• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پی ایس ایل 2021: رومان رئیس اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلنگ کنسلٹنٹ مقرر

شائع January 21, 2021
رومان رئیس اسلام آباد یونائیٹڈ کے قائم مقام کپتان بھی رہے ہیں — فوٹو: اسلام آباد یونائیٹڈ ٹوئٹر
رومان رئیس اسلام آباد یونائیٹڈ کے قائم مقام کپتان بھی رہے ہیں — فوٹو: اسلام آباد یونائیٹڈ ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سابق چمپیئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے فاسٹ باؤلر رومان رئیس کو رواں برس کے ایڈیشن کے لیے ٹیم کا باؤلنگ کنسلٹنٹ مقرر کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ 'رومان رئیس، پی ایس ایل 6 کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلنگ کنسلٹنٹ ہوں گے'۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ رومان رئیس نے پی ایس ایل تھری میں دو میچوں میں ٹیم کی قیادت کی اور اب تک 30 سے زائد میچ کھیلے ہیں لیکن انجری کے باعث رواں ڈومیسٹک سیزن اور پی ایس ایل 2021 سے بھی باہر ہوگئے ہیں، تاہم وہ جوہان بوتھا کی سربراہی میں کوچنگ اسٹاف میں شامل ہوں گے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ کا مصباح کو معاہدے میں توسیع نہ دینے کا اعلان

جوہان بوتھا کا کہنا تھا کہ 'متعدد اعلیٰ معیار کے امیدواروں کے انٹرویو کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ رومان رئیس کو پی ایس ایل 6 میں باؤلنگ کنسلٹنٹ کے طور پر شامل کریں'۔

ان کا کہنا تھا کہ رومان رئیس پی ایس ایل کے آغاز سے ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ ہیں اور میں نے دوسرے سیزن میں ان کے ساتھ کام کیا ہے اور وہ ٹی ٹوئنٹی طرز کے ذہین ترین باؤلرز میں سے ایک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد یونائیٹڈ میں جارحانہ رویہ اپنانا چاہتے ہیں تاکہ جدید دور کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلی جائے اور اس کے لیے رومان ہمارے تصورات پر پورا اترتے ہیں۔

بوتھا نے کہا کہ 'رومان ہماری ترجیحات کے لیے موزوں ہیں، وہ اس وقت کرکٹ کھیل رہے ہیں، جدید کرکٹ کے تقاضوں کو سمجھتے ہیں اور ہمارے نوجوان باؤلرز کو بہتر سمجھ سکتے ہیں اور ہمیں بہت خوشی ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں'۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ 'رومان رئیس، اسلام آباد یونائیٹڈ فیملی کا حصہ ہیں اور ہم ان کی انجری کی وجہ سے افسردہ تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جب جوہان بوتھا ہمارے پاس یہ منصوبہ لے کر آئے تو ہم کچھ حیران سے تھے لیکن ہیڈ کوچ کے اصرار پر ہم نے بھی روایت سے ہٹ کر فیصلہ کرنے کے لیے حامی بھر دی'۔

رومان رئیس نے نئی ذمہ داری پر کہنا تھا کہ 'یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ جوہان بوتھا اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے مجھے اس کردار کے لیے منتخب کیا اور یہ موقع دینے پر علی نقوی کا بھی شکر گزار ہوں'۔

انہوں نے کہا کہ 'گزشتہ 5 برسوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اچھے بُرے حالات میں میرا ساتھ دیا اور اب میں ان کو بھی بدلہ چکانا چاہتا ہوں'۔

فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ 'جب بوتھا نے مجھے ایک انٹرویو کا کہا تو میں حیران تھا لیکن گزشتہ ماہ ہونے والی بات کے مطابق ہم اپنے باؤلرز کو تیار کرنے کے لیے تیار ہیں'۔

رومان رئیس نے کہا کہ میں اپنے باؤلرز کی تجربات کے ساتھ رہنمائی کر سکتا ہوں اور کھلاڑیوں کا میدان اور میدان سے باہر بھی حوصلہ بڑھائیں گے۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل 2021 کا آغاز 20 فروری کو ہوگا جہاں کراچی کنگز اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024