• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ایم کیو ایم رہنما محمد انور لندن میں انتقال کر گئے

شائع February 19, 2021
محمد انور کینسر کےعارضے میں مبتلا تھے—فوٹو:انبساط ملک ٹوئٹر
محمد انور کینسر کےعارضے میں مبتلا تھے—فوٹو:انبساط ملک ٹوئٹر

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے رہنما محمد انور کینسر کے عارضے کے باعث لندن کے مقامی ہسپتال میں دوران علاج انتقال کرگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر محمد انور کے بھانجے انبساط ملک نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ 'انتہائی دکھ کے ساتھ آگاہ کر رہا ہوں کہ ہمارے پیارے محمد انور کینسر سے مقابلے کرتے ہوئے خاندان کے افراد کے درمیان وفات پا گئے'۔

محمد انور 1989 سے ایم کیو ایم کا حصہ تھے اور طویل عرصے سے لندن میں مقیم تھے اور ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین سے ان کا تعلق دو دہائیوں پر مشتمل تھا اور ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے بھی رکن تھے۔

خیال رہے کہ محمد انور کراچی میں قتل کے کئی مقدمات سمیت عمران فاروق کے قتل کیس میں بھی نامزد تھے اور لندن میٹروپولیٹن پولیس نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں بھی ان سے پوچھ گچھ کی تھی۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم رہنما محمد انور کے خلاف بغاوت کا مقدمہ

محمد انور کو ان کی صحت کے باعث 2015 میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی سے معطل کردیا گیا تھا کیونکہ وہ اکثر پارٹی کے اہم اجلاس میں شریک نہیں ہو پاتے تھے۔

ان کے خلاف 2015 میں ہی کراچی میں بغاوت کا مقدمہ درج ہوا تھا جبکہ اسی دوران ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کے خلاف غداری کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔

کراچی غربی زون کے اس وقت کے ڈی آئی جی فیروز شاہ نے بتایا تھا کہ لندن میں مقیم محمد انور کے خلاف یہ مقدمہ ایک شہری کی درخواست پر دائر کیا گیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ گلبرگ پولیس نے مقدمہ تعزیرات پاکستان کی سیکشن 123-A, 124-A, 153-A اور 506کے تحت درج کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024