• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ہیری و میگھن مارکل کے انٹرویو پر شاہی خاندان کو ’تشویش‘

شائع March 10, 2021
شاہی محل نے جوڑے کو پہنچنے والی تکلیف پر افسوس کا اظہار بھی کیا—فائل فوٹو: رائٹرز
شاہی محل نے جوڑے کو پہنچنے والی تکلیف پر افسوس کا اظہار بھی کیا—فائل فوٹو: رائٹرز

برطانیہ کے شاہی محل ’بیکنگھم پیلس‘ نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کی جانب سے حال ہی میں امریکی ٹی وی اسٹار اوپرا ونفرے کو دیے گئے انٹرویو پر وضاحتی بیان جاری کردیا۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کا اوپرا ونفرے کو دیا گیا انٹرویو 7 مارچ کو امریکا اور 8 مارچ کو برطانیہ میں نشر کیا گیا تھا۔

انٹرویو میں جوڑے نے شاہی محل میں پریشانی، نسلی امتیاز اور ذہنی صحت پر پڑنے والے اثرات پر کھل کر بات کی تھی اور بتایا تھا کہ کس طرح انہیں وہاں مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

میگھن مارکل نے بتایا تھا کہ 2018 میں ہیری سے شادی کے بعد وہ شاہی خاندان کی پہلی غیر سفید فام اور امریکی رکن بنی تھیں، جس کی وجہ سے محل میں تشویش پائی جاتی تھی۔

طویل دورانیے کے انٹرویو کو 7 مارچ کو امریکا اور 8 مارچ کو برطانیہ میں نشر کیا گیا تھا—فوٹو: اے پی
طویل دورانیے کے انٹرویو کو 7 مارچ کو امریکا اور 8 مارچ کو برطانیہ میں نشر کیا گیا تھا—فوٹو: اے پی

میگھن مارکل نے بتایا تھا کہ چوں کہ وہ غیر سفید فام تھیں تو شاہی محل کے کچھ افراد کو ان کے ہاں پیدا ہونے والے بیٹے کی رنگت سے متعلق بھی تشویش لاحق تھی اور وہ پوچھتے رہتے کہ میگھن کے ہاں پیدا ہونے والے بچے کی رنگت کس قدر ’سیاہ‘ ہوگی۔

انٹرویو میں میگھن مارکل نے یہ بھی بتایا تھا کہ برطانوی میڈیا میں منفی رپورٹنگ کی وجہ سے وہ پریشان تھیں اور انہوں نے شاہی محل کے مدد کرنے والے محکمے سے مدد بھی طلب کی مگر مذکورہ محکمے نے مدد سے انکار کردیا تھا۔

میگھن مارکل نے بتایا تھا کہ وہ شاہی محل میں مسائل کی وجہ ذہنی پریشانی کا شکار ہوگئی تھیں اور انہوں نے خودکشی تک کا سوچا تھا۔

انٹرویو میں شہزادہ ہیری نے بھی شاہی محل میں سخت ماحول سے متعلق باتیں کی تھیں تاہم دونوں نے انٹرویو میں کسی بھی شخص کا نام لیے بغیر تمام انکشافات کیے تھے۔

دونوں کے انٹرویو کے بعد دنیا بھر میں ہنگامہ مچ گیا تھا اور ایک بار پھر برطانوی شاہی محل کی روایات سے متعلق چہ مگوئیاں ہونے لگی تھیں۔

دونوں کے انٹرویو کو امریکا اور برطانیہ سمیت دنیا بھر کی میڈیا نے خصوصی کوریج دی تھی اور اسے ریکارڈ بار دیکھا گیا تھا۔

دونوں نے پہلی بار کھل کر شاہی محل کے اندر کی کہانی بتائی تھی—فوٹو: اے پی
دونوں نے پہلی بار کھل کر شاہی محل کے اندر کی کہانی بتائی تھی—فوٹو: اے پی

دونوں کے انٹرویو کے بعد ابتدائی طور پر شاہی محل نے کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا تاہم ان کے انٹرویو کے فوری بعد بیکنگھم پیلس میں اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس ہوا تھا، جس میں شاہی محل کے تمام سینئر ارکان نے شرکت کی تھی۔

مگر اب بیکنگھم پیلس نے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے انٹرویو پر بیان جاری کرتے ہوئے ان کی جانب سے کیے گئے انکشافات پر ’تشویش‘ کا اظہار کیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘(اے پی) کے مطابق بیکنگھم پیلس کی جانب سے 9 مارچ کی شام کو جاری کیے گئے مختصر بیان میں ہیری اور میگھن مارکل کی جانب سے اٹھائے گئے معاملات پر ’تشویش‘ کا اظہار کیا گیا۔

ملکہ برطانیہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کی جانب سے سامنے لائے گئے معاملات پر شاہی محل اندورنی طور پر تحقیقات کرکے ان کو حل کرے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ شاہی محل کے ہر فرد کی سوچ مختلف ہو سکتی ہے تاہم ہیری اور ان کی اہلیہ کی جانب سے سامنے لائے گئے تمام مسائل کو انتہائی قریب سے دیکھا جائے گا۔

شاہی جوڑے کے انٹرویو کے بعد امریکا اور برطانیہ میں تہلکہ مچ گیا تھا—فوٹو: رائٹرز
شاہی جوڑے کے انٹرویو کے بعد امریکا اور برطانیہ میں تہلکہ مچ گیا تھا—فوٹو: رائٹرز

ملکہ برطانیہ سے منسوب بیان میں کہا گیا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو شاہی محل میں گزشتہ چند سال میں پہنچنے والی تکالیف کا سن کر شاہی خاندان صدمے میں ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ شہزادہ ہیری، میگھن مارکل اور ان کا بیٹا آرچی شاہی خاندان کا اہم جز ہیں اور انہیں پہنچنے والی تکلیف کے اسباب کو سنجیدگی سے لے کر ان کی اندرونی طور پر تحقیق کی جائے گی۔

خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے مارچ 2020 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری اختیار کی تھی، دونوں نے مئی 2018 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2019 میں پہلے بیٹے ’آرچی‘ کی پیدائش ہوئی تھی جب کہ جوڑے کے ہاں جلد دوسرے بچے کی پیدائش بھی متوقع ہے۔

جوڑا شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کے بعد ابتدائی طور پر کینیڈا اور بعد ازاں امریکا منتقل ہوگیا تھا اور اب دونوں ’نیٹ فلیکس‘ کے لیے فلمیں اور ’اسپاٹی فائے‘ کے لیے پوڈکاسٹ شوز بناکر پیسے کمائیں گے۔

شاہی ذمہ داریوں سے الگ ہونے کے باوجود دونوں کے پاس شاہی لقب موجود رہیں گے اور وہ خاندان کے فرد رہیں گے۔

شہزادہ ہیری کو ’ڈیوک آف سسیکس‘ جب کہ ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو ’ڈچز آف سسیکس‘ کا شاہی لقب حاصل ہے۔

انٹرویو کو دنیا بھر میں خصوصی طور پر دیکھا گیا اور اسے خصوصی کوریج دی گئی—فوٹو: اے پی
انٹرویو کو دنیا بھر میں خصوصی طور پر دیکھا گیا اور اسے خصوصی کوریج دی گئی—فوٹو: اے پی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024