• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

پاکستان میں جون کے بعد کورونا وائرس کے ریکارڈ 4 ہزار 974 کیسز رپورٹ

شائع April 1, 2021
ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے  6 لاکھ 72 ہزار 931 افراد متاثر ہو چکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 6 لاکھ 72 ہزار 931 افراد متاثر ہو چکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں عالمی وبا کورونا کا پھیلاؤ روز بروز شدت اختیار کرتا جارہا ہے اور حکام خدشہ ظاہر کرچکے ہیں کہ کیسز میں اضافہ یونہی جاری رہا تو صورتحال وبا کی پہلی لہر کے عروج سے زیادہ خراب ہوسکتی ہے۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 4 ہزار 974 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور 96 مریض انتقال کر گئے۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے کورونا کیسز کی یہ تعداد 19 جون کے بعد سب سے بلند ہے جب ایک روز کے دوران 6 ہزار 604 کیسز سامنے آئے تھے۔

وائرس کی تشخیص کے لیے 31 مارچ کو مجموعی طور پر 50 ہزار 55 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 9.9 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 53 ہزار 127 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 6 لاکھ 72 ہزار 931 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 14 ہزار 530 زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 ہزار 148 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 5 ہزار 274 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ جاری ہے۔

تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ زیادہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں آج یکم اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کے کیسز سے متعلق رپورٹ کچھ یوں ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس سال کے سب سے زیادہ 2 ہزار 789 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 62 مریض دم توڑ گئے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 23 ہزار 181 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 427 تک پہنچ گئی ہے۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 247 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 680 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 5 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 502 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی بیماری کا پھیلاؤ شدت اختیار کر گیا ہے اور یہاں گزشتہ روز ایک ہزار 44 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 21 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 88 ہزار 99 ہے جبکہ 2 ہزار 363 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 19 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور ایک مریض دم تور گیا۔

صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 576 کیسز اور 208 اموات سامنے آئی ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 724 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 4 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 58 ہزار 557 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 572 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 142 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 3 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔

آزاد کشمیر میں اب تک 12 ہزار 805 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 355 افراد وفات پاچکے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز 9 نئے کیسز رپورٹ ہوئے یوں مجموعی کیسز 5 ہزار 33 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024