• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

این اے 249: مسلم لیگ (ن)، پی ٹی آئی کی ووٹوں کی گنتی روکنے کی درخواست

10 بج کر 15 منٹ پر ووٹوں کے گنتی کا عمل تعطل کا شکار ہوگیا تھا—فوٹو: ڈان نیوز
10 بج کر 15 منٹ پر ووٹوں کے گنتی کا عمل تعطل کا شکار ہوگیا تھا—فوٹو: ڈان نیوز

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ 249 پر ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر تنازع کھڑا ہو گیا ہے جس کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان، پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی)، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ریکاؤنٹنگ کا بائیکاٹ کردیا جبکہ دونوں بڑی جماعتوں نے گنتی روکنے کے لیے درخواست بھی دے دی۔

سیاسی جماعتوں کی جانب سے ریٹرننگ افسر (آر او) پر متعلقہ حلقے کے فارم 45 اور 46 کی عدم فراہمی اور ووٹوں کے تھیلے کی سیل ٹوٹنے کا الزام عائد گیا جس کے بعد انہوں نے احتجاجاً ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے دوبارہ انتخاب کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: این اے 249: مفتاح اسمٰعیل کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست منظور

اس دوران 10 بج کر 15 منٹ پر ووٹوں کے گنتی کا عمل تعطل کا شکار ہوگیا تھا۔

بعدازاں تقریباً 12 بجے این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل شروع ہوا۔

الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ 23 پولنگ اسٹیشنوں کے ووٹوں کی گنتی مکمل کر لی گئی ہے اور اب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار قادر خان مندوخیل کے 25 ووٹ مسترد کر دیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار امجد آفریدی کے27 ووٹ جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسمٰعیل کے 23 ووٹ مسترد ہو گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ دو بارہ ہونے والی گنتی میں اب تک مجموعی طور پر 75 ووٹ مسترد ہوگئے ہیں۔

اس حوالے سےبتایا گیا کہ حلقے کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ن)، پی ایس پی، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم پاکستان اور دو آزاد اُمیدواروں نے مشترکہ درخواست جمع کراتے ہوئے دوبارہ گنتی کے عمل کا بائیکاٹ کیا تھا۔

درخواست کا عکس
درخواست کا عکس

اس ضمن میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسمٰعیل نے بتایا کہ ایم کیو ایم-پاکستان، پی ایس پی، پی ٹی آئی نے این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کیا اور الیکشن کمیشن کے دفتر سے باہر آگئیں۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ 'لیکن پیپلز پارٹی (پی پی پی)، تحریک لیبک پاکستان (ٹی ایل پی) اور آزاد امیدوار اندر موجود ہیں'۔

انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے دوبارہ گنتی کے حکم پر یہاں پہنچے تھے۔

مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ میں اکیلا بائیکاٹ نہیں کررہا باقی پارٹیاں بھی نکل کرآگئی ہیں۔

مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ صبح بھی آر او نے کہا کہ فارم 46 نہیں دیں گے لیکن ہمیں کم از کم فارم پر دستخط تو دکھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ووٹوں کا پہلا بیگ کھلا گیا تو وہ سیل نہیں تھا اور ہمارے اعتراض پر بتایا گیا کہ سیل گر گئی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: این اے-249 ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل کامیاب

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن میں جائیں گے اور کہیں گے دوبارہ گنتی پر جو مذاق ہورہا ہے اسے رکوائیں۔

مفتاح اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ غیر استعمال شدہ بیلٹ گننے نہیں دیے اور دستخط کی جانچ پڑتال بھی نہیں کرنے دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ آر او نے آج بھی فارم 45 اور 46 دینے سے منع کردیا اور مکمل آڈٹ کرنے سے انکار کیا گیا۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ جو فارم 45 ملے تھے اس میں 167 پر دستخط نہیں تھے جبکہ آر او کاؤنٹر فائل بھی نہیں دکھا رہا تو ایسے میں گنتی بے کار ہے۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) اسٹیبلشمنٹ کے بجائے پیپلز پارٹی سے مقابلہ کرنا چاہتی ہے تو کرے،بلاول

مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے رولز میں واضح ہے کہ فارم 46 دیے جا سکتے ہیں کیونکہ اس کے بغیر آڈٹ نہیں ہوسکتا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر شکست ہوئی تو ہزار مرتبہ تسلیم کروں گا اور کامیاب ہونے والے سیاسی حریف کو ہار پیش کروں گا۔

ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کی پی ٹی آئی کی درخواست

پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ دھاندلی کی وجہ سے ضمنی الیکشن کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن سے پہلے 17 ہزار افراد کے ووٹ دیگر شہروں کو منتقل کیے گئے اور من پسند افسران کو محکمہ تعلیم سے پریذائیڈنگ افسر بنایا گیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے امیدوار کو جتوانے کے لیے ترقیاتی منصوبے شروع کیے اور کئی پولنگ اسٹیشنز پر فارم 45 پولنگ ایجنٹس کو نہیں دیے گئے۔

مسلم لیگ (ن) کی الیکشن کمیشن میں گنتی روکنے کی درخواست

بعدازاں مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسمٰعیل نے کراچی میں این اے 249 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو دی جانے والی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ افسر صرف درست ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی اجازت دے رہا ہے اس لیے دوبارہ گنتی کے عمل کو عارضی طور پر روکا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آر او فارم 46 بھی فراہم نہیں کیے جارہے اور غیر استعمال شدہ بیلٹ پیپرز کی گنتی بھی نہیں کرنے دی جارہی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں نے گنتی کے عمل کا بائیکاٹ کردیا ہے جبکہ الیکشن ایکٹ کے تحت تمام الیکشن مواد کی جانچ ہمارا حق ہے۔

مفتاح اسمٰعیل نے درخواست میں استدعا کی کہ دوبارہ گنتی کے عمل کو عارضی طور پر روکا جائے۔

ہم دوبارہ گنتی کا حصہ نہیں بن سکتے، امجد آفریدی

اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما اور انتخابی امیدوار امجد آفریدی نے اعلان کیا کہ تحریک انصاف نے این اے 249 پر دوبارہ گنتی کو مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے آر او کو درخواست دے دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں فارم 46 نہیں دیا گیا اور صرف 70 پولنگ اسٹیشن کے فارم 45 دیے گئے۔

امجد آفریدی نے بتایا کہ جب تک ہمیں فارم 46 اور تمام پولنگ اسٹیشن کے فارم 45 نہیں دیے جاتے ہم دوبارہ گنتی کا حصہ نہیں بن سکتے۔

بلیٹ باکس کی سیل نہیں تھی، رہنما ایم کیو ایم-پاکستان

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما محمد مرسلین نے کہا کہ پارٹی دوبارہ ووٹوں کی گنتی کے عمل کا بائیکاٹ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بیلٹ باکس لائے گئے تب ان کی سیل نہیں تھی۔

محمد مرسلین نے مزید بتایا کہ بیلٹ باکس کو رسی سے باندھا ہوا تھا۔

خیال رہے کہ 4 مئی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی قومی اسمبلی کے حلقہ 249 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواست منظور کر لی تھی۔

الیکشن کمیشن نے حکم دیا تھا کہ 6 مئی کو صبح 9 بجے ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوگی جس کے لیے تمام جماعتیں آر او آفس پہنچ جائیں۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر مندوخیل نے 16 ہزار 156 ووٹ حاصل کرنے کے بعد کراچی میں این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں بہت کم مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ ڈاکٹر مفتاح اسمٰعیل نے 15 ہزار 473 ووٹوں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی تھی اور پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) نے انتخابی نتائج کو مسترد کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024