• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

پاکستان میں مسلسل دوسرے روز 5 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ

شائع April 9, 2021
ملک میں اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 10 ہزار 829 افراد متاثر ہو چکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 10 ہزار 829 افراد متاثر ہو چکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

متعدد اقدامات کے باوجود پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ کم ہوتا نظر نہیں آرہا اور ملک میں مسلسل دوسرے روز 5 ہزار سے زائد افراد میں کووِڈ 19 کی تشخیص ہوئی۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں مزید 5 ہزار 312 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 105 مریض انتقال کر گئے۔

وبا کی تشخیص کے لیے 7 اپریل کو مجموعی طور پر 54 ہزار 948 ٹیسٹس کیے گئے جو ایک روز میں کیے گئے ٹیسٹس کی سب سے بڑی تعداد ہے، جس کے نتیجے میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 9.9 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 69 ہزار 811 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 10 ہزار 829 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 15 ہزار 229 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 ہزار 390 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 25 ہزار 789 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں 9 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 2 ہزار 711 افراد اس وائرس کا شکار بنے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 43 ہزار 295 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مزید 58 مریضوں کے انتقال سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 851 تک پہنچ گئی ہے۔

خیبر پختونخوا

حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز ایک ہزار 248 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 34 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 96 ہزار 128 ہے جبکہ 2 ہزار 553 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 674 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 6 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 64 ہزار 173 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 597 ہے۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر تھی تاہم اب اس میں معمولی اضافہ نظر آرہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 358 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 67 ہزار 970 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید ایک مریض کا انتقال ہوا مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 521 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 196 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 5 مریض دم توڑ گئے۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 14 ہزار 69 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 391 انتقال کر گئے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 98 افراد کو متاثر کیا اور ایک مریض انتقال کر گیا۔

یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 20 ہزار 97 اور اموات کی تعداد 213 ہو گئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز 27 نئے کیسز رپورٹ ہوئے یوں مجموعی کیسز 5 ہزار 97 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024