• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان میں کورونا وائرس کے فعال کیسز 25 ہزار تک رہ گئے

شائع February 17, 2021
ملک میں فعال کیسز کی تعداد کم ہورہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں فعال کیسز کی تعداد کم ہورہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اب فعال کیسز میں کمی آرہی ہے جبکہ یومیہ کیسز کی تعداد بھی ماضی کی نسبت کم ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 165 مریض سامنے آئے جبکہ مزید 56 افراد انتقال بھی کرگئے۔

ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 65 ہزار 989 ہوگئی ہے جبکہ اموات 12 ہزار 436 تک پہنچ گئیں۔

تاہم ایک ہزار 484 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد یہ تعداد 5 لاکھ 28 ہزار 545 ہوگئی جبکہ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 25 ہزار 8 رہ گئی۔

اس عالمی وبا کی بات کریں تو اس کا پاکستان میں پہلا کیس گزشتہ سال کے اوائل یعنی 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔

ابتدائی طور پر یہ وائرس آہستہ آہستہ شدت اختیار کرنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور اس وقت ملک میں صورتحال کافی تشویشناک حد تک دیکھنے میں آئی۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگے جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔

تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

دسمبر 2020 میں وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی جس کا سلسلہ سال 2021 کے پہلے مہینے میں بھی دیکھنے کو ملا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنوری میں اگرچہ کورونا کی صورتحال قدرِ بہتر رہی اور فروری کے آغاز سے ملک میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل بحال ہوگئیں تھیں۔

اگر آج 17 فروری کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 270 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 54 ہزار 286 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 18 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 244 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 564 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 200 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 30 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار 114 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 238 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 70 ہزار 123 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 7 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 207 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 954 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح یہ تعداد 199 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 113 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 42 ہزار 921 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا، یوں مجموعی اموات 486 پر برقرار ہے۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 30 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 562 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک مریض کے انتقال کی تصدیق ہوئی اور اس طرح یہ تعداد 284 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 2 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد وہاں کیسز کی تعداد 4 ہزار 943 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 484 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 5 لاکھ 28 ہزار 545 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 565989

صحتیاب: 528545

اموات: 12436

فعال کیسز: 25008

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 54 ہزار 286 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 200 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 70 ہزار 123 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 954 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 42 ہزار 921 ، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 562 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 943 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 4244

پنجاب: 5114

خیبرپختونخوا: 2007

بلوچستان: 199

اسلام آباد: 486

آزاد کشمیر: 284

گلگت بلتستان: 102

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024