• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

وزیراعظم کی قرنطینہ میں وزرا کے ساتھ تصویر، سوشل میڈیا پر تنقید

شائع March 25, 2021 اپ ڈیٹ March 26, 2021
وزیراعظم عمران خان نے قرنطینہ میں ہونے کے باوجود اجلاس طلب کیا — فوٹو: شبلی فراز ٹوئٹر
وزیراعظم عمران خان نے قرنطینہ میں ہونے کے باوجود اجلاس طلب کیا — فوٹو: شبلی فراز ٹوئٹر

وزیراعظم عمران خان کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد 5 روز سے قرنطینہ میں ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر وفاقی وزیر اطلاعت شبلی فراز کی جانب سے جاری تصویر میں وہ قواعد کے برخلاف وزرا کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں۔

وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے ٹوئٹر پر اجلاس کی تصویر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ 'وزیراعظم عمران بنی گالہ میں میڈیا ٹیم کے ساتھ ہیں'۔

تصویر میں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ شبلی فراز کے علاوہ وزیر برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری، سینیٹر فیصل جاوید سمیت 6 افراد موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

سینیٹر فیصل جاوید نے ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کے کارکن کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'ماشااللہ وزیراعظم ٹھیک ہیں، گھر سے کام کر رہے ہیں اور ایس او پیز کے تحت اجلاس کر رہے ہیں'۔

وزیراعظم کی تصویر سوشل میڈیا پر آتے ہی جہاں حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی نشان دہی کی گئی وہیں وزیراعظم کے اس اقدام پر تنقید بھی کی گئی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے ٹوئٹر پر کہا کہ 'کوئی بتا سکتا ہے کہ اب تک قرنطینہ میں ایس او پیز کے ساتھ میل جول کے کون کون سے فضائل، تاویلیں اور برکات ہمارے پی ٹی آئی کے دوست گھڑ چکے ہیں، کپتان کی میٹنگ کرنے کی صفائی میں؟'

تجزیہ کار مشرف زیدی نے کہا کہ 'کووڈ-19 مثبت آنے والے وزیر اعظم اجلاس کر رہے ہیں اور اس کی تشہیر کر رہے ہیں، ایک ایسے ملک میں جہاں پہلے ہی ویکسینیشن کی شرح انتہائی کم ہے'۔

ایک صارف ندا کرمانی نے بھی وزیر اطلاعات شبلی فراز کی تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ 'غیر ذمہ داری کی انتہا ہے، اس وقت خدا ہی اس ملک کو بچا رہا'۔

ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے ایک سال قبل کورونا کے حوالے سے مشہور ڈیزائنر کے رویے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ 'اس واقعے کا ایک سال مکمل ہونے پر اب ہمیں یہ ملا'۔

یاد رہے کہ 20 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے، بعد ازاں خاتون اول بشریٰ بی بی کا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا تھا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے' اور انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ٹوئٹر پر وفاقی وزرا سمیت دیگر شخصیات کی جانب سے پیغامات کی بھرمار ہوگئی تھی جس میں وزیر اعظم کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا تھا۔

پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر سے مختلف رہنماؤں اور شخصیات نے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کا شکار اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے جلد صحت یابی کی دعا کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024