ہے اور اس ضمن میں لندن کی عدالت میں معاملہ ثالثی کے مراحل میں ہے۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کے لیے 8 طیارے لیز پر لینے کا فیصلہ

ثالثی کے باوجود لیز کمپنی نے ملائیشیا کی مقامی عدالت سے طیارہ روکے جانے کا حکم نامہ جاری کرایا اور عدالتی حکم پر طیارے کو ٹیک آف سے قبل روک دیا گیا۔

ڈان ڈاٹ کام کے رابطہ کرنے پر قانونی تنازع کے حوالے سے ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 'پیریگیرن پارٹی اور ہمارے درمیان ادائیگی کا تنازع ہے' جو 6 ماہ قبل برطانیہ کی عدالت میں دائر کیا گیا تھا۔

تاہم انہوں نے تنازع کی مزید تفصیلات بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کی عدالت نے یکطرفہ فیصلہ سنایا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ملائیشیا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ نے ڈان نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو میں بتایا کہ ملایا کورٹ، کوالالمپور کے فیصلے کے تحت ملائیشین حکام نے پی آئی اے طیارہ تحویل میں لیا۔

انہوں نے کہا کہ طیارے کے معاملے پر ہائی کمیشن اور پی آئی اے حکام مسلسل ملائیشین حکام سے رابطے میں ہیں، معاملہ قانونی ہے اس لیے پی آئی اے کے قانونی ماہرین ہی اسے دیکھیں گے جبکہ ہائی کمیشن، پی آئی اے اور قانونی ماہرین کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گا۔

مسافروں کے سفر کا متبادل انتظام کرلیا گیا، ترجمان دفتر خارجہ

ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ روکے جانے سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بتایا کہ ملائیشیا میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے پی آئی اے اور ملائیشین حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔

ایک بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسافروں کی مناسب دیکھ بھال کی جارہی ہے اور ان کے لیے پاکستان کے سفر کے متبادل انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ مسافر آج رات کوالالمپور سے امارات ایئرلائن کی پرواز ای کے 343 کے ذریعے پاکستان آئیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024