• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

چینی کمپنی کی کووڈ 19 ویکسین کی افادیت 83.5 فیصد قرار

شائع March 3, 2021
— رائٹرز فائل فوٹو
— رائٹرز فائل فوٹو

چین کی کمپپنی سینوویک بائیوٹیک کی تیار کردہ کووڈ 19 ویکسین بیماری کی روک تھام کے لیے 83.5 فیصد تک موثر قرار دی گئی ہے۔

ترکی میں اس ویکسین کے تیسرے مرحلے کے ٹرائل کے حتمی نتائج جاری کیے گئے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ترکی میں ابتدائی نتائج میں اس ویکسین کو 91.25 فیصد تک مؤثر قرار دیا گیا تھا۔

ٹرائل کے دوران مجموعی طور پر 41 افراد میں کووڈ کی تشخیص ہوئی جن میں سے 32 پلیسبو گروپ سے تھے۔

ٹرائل میں شامل ماہرین کا کہنا تھا کہ ویکسین کی افادیت کا تعین دوسری خوراک کے استعمال کے 14 دن بعد کم از کم ایک علامت اور مثبت پی سی آر ٹیسٹ کی بنیاد پر کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ 100 فیصد کیسز میں بیماری کی سنگین شدت اور ہسپتال میں داخلے کی روک تھام میں کامیاب ثابت ہوئی، جو 6 افراد ہسپتال میں داخل ہوئے وہ سب پلیسبو گروپ کا حصہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرائل کے دوران کوئی خاص مضر اثرات دریافت نہیں ہوئے اور ویسے بھی ترکی میں اسے عام استعمال کیا جارہا ہے اور اب تک کوئی سنگین مضر اثرات رپورٹ نہیں ہوئے، تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ ویکسین محفوظ ہے۔

دسمبر میں ویکسین کے ابتدائی نتائج میں 29 کیسز کو رپورٹ کیا گیا تھا اور اس کی افادیت 91.25 فیصد قرار دی گئی تھی۔

حتمی ٹرائل ستمبر 2020 کے وسط میں شروع ہوا تھا اور اس میں 10 ہزار 216 افراد شامل تھے جن میں سے 6648 کو ویکسین فراہم کی گئی۔

ٹرائل میں مردوں کی تعداد 58 فیصد اور خواتین کی 42 فیصد تھی اور انہیں ویکسین کی 2 خوراک 14 دنوں کے وقفے میں استعمال کرائی گی تھیں۔

ترکی میں ویکسین کی خوراکیں 28 دن کے وقفے سے عام لوگوں کو استعمال کرائی جارہی ہیں۔

دسمبر میں ابتدائی نتائج کے بعد کورونا ویک کو ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

دنیا کے دیگر حصوں میں اس ویکسین کی افادیت کی شرح مختلف دریافت ہوئی تھی۔

برازیلین حکومت کی جانب سے 12 جنوری 2021 کو جاری بیان میں کہا گیا کہ ساؤپاؤلو کے بوتانتین انسٹیٹوٹ اور ساؤپاؤلو حکومت کے مطابق سینوویک کی کووڈ ویکسین کلییکل ٹرائل میں مجموعی طور پر 50.38 فیصد تک موثر ثابت ہوئی۔

ٹرائل کے مطابق یہ ویکسین بیماری کی معمولی شدت کے کیسز روکنے میں 78 فیصد اور معتدل و سنگین کیسز کی روک تھام میں سو فیصد موثر رہی۔

انڈونیشیا میں بھی اس ویکسین کے ٹرائل ہوئے تھے اور نتائج میں اسے بیماری کی روک تھام کے لیے 65.3 فیصد موثر قرار دیا گیا تھا۔

انڈونیشیا میں 11 جنوری کو اس ویکسین کے استعمال کی منظوری دی گئی اور 13 جنوری کو اسے دینے کا آغاز ہوا۔

برازیل، ترکی اور انڈونیشیا میں ویکسین کی افادیت کی مختلف شرح کے حوالے سے سینوویک کے چیئرمین ین وائی ڈونگ نے کہا کہ برازیل میں ٹرائل کے دوران دریافت ہوا تھا کہ کووڈ 19 کے سنگین کیسز کی روک تھام میں یہ ویکسین سوفیصد تک موثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ برازیل کے ڈیٹا سے ویکسین کے محفوظ ہونے اور بہترین افادیت ثابت ہوتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024