• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کرکٹ کے بعد مہندر سنگھ دھونی اداکاری کرنے کو تیار

شائع April 7, 2021
ایم ایس دھونی اور ان کی اہلیہ نے فلم پروڈکشن ہاؤس کھول رکھا ہے—فائل فوٹو: فیس بک
ایم ایس دھونی اور ان کی اہلیہ نے فلم پروڈکشن ہاؤس کھول رکھا ہے—فائل فوٹو: فیس بک

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں شمار ہونے والے 40 سالہ مہندر سنگھ (ایم ایس) دھونی کرکٹ کے بعد اب اداکاری کے میدان میں نظر آئیں گے۔

مہندر سنگھ دھونی نے اگست 2020 میں عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے شوبز انڈسٹری میں کام کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

ایم ایس دھونی اب تک درجنوں اشتہارات میں ماڈلنگ کرتے دکھائی دیے ہیں اور وہ چند بڑے انٹرٹینمنٹ منصوبوں کا حصہ بھی رہے ہیں مگر اب جلد ہی وہ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

جی ہاں، ایم ایس دھونی نے اپنی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے جاسوس اینیمیٹڈ ویب سیریز بنانے کا اعلان کردیا، جس میں وہ خود بھی ایک جاسوس کے طور پر دکھائی دیں گے۔

بھارتی اخبار’دی ہندو‘ کے مطابق ایم ایس دھونی اور ان کی اہلیہ ساکشی سنگھ دھونی کی جانب سے بنائے گئے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ سابق کرکٹر جلد ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

رپورٹ کے مطابق مہندر سنگھ ’دھونی پروڈکشن‘ اور ’بلیک وائٹ اورینج برانڈز (بی ڈبلیو او‘ مشترکہ طور پر اینمیٹڈ جاسوس ویب سیریز بنائیں گے، جس کا پہلا سیزن 2022 میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مہندرا سنگھ دھونی کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

رپورٹ کے مطابق سیریز کا نام ’کیپٹن 7‘ ہوگا، کیوں کہ ’7‘ کے ہندسے کی ایم ایس دھونی شرٹ پہنتے تھے اور سیریز میں ممکنہ طور پر ان کی 'اسپورٹس جرنی' بھی دکھائی جائے گی۔

یہ واضح نہیں ہے کہ ’کیپٹن 7‘ حقیقی زندگی سے ماخوذ ہوگی یا اس کی کہانی فکشن پر مبنی ہوگی اور مذکورہ سیریز کس طرح کی جاسوس سیریز ہوگی؟

’کیپٹن 7‘ کے پہلے سیزن کی کاسٹ، کہانی اور پروڈکشن کے حوالے سے کام جاری ہے اور جلد ہی اس کی مزید کاسٹ کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

اسی حوالے سے انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ساکشی سنگھ دھونی نے ’کیپٹن 7‘ کے حوالے سے بتایا کہ مذکورہ سیریز نہ صرف جاسوسی پر مبنی ہوگی بلکہ اس میں شائقین کو ایڈونچر اور تفریح بھی دیکھنے کو ملے گی۔

اسی حوالے سے ایم ایس دھونی نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیریز میں کرکٹ کے علاوہ دیگر معاملات بھی دکھائے جائیں گے اور سابق کرکٹر پہلی مرتبہ ایک منفرد روپ میں شائقین کے سامنے آئیں گے۔

خیال رہے کہ ایم ایس دھونی کی زندگی پر پہلے ہی بولی وڈ میں 2016 میں ’ایم ایس دھونی، ان ٹولڈ اسٹوری‘ کے نام سے فلم بھی بنائی جا چکی ہے، جس میں آنجھانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے ان کا کردار ادا کیا تھا۔

مزید پڑھیں: دھونی کی زندگی پر بنائی گئی فلم ایم ایس دھونی

اگرچہ ان کی زندگی پر بنائی گئی فلم نے زیادہ کمائی اور کامیابی حاصل نہیں کی تھی مگر سشانت سنگھ کی اداکاری اور کھلاڑی کی زندگی کی کہانی کی وجہ سے اس کی تعریفیں کی گئی تھیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ’کیپٹن 7‘ کے بعد ایم ایس دھونی دیگر سیریز، فلموں اور ڈراموں میں بھی دکھائی دیں گے تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ سیریز میں دھونی کی اہلیہ بھی شامل ہوں گی یا نہیں—فائل فوٹو: فیس بک
یہ واضح نہیں ہے کہ سیریز میں دھونی کی اہلیہ بھی شامل ہوں گی یا نہیں—فائل فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024