• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

داعش کی مالی معاونت کے الزام میں این ای ڈی یونیورسٹی کا طالبعلم گرفتار

شائع January 18, 2021
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد حامد کراچی میں راجہ عمر خطاب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد حامد کراچی میں راجہ عمر خطاب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز

پولیس کے کاؤنٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) کی جانب سے دہشت گرد تنظیم داعش کو مالی معاونت فراہم کرنے والے این ای ڈی یونیورسٹی کے طالبعلم کو گرفتار کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

کراچی میں سی ٹی ڈی کے عہدیدار راجہ عمر خطاب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد حامد نے کہا کہ عمر خطاب کی سربراہی میں تحقیقات چل رہی تھیں اور سی ٹی ڈی کی تکنیکی ٹیم ان کی مدد کررہی تھی، دہشت گردوں کی مالی معاونت کے حوالے سے کی جا رہی تفتیش اب ختم ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں: افغانستان میں داعش جنوبی ایشیا کے سربراہ سمیت 3 خطرناک دہشت گرد گرفتار

انہوں نے کہا کہ کاؤنٹر ٹیراریزم ڈپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ افراد کراچی میں پیسہ جمع کر کے بٹ کوائن میں منتقل کرکے شام میں داعش کے مرکز کو بھیج رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ تفتیش میں یہ پتہ چلا کہ حافظ محمد عمر بن خالد نامی شخص اس میں ملوث تھا، سی ٹی ڈی نے پہلے اس کو 24 گھنٹے کے لیے حراست میں رکھا، پھر ہم نے اس کو رہا کر کے فون کی فارنسک کروائی اور اس فارنسک کی مدد سے منی ٹریل بنائی کہ رقم کس طرح اور کہاں منتقل ہو رہی تھی، پھر اس کو دوبارہ اس کیس میں گرفتار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کیس کی خصوصی بات دو تین چیزیں ہیں، سب سے پہلی بات تو یہ مقامی لوگ شام جہادیوں کے اہلخانہ کو پیسے بھیج رہے تھے اور جن کو بھیج رہے تھے وہ خواتین تھیں جن میڈیا میں جہادی دلہنوں کے نام سے مشہور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیسے بھیجنے کا طریقہ کار بٹ کوائن کا اپنایا گیا جو آن لائن رقم کی منتقلی کے حوالے سے ایک محفوظ کرنسی ہے، ایک عام کرنسی کے مقابلے میں جتنی بھی کرپٹو کرنسی ہیں ان کی نگرانی نہیں کی جا رہی تو جو بھی مجرم بین الاقومی سطح پر ایسی ٹرانزیکشن کرنا چاہتے ہیں جس کی کھوج نہ لگائی جا سکے، ان کے لیے کرپٹو کرنسی اور بٹ کوائن وغیرہ کی مدد سے آسانی ہو گئی ہے۔

اس موقع پر راجہ عمر خطاب نے کہا کہ جہادی خاندانوں نے وہاں اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ بنائے ہوئے ہیں جن کی مدد سے وہ لوگوں سے پیسوں کی اپیل کرتے ہیں، جو لوگ پیسے بھیجنے میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جا کر ان سے رابطہ کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: مچھ میں اغوا کے بعد 11 کان کنوں کا قتل

انہوں نے کہا کہ رابطہ کرنے کے بعد پیسے بھیجنے کے لیے راضی کرنے کے بعد مسئلہ یہ آ رہا تھا کہ یہاں جو پیسے جمع ہو رہے ہیں وہ اس ملک تک کیسے پہنچ سکیں، انہوں نے اس کا طریقہ یہ اپنایا کہ عمر بن خالد نے بھی اسی طرح سے رابطہ کیا تھا جو این ای ڈی یونیورسٹی کے آخری سال کا طالبعلم ہے، اس نے ان کے کہنے پر اپنا ایک ایزی پیسہ اکاؤنٹ بنایا اور وہاں جہادی خواتین کو بتایا۔

سی ٹی افسر نے کہاکہ یہ خواتین عطیات دینے والوں کو کہتی تھیں کہ اس اکاؤنٹ میں ایزی پیسہ کردیں، جب یہ ایزی پیسہ محمد عمر بن خالد کے پاس آتا تھا تو وہ آگے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ضیا نامی لڑکے کو ایزی پیسہ کردیتا، پھر بٹ کوائن والا اس کو ڈالر میں منتقل کرتا اور یہاں سے وہ پیسے شام چلے جاتے، شام میں جو لوگ فنڈ لیتے تھے ان کے اپنے بٹ کوائن کے اکاؤنٹ ہیں اور انہیں پاس ورڈ دکھا کر ڈالر کی شکل میں واپس پیسے مل جاتے ہیں۔

