• KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:28pm
  • LHR: Maghrib 5:40pm Isha 7:01pm
  • ISB: Maghrib 5:44pm Isha 7:07pm
  • KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:28pm
  • LHR: Maghrib 5:40pm Isha 7:01pm
  • ISB: Maghrib 5:44pm Isha 7:07pm

کورونا وائرس سے مسلسل چوتھے روز 5 ہزار سے زائد افراد متاثر، 114 انتقال کر گئے

شائع April 11, 2021
گزشتہ روز کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 10.96 فیصد رہی—فائل فوٹو: رائٹرز
گزشتہ روز کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 10.96 فیصد رہی—فائل فوٹو: رائٹرز

متعدد اقدامات کے باوجود پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ کم ہوتا نظر نہیں آرہا اور ملک میں مسلسل چوتھے روز 5 ہزار سے زائد افراد میں کووِڈ 19 کی تشخیص ہوئی۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں مزید 5 ہزار 50 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 114 مریض انتقال کر گئے۔

وبا کی تشخیص کے لیے 10 اپریل کو مجموعی طور پر 46 ہزار 66 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 10.96 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 73 ہزار 875 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 21 ہزار 18 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 15 ہزار 443 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 4 ہزار 139 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 31 ہزار 700 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں 11 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 2 ہزار 515 افراد اس وائرس کا شکار بنے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 48 ہزار 438 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مزید 64 مریضوں کے انتقال سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 972 تک پہنچ گئی ہے۔

خیبر پختونخوا

حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز 983 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 24 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 98 ہزار 301 ہے جبکہ 2 ہزار 618 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 798 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 6 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 65 ہزار 700 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 607 ہے۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر تھی تاہم اب اس میں معمولی اضافہ نظر آرہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 466 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 68 ہزار 750 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 6 مریضوں کا انتقال ہوا مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 529 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 201 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 4 مریض دم توڑ گئے۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 14 ہزار 461 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 399 انتقال کر گئے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 63 افراد کو متاثر کیا اور 2 مریض انتقال کر گئے۔

یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 20 ہزار 241 اور اموات کی تعداد 215 ہو گئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز 24 نئے کیسز رپورٹ ہوئے یوں مجموعی کیسز 5 ہزار 127 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 7 اکتوبر 2024
کارٹون : 6 اکتوبر 2024