• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

یو اے ای کا پاکستان سمیت 4 ممالک پر سفری پابندی عائد کرنے کا اعلان

شائع May 10, 2021
پابندی میں ان ممالک سے آنے والی ٹرانزٹ پروازیں بھی شامل ہیں—فوٹو: رائٹرز
پابندی میں ان ممالک سے آنے والی ٹرانزٹ پروازیں بھی شامل ہیں—فوٹو: رائٹرز

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 12 مئی سے بنگلہ دیش، پاکستان، نیپال اور سری لنکا پر سفری پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ملک کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مذکور پیش رفت سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: مسلسل دوسرے سال بھی غیرملکی عازمین حج پر پابندی لگانے پر غور

اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پابندی کے دوران متحدہ عرب امارات سے بنگلہ دیش، پاکستان، نیپال اور سری لنکا کے لیے مسافروں کی منتقلی کی اجازت ہوگی۔

اس فیصلے میں مسافروں کے داخلے کی معطلی میں توسیع بھی شامل ہے جو متحدہ عرب امارات سے قبل 14 دن کے لیے ان چاروں ممالک میں تھے۔

پابندی میں ان ممالک سے آنے والی ٹرانزٹ پروازیں بھی شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات کے شہریوں سمیت چاروں ممالک کے منظور شدہ سفارتی مشن پر آنے والے افراد، سرکاری وفود، کاروباری طیاروں میں سفر کرنے والے افراد، اور گولڈن رہائشی ہولڈرز کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تاہم یہ افراد احتیاطی تدابیر سے مشروط ہوں گے جس میں 10 روزہ قرنطینہ اور پی سی آر ٹیسٹ شامل ہے۔

اتھارٹی کے مطابق مذکورہ ٹیسٹ ہوائی اڈے میں داخل ہونے کے چوتھے اور آٹھویں روز ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان میں بھارتی مسافروں کی آمد پر پابندی

یو اے ای نے سفر سے قبل پی سی آر ٹیسٹنگ کے دورانیہ 72 سے 48 گھنٹے کردیا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے گزشتہ ماہ بھارت سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل متعدد ممالک نے بھارت سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کردی تھی جہاں کورونا سے یومیہ لاکھوں کیسز اور ہزاروں اموات کی اطلاعات ہیں۔

فلپائن، اٹلی، یو اے ای اور آسٹریلیا نے بھارتی مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کی ہے۔

آسٹریلیا نے یہ بھی خبردار کیا کہ جن لوگوں نے سفری پابندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی، انہیں جیل اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کینیڈا، برطانیہ اور ایران سمیت دیگر ممالک نے بھارت اور پاکستان، دونوں ممالک کے سفر پر پابندی عائد کردی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کیلئے بھارت کے بعد مزید ممالک کے مسافروں پر پابندی متوقع

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں 3 لاکھ 66 ہزار 161 نئے کیسز اور 3 ہزار 754 اموات ہوچکی ہیں۔

علاوہ ازیں پاکستان میں 3 ہزار 447 نئے کیسز اور 78 اموات کی اطلاعات ہیں۔

جس سے ملک میں کیسز کی تعداد 8 لاکھ 61 جبکہ اموات کی تعداد 18 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024