• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

مولانا اور نواز شریف کا پیپلز پارٹی کے پی ڈی ایم چھوڑنے کی صورت میں بھی آگے بڑھنے پر اتفاق

شائع March 19, 2021
مولانا اور نواز شریف نے ٹیلی فونک گفتگو کی —فائل فوٹو: اے ایف پی
مولانا اور نواز شریف نے ٹیلی فونک گفتگو کی —فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد کو برقرار رکھنے کی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمٰن نے سابق صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

مذکورہ رابطہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے دو روز قبل اسمبلیوں سے استعفے دینے کی تجویز سے انکار کے بعد حکومت مخالف لانگ مارچ ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تینوں بڑی اپوزیشن جماعتوں میں موجود ذرائع نے ڈان کو تصدیق کی کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے دونوں جماعتوں کے رہنماؤں سے استعفوں کے معاملے اور لانگ مارچ کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کا کہنا کہ آصف زرداری جنہوں نے منگل کو اسلام آباد میں ہونے والے پی ڈی ایم جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں اسمبلیوں سے استعفے دینے کے خیال کی زبردستی مخالفت کی تھی، مولانا فضل الرحمٰن کو کہا کہ پی پی پی نے 4 اپریل کو پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر راولپنڈی میں جلسے کے بعد پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں اسمبلیوں سے استعفے دینے کی تجویز کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: استعفے ایٹم بم کی طرح استعمال کرنے کی بات کہیں نہیں ہوئی، مولانا فضل الرحمٰن

تاہم پیپلز پارٹی میں موجود ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن نے ایک مرتبہ پھر ایک دوسرے کو اکٹھے استعفوں کے معاملے پر راضی کرنے کی کوشش کی تاہم آصف زرداری نے اپنے مؤقف پر زور دیا کہ وہ اس طرح اسمبلیوں سے واپس نہیں آئیں گے کیونکہ اس طرح کی صورتحال صرف ’اسٹیبلشمنٹ‘ اور وزیرِاعظم عمران خان کے ہاتھوں کو مضبوط کرے گی۔

آصف زرداری نے لانگ مارچ سے استعفوں کو منسلک کرنے کے دیگر پی ڈی ایم جماعتوں کے فیصلے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

اسی دوران سابق صدر نے مولانا فضل الرحمٰن کی توجہ گزشتہ برس ستمبر میں کل جماعتی کانفرنس کے متفقہ ’پلان آف ایکشن‘ پر مبذول کرائی، جو واضح طور پر کہتا ہے کہ اس مقصد کے لیے استعفے بالکل آخری آپشن ہوں گے اور ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمٰن کو کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی تجویز دی تھی اور وہ سمجھ رہی تھی کہ اس طرح کرنے سے وہ سینیٹ انتخابات اور پارلیمان کے ایوان بالا میں حکومت کو اکثریت لینے سے روک سکیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات لڑنے کے بعد استعفوں کا معاملہ پہلے ہی بے مطلب ہوچکا ہے۔

دوران گفتگو مولانا نے آصف زرداری کو کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں کسی حتمی فیصلے سے قبل پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے حتمی جواب کا انتظار کرے گی۔

بعد ازاں مولانا فضل الرحمٰن نے نواز شریف سے گفتگو کی، جو ایک سال سے زائد عرصے سے لندن میں خودساختہ جلاوطنی میں رہ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمٰن نے لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اعلان کردیا

فضل الرحمٰن نے انہیں آصف زرداری کے ساتھ ہونے والی گفتگو سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے اسمبلیوں سے مستعفی نہ ہونے کے اپنے سابقہ فیصلے پر قائم رہنے کی صورت میں امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کا یہ خیال تھا کہ پی ڈی ایم کو حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنی چاہیے اور یہاں تک کہ اگر پیپلزپارٹی اتحاد سے باضابطہ راستے جدا کرنے کا فیصلہ کرلے تو اسے اپنے پلان کے ساتھ آگے جانا چاہیے۔

دونوں رہنماؤں نے مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے پیپلزپارٹی کے سی ای سی اجلاس کے بعد پی ڈی ایم کا ایک اور سربراہ اجلاس بلانے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ اس 10 جماعتیں اپوزیشن اتحاد میں دراڑیں منگل کو اس وقت واضح ہوئی تھیں جب اس کی قیادت نے استعفوں کے معاملے پر اختلافات کی وجہ سے 26 فروری کا حکومت مخالف لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

افسردہ نظر آنے والے مولانا فضل الرحمٰن یہ اعلان کرنے کے بعد کہ پیپلزپارٹی نے اکھٹے استعفوں کے معاملے پر دوبارہ مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے اور جب تک پیپلزپارٹی اپنی سی ای سی اجلاس کے فیصلے کے بعد واپس آگاہ نہیں کرتی لانگ مارچ ’ملتوی‘ رہے گا، صحافیوں کے سوال لیے بغیر پریس بریفنگ اچانک چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

جانے سے قبل انہوں نے یہ بتایا تھا کہ لانگ مارچ کے دوران استعفوں کے حق میں 9 جماعتیں ہیں جبکہ صرف پیپلزپارٹی کو ’ان خیالات پر کچھ تحفظات‘ تھے، جس پر غور کے لیے انہوں نے وقت مانگا ہے۔

ادھر پی ڈی ایم اجلاس میں شامل ذرائع کے بتایا تھا کہ آصف زرداری نے استعفے جمع کرانے کو نواز شریف کی ملک واپسی سے جوڑ دیا تھا، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے اپنی تقریب میں نواز شریف پر سیاسی حملے کیے تھے اور اپنی خود کی قربانیوں کا بتایا تھا، ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ انہوں نے 14 سال جیل کاٹی۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم اجلاس میں پیپلز پارٹی کا رویہ غیر جمہوری تھا، مولانا فضل الرحمٰن

اس اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے واضح انداز میں اپنے والد کا دفاع کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے والد اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے کے لیے وطن واپس نہیں آئیں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن پی ڈی ایم اجلاس کی ان کارروائیوں پر ناخوش تھے جس میں ماضی کی حریف پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایک مرتبہ پھر ایک دوسرے پر ذاتی حملے کرتی نظر آئی تھیں۔

علاوہ ازیں جمعرات کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں مولانا نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ جو جیل جانے سے گھبراتے ہیں انہیں سیاست میں نہیں آنا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024