راجہ عمر خطاب نے دعویٰ کیا کہ پچھلے ایک سال میں یہ 10لاکھ سے زیادہ رقم انہیں بھجوا چکا ہے اور جو لوگ محمد عمر بن خالد کو پیسے بھیجتے تھے ان کی کھوج لگا سکتے ہیں کیونکہ ایزی پیسہ میں ضروری نہیں ہے کہ جو پیسے جمع کرانے جا رہا ہو، دکان والا اس سے اس کی آئی ڈی بھی لے، ہم اس معاملے پر بھی تفتیش کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں عمر شاہد حامد نے کہا کہ ماضی میں جو لڑکے جہادی سرگرمیوں میں ملوث ہوگئے تھے، یہ اس سے ہٹ کر ہے، یہ این ای ڈی کا نوجوان ہے جو ان مالیاتی جدتوں کا فائدہ اٹھا رہا ہے جن کی نگرانی نہیں کی جا رہی اور بین الاقوامی دہشت گردی کا پورا نظام قائم کررہا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا افغانستان سے داعش خراسان کے لیڈر کی حوالگی کا مطالبہ

انہوں نے بتایا کہ عمر بن خالد ہاتھ آ گیا ہے اور دوسرے سہولت کار کے پیچھے ہم لگے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپٹو کرنسی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں منفی اثرات نظر آ رہے ہیں، اس کے یقیناً فوائد بھی ہوں گے لیکن منفی چیز یہ ہے کہ جرائم پیشہ افراد کو ایک ایسا راستہ مل رہا ہے جس میں وہ پیسے لے سکتے ہیں اور ان کی کھوج بھی نہیں لگا جا سکتی۔

عمر شاہد حامد نے کہا کہ دہشت گردی کی مالی معاونت و مدد کرنے والوں کے خلاف حالیہ عرصے میں بڑی کارروائیاں کی گئی ہیں جس کے نتیجے میں قانونی ضوابط میں کی جا رہی مالی ٹرانزیکشنز میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور اس کے نتیجے میں اب لوگ کرپٹو کرنسی کی طرف چلے گئے ہیں اور یہ دیکھنا پڑے گا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کے لیے اس کی گرانی کیسے کی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر راجہ عمر خطاب نے کہا کہ عمر بن خالد کا ایک اور ساتھی سعد تھا، دو تین سال پہلے وہ غائب ہو گیا ہے، اس کا القاعدہ سے تعلق تھا، یہ دونوں بچپن سے ایک ساتھ رہے ہیں تو یہ اس سے بہت زیادہ متاثر تھا، 2018 میں عمر بن خالد کو پکڑا گیا تھا لیکن وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا تھا البتہ اس کے باوجود اس نے دوبارہ یہ کام شروع کردیا۔

انہوں نے کہا کہ اس نے 2018 کے اواخر سے یہ کام شروع کیا، اب یہ ہر مہینے کے حساب سے پیسے بھیج رہا تھا، شروع میں اسے نیٹ ورک بنانے میں وقت لگا لیکن بعد میں اسے مشکل نہ ہوئی۔

پاکستان میں داعش کے نیٹ ورک کی موجودگی کے حوالے سے سوال کے جواب میں عمر شاہد حامد نے کہا کہ پاکستان سنیت دنیا بھر میں داعش کا نیٹ ورک کم ہوا ہے، یہ کیس اس بات کی نشانی ہے کہ اگر وہ اس طریقے سے پیسے مانگ رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ ان کی فنڈنگ کم ہوتی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل قاتلانہ حملے میں جاں بحق

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2018 کے بعد داعش کے سندھ اور بلوچستان کے دھڑوں کو بہت نقصانات اٹھانے پڑے، ان کے سینئر کمانڈر مارے گئے یا گرفتار ہوئے اسی لیے پچھلے ڈیڑھ دو سال میں داعش کی سرگرمیوں میں بہت کمی آئی ہے اور وہ سرحد پار چلے گئے جس کے بعد یہ مسئلہ آتا ہے کہ وہ دیگر ایجنسیوں کے کام شروع کردیتے ہیں جس کے نتیجے میں مچھ جیسا واقعہ رونما ہوا۔

مولانا عادل کے کیس کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں بہت کوششیں کی گئیں، متعدد گروپوں کے لوگوں کو گرفتار کر کے ان سے تفتیش کی گئی، ابھی تک کچھ واضح نہیں ہو سکا لیکن یہ کیس ہماری ترجیحات میں شامل ہے لہٰذا ہمیں امید ہے کہ اس کیس پر ہونے والی محنت کا ہمیں ضرور پھل مل جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 11 اکتوبر کو کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم افراد نے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ان کے ڈرائیور کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024