• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

پاکستان نے 3 جے ایف-17 تھنڈر طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کردیے

شائع May 21, 2021
پاک فضائیہ مستقبل میں بھی نائیجیرین فضائیہ کی تمام ضروریات کو پورا کرنے میں معاون رہے گا، ایئر مارشل نعمان علی - فائل فوٹو:اے پی پی
پاک فضائیہ مستقبل میں بھی نائیجیرین فضائیہ کی تمام ضروریات کو پورا کرنے میں معاون رہے گا، ایئر مارشل نعمان علی - فائل فوٹو:اے پی پی

پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے نائیجیرین ایئر فورس کی 57 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی فضائیہ کو ایک پروقار تقریب کے دوران 3 جے ایف-17 تھنڈر طیارے باضابطہ طور پر حوالے کر دیے۔

تقریب میں نائیجیریا کے وزیر دفاع میجر جنرل (ر) بشیر مگاشی نے نائیجیرین صدر کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی جبکہ پاک فضائیہ کے نائب سربراہ ایئر مارشل سید نعمان علی کو تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ 'ہم سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے نائیجیرین فضائیہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے، دو طرفہ تعاون اور شراکت داری کے لیے پاکستان اور پاک فضائیہ کے ممنون ہیں'۔

مزید پڑھیں: جے ایف-17 تھنڈر اور ایف-16 : دونوں میں کیا فرق ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم پاک فضائیہ سے حاصل کیے گئے جے ایف-17 لڑاکا طیاروں کی نائیجیرین فضائیہ میں شمولیت پر بے حد خوش اور پرجوش ہیں'۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایئر مارشل سید نعمان علی نے کہا کہ آج کی تقریب نائیجیریا اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'دونوں برادر ممالک مضبوط فوجی تعاون اور باہمی اعتماد کی تاریخی وابستگی رکھتے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ جے ایف-17 جیسے جدید لڑاکا طیارے کی شمولیت سے نائیجیرین فضائیہ کو حربی فوقیت ملے گی، منفرد جنگی صلاحیتوں کے حامل فائٹر طیاروں کی یہ کھیپ نائیجیریا کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں ایک مضبوط پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: جے ایف 17 تھنڈر کی گھن گرج میں 'سرپرائز ڈے'

انہوں نے نائیجیریا کو یقین دہانی کرائی کہ پاک فضائیہ اور پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ مستقبل میں بھی نائیجیرین فضائیہ کی تمام ضروریات کو پورا کرنے میں معاون رہیں گے۔

واضح رہے کہ نائیجیریا نے پاکستان سے حاصل کردہ جے ایف-17 تھنڈر طیارے اپنے فضائی بیڑے میں شامل کیے ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس نے کووڈ 19 کی وجہ سے درپیش چیلنجز کے باوجود رواں سال مارچ میں طے شدہ شیڈول کے مطابق طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کیے ہیں۔

جے ایف 17 تھنڈر طیارے

نئی خصوصیات اور جدید آلات سے آراستہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاکستان اور چین کے اشتراک سے تیار کیے گئے ہیں۔

چین کے ٹیکنیشنز کی مدد سے پاکستان میں تیار کئے جانے والے جے ایف 17 تھنڈر کم وزن ملٹی رول طیارے ہیں جو آواز کی رفتار سے دوگنا زیادہ رفتار سے 55000 فٹ کی بلندی تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان طیاروں کی تیاری کا آغاز 1999 میں ہوا تھا اور اس کی پہلی آزمائشی پرواز 2003 میں کی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024