• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پی ایس ایل کی ای ٹکٹنگ کیلئے معروف کمپنی سے شراکت داری

شائع February 9, 2021
پی ایس ایل کا آغاز 20 فروری کو ہوگا—فوٹو: پی سی بی
پی ایس ایل کا آغاز 20 فروری کو ہوگا—فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے معروف ای ٹکٹنگ کمپنی بک می ڈاٹ پی کے کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کا آفیشل ٹکٹنگ پارٹنر مقرر کردیا۔

پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پی ایس ایل کا آغاز 20 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی اجازت کے بعد 20 فیصد تماشائیوں کو شرکت کی اجازت ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل میں تماشائیوں کو محدود تعداد میں اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت

بیان میں کہا گیا کہ کرکٹ شائقین میچوں میں شرکت کے لیے ٹکٹیں بک می ڈاٹ پی کے سے خرید سکیں گے اور پیسے کی منتقلی جاز کیش یا ایزی پیسے سے کی جاسکے گی جبکہ ٹکٹوں کی قیمتوں سمیت مزید تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل بابرحامد نے کہا کہ ہم پی ایس ایل 2021 کے لیے بک می ڈاٹ پی کے کو آفیشل ٹکٹنگ پارٹنر بننے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں اور امید ہے کہ کمپنی کرکٹ شائقین کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ شائقین کو محدود تعداد میں اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ملنے پر بہت خوش ہیں، اس دوران پی سی بی سماجی فاصلے سمیت کووڈ-19 پروٹوکولز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائے گا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر بک می ڈاٹ پی کے فیضان اسلم کا کہنا تھا کہ وہ پی سی بی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنے پر خوش ہیں، ہم شائقین کو قطاروں میں کھڑے ہونے کے بجائے گھر بیٹھے ڈیجیٹل انداز سے ٹکٹیں خریدنے کے لیے اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کریں گے۔

خیال رہے کہ این سی او سی نے پاکستان سپر لیگ 2021 میں تماشائیوں کو محدود تعداد میں اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں شائقین کی شرکت یقینی بنانے کیلئے پی سی بی کا حکومت سے رابطہ

پی سی بی نے کہا تھا کہ این سی او سی نے ایچ بی ایل، پی ایس ایل 2021 کے دوران تماشائیوں کو اسٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت دی اور فیصلہ کیا کہ لیگ کے میچز کے دوران 20 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

پی ایس ایل 2021 کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور ملک کے 2 بڑے شہروں، کراچی اور لاہور کے اسٹیڈیمز میں ٹیمیں کھیلتی نظر آئیں گی۔

پی سی بی کے مطابق این سی او سی کے فیصلے کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مجموعی 7 ہزار 500 جبکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مجموعی طور پر 5 ہزار 500 تماشائی ٹکٹ حاصل کرکے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر لائیو ایکشن سے محظوظ ہوسکیں گے۔

اس دوران دونوں ادارے، این سی او سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ، مشترکہ طور پر صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے، جس کے بعد غور کیا جائے گا کہ آیا 3 پلے آف میچز اور فائنل کے لیے تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے یا نہیں۔

پی سی بی کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ بورڈ نے این سی او سی کو تفصیلی بریفنگ میں واضح کیا تھا کہ ایونٹ کے منتظمین اور کرکٹ بورڈ میچز کے دوران حکومت کے تیار کردہ کووڈ 19 کے ایس او پیز پر مکمل عمل کروائیں گے۔

واضح رہے کہ 20 فروری کو پی ایس ایل کا پہلا میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

اس 30 روزہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میجز کھیلے جائیں گے تاہم کورونا وائرس کی وبا کے باعث یہ میچز کراچی اور لاہور میں ہی ہوں گے۔

ٹورنامنٹ کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا اور 2017 کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024