• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 5 ہزار 480 افراد متاثر، 150 انتقال کر گئے

شائع April 29, 2021
وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاک فوج ایس او پیز پر عملدرآمد کروارہی ہے—تصویر: رائٹرز
وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاک فوج ایس او پیز پر عملدرآمد کروارہی ہے—تصویر: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ بڑھتا جارہا ہے، ایسے میں مختلف شہروں میں وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاک فوج ایس او پیز پر عملدرآمد کروارہی ہے۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 5 ہزار 480 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 150 مریض انتقال کر گئے۔

وبا کی تشخیص کے لیے 28 اپریل کو مجموعی طور پر 57 ہزار 13 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں نتائج مثبت آنے کی شرح 9.61 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 89 ہزار 838 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 8 لاکھ 15 ہزار 711 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 17 ہزار 680 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 3 ہزار 699 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 7 لاکھ 8 ہزار 193 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر تعلیمی اداروں کی بندش، کاروبار کے اوقات مختصر، دفاتر میں کم حاضری سمیت متعدد اقدامات کیے گئے ہیں اور صورتحال بہتر نہ ہونے پر لاک ڈاؤن کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

پاکستان میں 29 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 2 ہزار 674 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید 103 مریض دم توڑ گئے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 98 ہزار 818 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 327 تک پہنچ گئی ہے۔

خیبر پختونخوا

کورونا وائرس کی حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز مزید 927 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 37 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 16 ہزار 523 ہے جبکہ 3 ہزار 238 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں بھی کیسز میں واضح اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 29 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 385 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 5 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 629 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 509 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 2 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 74 ہزار 640 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 677 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 152 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 مریض دم توڑ گئے۔

یہاں مجموعی طور پر 16 ہزار 931 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 470 انتقال کر گئے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 173 افراد کو متاثر کیا اور مزید کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 22 ہزار 118 اور اموات کی تعداد 233 تک پہنچ گئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں گزشتہ روز 16کیسز سامنے آئے، یہاں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 296 ہے۔

علاوہ ازیں یہاں گزشتہ روز مزید ایک مریض دم توڑ گیا، یوں اموات کی تعداد 106 ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024