• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستانی شوبز انڈسٹری غیر ملکی اداکار برداشت نہیں کرسکتی، شرمین عبید

شائع January 26, 2021
شرمین عبید چنائے نے کسی برانڈ کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی—فائل فوٹو: فیس بک
شرمین عبید چنائے نے کسی برانڈ کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی—فائل فوٹو: فیس بک

دو بار فلمی دنیا کا سب سے معتبر ایوارڈ ’آسکر‘ جیتنے والی فلم ساز شرمین عبید چنائے کا کہنا ہے کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری ابھی اس لائق نہیں کہ وہ غیر ملکی اداکاروں کا وزن برداشت کر سکے۔

شرمین عبید چنائے نے غیر ملکی افراد کو پاکستانی برانڈز کی تشہیر کے لیے مقرر کیے جانے پر انسٹاگرام اسٹوریز میں اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ صنعت کاری کا ایک عام اور سادہ اصول ہوتا ہے کہ حکومتیں بیرون ممالک کی چیزوں پر بھاری ٹیکس عائد کرکے مقامی چیزوں کی فروخت میں اضافہ کرکے انڈسٹری کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے قابل بناتی ہیں۔

شرمین عبید چنائے نے انسٹاگرام اسٹوریز میں لکھا کہ جب کوئی بھی انڈسٹری اپنے پاؤں پر کھڑی ہونے کے بعد مضبوط بن جاتی ہے تو بیرون ممالک سے چیزوں کی برآمد شروع کی جاتی ہے۔

انہوں نے اپنی اسٹوریز میں کسی بھی برانڈ یا ادارے کو مینشن کیے بغیر لکھا کہ جب ان کے پاس پاکستانی اداکاروں کو دینے کے لیے پیسے ہوں گے اور وہ مقامی اداکاروں کے ساتھ کام کر چکے ہوں گے، تب وہ بیرون ممالک کے اداکاروں کو بھی کام دے سکتے ہیں۔

ایوارڈ یافتہ فلم ساز کے مطابق یہ کام ہولی وڈ و بولی وڈ انڈسٹری تو کر سکتی ہے مگر پاکستانی شوبز انڈسٹری ابھی اس لائق نہیں بنی کہ وہ غیر ملکی اداکاروں کا وزن برداشت کر سکے۔

انہوں نے ایک اسٹوری میں لوگوں سے سوال بھی پوچھا کہ سال 2020 میں پاکستانی فلم انڈسٹری نے کتنی فلمیں بنائیں؟

ایک اسٹوری میں انہوں نے یہ بھی لکھا کہ کڑوا سچ یہ ہے کہ سچ ہمیشہ لوگوں کو ہضم نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرا بلگیچ کو پشاور زلمی کا سفیر بنانا مزاحیہ ہے، شرمین عبید چنائے

شرمین عبید چنائے نے اپنی اسٹوریز میں کسی بھی برانڈ کا ذکر نہیں کیا اور نہ ہی انہوں نے کسی غیر ملکی ایسے اداکار کا نام لیا، جنہیں پاکستانی برانڈز نے کام دیا ہو۔

تاہم مذکورہ پوسٹس سے تین دن قبل شرمین عبید چنائے نے ترک اداکارہ اسرا بلگیچ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کا برانڈ ایمبیسڈر بنانے کی خبروں کو مزاحیہ قرار دیا تھا۔

تین دن قبل شرمین عبید چنائے نے فیشن میگزین ہیلو پاکستان کی اسرا بلگیچ کو پشاور زلمی کی سفیر بنائے جانے سے متعلق انسٹاگرام پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے اس تجویز کو مزاحیہ قرار دیا کہ اسرا بلگیچ کو پشاور زلمی کا سفیر مقرر کیا جا رہا ہے۔

شرمین عبید چنائے نے پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ان کی نظر میں اسرا بلگیچ کو پشاور زلمی کا سفیر مقرر کرنا مزاحیہ ہے، کیوں کہ جس اداکارہ کے ملک میں کرکٹ کھیلی ہی نہیں جاتی، انہیں کیسے کرکٹ ٹیم کا سفیر مقرر کیا جا سکتا ہے؟

ساتھ ہی شرمین عبید چنائے نے سوالات اٹھائے تھے کہ برانڈ سفیر مقرر کرنے کے لیے پاکستانی اداکاراؤں میں کیا کمی ہے؟ آسکر ایوارڈ یافتہ نے دلیل دی تھی کہ اگر اسی طرح ترک اداکاروں کو مواقع دیے جاتے رہے تو پاکستانی انڈسٹری تباہی کے کنارے پر پہنچ جائے گی اور پاکستانی اداکارائیں کچھ نہیں کر پائیں گی۔

تین دن قبل شرمین عبید چنائے نے اسرا بلگیچ کو پشاور زلمی کا ممکنہ سفیر بنانے کی بھی مخالفت کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
تین دن قبل شرمین عبید چنائے نے اسرا بلگیچ کو پشاور زلمی کا ممکنہ سفیر بنانے کی بھی مخالفت کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024