• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کراچی میں فلسطینیوں سے یکجہتی کیلئے مارچ

فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کراچی میں مارچ کا انعقاد ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
شائع May 23, 2021 اپ ڈیٹ May 24, 2021

فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کراچی میں مارچ کا انعقاد ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

کراچی کی شاہراہ فیصل پر ہونے والے مارچ میں فلسطینی پرچم اٹھائے افراد 'لبیک یا اقصیٰ' اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔

مارچ میں ہزاروں خواتین بھی شامل تھیں جن میں سے کچھ نے بچوں کو بھی گود میں اٹھایا ہوا تھا۔

مارچ میں شریک خواتین — فوٹو: اے ایف پی
مارچ میں شریک خواتین — فوٹو: اے ایف پی

مارچ میں ہزاروں خواتین بھی شریک ہوئیں — فوٹو: اے ایف پی
مارچ میں ہزاروں خواتین بھی شریک ہوئیں — فوٹو: اے ایف پی

مارچ میں شریک خواتین کے ایک گروپ نے ایک بڑا بینر اٹھایا ہوا تھا جس پر لکھا تھا 'الاقصیٰ تمہارا دفاع ہمارا عقیدہ ہے'، جبکہ ایک گروپ نے بہت بڑا فلسطینی پرچم تھاما ہوا تھا۔

غزہ پر حملے کے بعد یہ پاکستان میں فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے سب سے بڑا اجتماع تھا جس میں شعیہ، سنی اور مسیحی برادری کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

منتظمین کے مطابق ایک لاکھ سے زیادہ افراد نے مارچ میں شرکت کی جو شاہراہ فیصل کے 5 کلومیٹر رقبے تک پھیلا ہوا تھا، تاہم سیکیورٹی اداروں کے مطابق شرکا کی تعداد 40 سے 50 ہزار تھی۔

مارچ  شاہراہ فیصل کے 5 کلومیٹر رقبے تک پھیلا ہوا تھا— فوٹو: اے ایف پی
مارچ شاہراہ فیصل کے 5 کلومیٹر رقبے تک پھیلا ہوا تھا— فوٹو: اے ایف پی

غزہ پر حملے کے بعد یہ پاکستان میں فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے سب سے بڑا اجتماع تھا — فوٹو: اے ایف پی
غزہ پر حملے کے بعد یہ پاکستان میں فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے سب سے بڑا اجتماع تھا — فوٹو: اے ایف پی

مارچ سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے حماس کے رہنما اسمٰعیل ہانیہ نے کہا کہ مسلم امہ نے اسرائیلی جارحیت کے بعد فلسطینوں کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ 'اسرائیل ہماری سرزمین پر قبضہ کرنا چاہتا ہے جو ہم کبھی نہیں ہونے دیں گے، ہمارے بہادر عوام ظالم طاقتوں کو اس جنگ میں شکست دیں گے، جس نے اسرائیل اور اس کی نفرت انگیز نظریے کو بے نقاب کردیا ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہماری جدوجہد ہمارے بزرگوں، نوجوانوں، خواتین اور بچوں کے خون میں دوڑتی ہے، ہم اس پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے'۔

انہوں نے فلسطینی عوام کی جدوجہد پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ پاکستانی حکومت عالمی فورمز میں فلسطینیوں کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔

سراج الحق نے فلسطینیوں اور حماس کو اسرائیلی فورسز کے خلاف کامیاب مزاحمت پر مبارکباد دی— فوٹو: اے ایف پی
سراج الحق نے فلسطینیوں اور حماس کو اسرائیلی فورسز کے خلاف کامیاب مزاحمت پر مبارکباد دی— فوٹو: اے ایف پی

مارچ سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے فلسطینیوں اور حماس کو اسرائیلی فورسز کے خلاف کامیاب مزاحمت پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ 'وہ گھر تباہ کرسکتے ہیں، نہتی خواتین اور بچوں کو شہید کرسکتے ہیں اور شہریوں پر بمباری کرسکتے ہیں مگر وہ ان کی مزاحمت کو ختم نہیں کرسکتے، جو فلسطین کی آزادی تک جاری رہے گی'۔

اسرائیلی جارحیت کو روکنے میں ناکامی پر مغربی طاقتوں بالخصوص امریکا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ یا امریکا نے نہیں بلکہ نہتے فلسطینوں کی مزاحمت نے اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کیا۔

سراج الحق کے مطابق نہتے فلسطینیوں کی مزاحمت نے اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کیا— فوٹو: اے ایف پی
سراج الحق کے مطابق نہتے فلسطینیوں کی مزاحمت نے اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کیا— فوٹو: اے ایف پی


ہیڈر فوٹو کریڈٹ: اے ایف پی