• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

سرکاری ملازمین کو بجٹ تک ریلیف دینے کے لیے تیار ہیں، پرویز خٹک

شائع February 10, 2021
وفاقی وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورکے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز
وفاقی وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورکے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز

وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کو حکومت اپنی طرف سے اسپیشل الاؤنس کے ذریعے جون تک ریلیف دینا چاہتی ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر مملکت علی محمد خان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'سرکاری ملازمین کا مطالبہ ہے کہ انہیں بنیادی تنخواہ پر 40 فیصد اضافہ دیا جائے'۔

ان کا کہنا تھا کہ کل تک ایک سے 16 گریڈ تک کے لیے بات ہوئی تھی اور کل ہی انہوں نے 22 گریڈ تک کی بات کی، اس پر حساب کتاب جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'ملک اور حزانے کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہم انہیں دینے کو تیار ہیں لیکن یہ اپنی مرضی کا چاہتے ہیں تو جون تک انتظار کرلیں، پے کمیشن کا نتیجہ آجائے تو پھر سب کے لیے فیصلہ ہوجائے گا'۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے پر سرکاری ملازمین کا شدید احتجاج، پولیس سے جھڑپ

ان کا کہنا تھا کہ چند صوبائی حکومتوں کے ملازمین بھی احتجاج کر رہے ہیں، ہمارے پاس صوبائی حکومتوں کے اختیار نہیں تاہم ہم انہیں ہدایات دے دیں گے۔

ملازمین کو حدود کا خیال رکھنا چاہیے، علی محمد خان

اس موقع پر وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا کہنا تھا کہ سارے مظاہرین ہمارے بھائی ہیں اور ریاست کے ذمہ دار لوگ ہیں اور ان کے مسائل پر ہمیں بھی فکر ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'وزیر اعظم کے نوٹس جب یہ بات لائی گئی تو انہوں نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنائی جس کی مظاہرین کے ساتھ کئی مرتبہ ملاقات ہوچکی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت سے معاملات حل ہوچکے ہیں اور اب صرف پرسنٹیج پر بات ہے اور اس کا بھی حل نکل آئے گا اور باقی بجٹ آنے پر حل ہوجائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'کچھ حدود ہیں ان کا ملازمین کو خیال رکھنا چاہیے، معاملات حل ہوجائیں گے'۔

یہ بھی پڑھیں: فنڈز میں کمی کے سبب سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کا خدشہ

احتجاج کو سیاست کا رنگ دیا گیا تو ملازمین نقصان میں رہیں گے، شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'مظاہرین کو احتجاج کا حق ہے تاہم اگر اس میں سیاسی پارٹیاں ملوث ہوں گی اور اسے سیاست کا رنگ دیں گی تو سرکاری ملازمین نقصان میں رہیں گے اور ہم نہیں چاہتے ہیں کہ سرکاری ملازمین نقصان میں رہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ایک سے 16 گریڈ کی تنخواہیں بڑھانے کے لیے جب کہیں گے تیار ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'پمز والوں نے ہڑتال ختم کردی ہے، تعلیم کے شعبے والوں کا مسئلہ عدالت کا ہے اور وفاق کی کوشش ہے کہ یہ مسئلہ باہمی افہام و تفہیم سے طے ہو'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم مزدوروں کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ ان کی جدو جہد میں کوئی سیاسی پارٹی ملوث نہیں ہوگی'۔

اپوزیشن جماعتوں کے مارچ کے اعلان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 26 مارچ کے لیے عمران خان کی ہدایت ہے کہ کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: سرکاری ملازمین نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دے دیا

پرویز خٹک نے سینیٹ انتخابات میں پیسے لینے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں اس کی تردید کی اور کہا کہ 'میں نے ایسا کوئی حکم نہیں دیا'۔

امید ہے کہ احتجاج آج ہی ختم ہوجائے گا، شبلی فراز

قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان سرکاری ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں اور ان مسائل کے حل کے لیے علی محمد خان، پرویز خٹک اور شیخ رشید پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'امید ہے کہ یہ احتجاج آج ہی ختم ہوجائے گا'۔

اپوزیشن کا احتجاج سے فائدہ اٹھانے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو ملک بھر میں پذیرائی نہیں ملی اس لیے انہیں جہاں موقع ملتا ہے وہ وہاں جاکر جھنڈے گاڑنے کھڑے ہوجاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بنیادی طور پر یہ اپوزیشن ہی کی منصوبہ بندی کا فقدان تھا جو انہوں نے اپنے دور اقتدار میں نہیں کیا'۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024