• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

بھارت میں پھنسے آسٹریلوی کرکٹرز کو منتقل کرنے کا منصوبہ تیار

شائع May 6, 2021
کورونا وائرس کے سبب انڈین پریمیئر لیگ ملتوی ہونے کے بعد آسٹریلین کرکٹرز بھارت میں ہی پھنس گئے ہیں— فائل فوٹو: کرکٹ آسٹریلیا
کورونا وائرس کے سبب انڈین پریمیئر لیگ ملتوی ہونے کے بعد آسٹریلین کرکٹرز بھارت میں ہی پھنس گئے ہیں— فائل فوٹو: کرکٹ آسٹریلیا

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا 2021 کا ایڈیشن کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی بھارت میں ہی پھنس گئے ہیں اور کم از کم 10 دن تک گھر واپس نہیں لوٹ سکتے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اس صورتحال میں آسٹریلین کرکٹرز مالدیپ یا سری لنکا کا رخ کریں گے اور کچھ دن وہاں گزارنے کے بعد اپنے ملک جائیں گے۔

مزید پڑھیں: متعدد کھلاڑیوں میں کورونا کی تشخیص کے بعد انڈین پریمیئر لیگ ملتوی

کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے سربراہ نِک ہاکلی نے بتایا کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) انڈین پریمیئر لیگ میں حصہ لینے والے آسٹریلیا کے تمام کھلاڑیوں کو مالدیپ یا سری لنکا جانے میں مدد کرے گا۔

منگل کے روز آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا کیونکہ ہندوستان کا کووڈ-19 بحران بڑھتا جارہا تھا لیکن اس فیصلے کے بعد آسٹریلیا سمیت دیگر ملکوں کے غیرملکی کھلاڑی پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں کہ اب وہ بھارت سے کس ملک کا رخ کریں۔

آسٹریلیا نے ہندوستان سے آنے والے ایسے تمام مسافروں پر پابندی عائد کردی ہے جو پچھلے 14 دن سے ملک میں موجود ہیں لیکن کرکٹ آسٹریلیا کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو ہاکلی نے کہا کہ کھلاڑی وطن واپسی کی منظوری ملنے تک ہندوستان سے باہر کسی اور ملک میں قیام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی پی ایل: 2 کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میچ ملتوی

نکِ ہاکلی نے سڈنی میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی سی سی آئی ہم سے ناقابل یقین حد تک تعاون کر رہا ہے اور آسٹریلیا کے تمام کھلاڑیوں کو ہندوستان سے باہر منتقل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فی الحال کھلاڑیوں کو مالدیپ اور سری لنکا تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بی سی سی آئی اس وقت معاملات کو حتمی شکل دینے کی کوشش کررہا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اگلے دو سے تین دن میں کھلاڑی منتقل ہو جائیں گے۔

ہاکلی نے مزید کہا کہ بھارتی بورڈ آسٹریلوی کرکٹرز کو وطن واپس پہنچانے کے لیے چارٹرڈ طیارے کا بندوبست کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔

آسٹریلیا نے ہندوستان سے آنے والے مسافروں پر 15 مئی تک پابندی عائد کردی ہے۔

مزید پڑھیں: فرنچائزز کا پی ایس ایل 2021 کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا مطالبہ

آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن (اے سی اے) نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آئی پی ایل ایک ٹیم کی کوچنگ کرنے والے سابق آسٹریلوی بلے باز مائک ہسی کا کووڈ۔19 کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ ٹڈ گرین برگ نے کہا کہ جہاں تک مجھے علم ہے، ہسی واحد آسٹریلین کھلاڑی ہیں جو آئی پی ایل میں وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024