• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

مرد مداح پوچھتے ہیں کہ آپ نے جلدی شادی کیوں کی؟ حرا سومرو

شائع May 29, 2021
شوبز میں آنے سے قبل ہی شادی کرلی تھی، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شوبز میں آنے سے قبل ہی شادی کرلی تھی، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام

’ماں صدقے‘ ڈرامے سے اداکاری کا آغاز کرنے والی اداکارہ حرا سومرو کے مطابق ان کے مقبول ڈرامے دیکھنے کے بعد جب ان کے مرد مداحوں کو معلوم ہوا کہ وہ شادی شدہ ہیں تو وہ انہیں سوشل میڈیا پر میسیج کرکے پوچھتے ہیں کہ انہوں نے جلدی شادی کیوں کرلی؟

حرا سومرو نے اگرچہ چند سال قبل ہی اداکاری کا آغاز کیا تھا، تاہم انہیں مقبولیت حال ہی میں نشر ہونے والے ڈراموں ’چپکے چپکے‘ اور ’خدا اور محبت 3‘ سے ملی۔

حرا سومرو نے اداکاری سے قبل دوران تعلیم ہی ماڈلنگ شروع کی تھی اور اداکاری سے قبل ہی وہ شادی کر چکی تھی اور وہ ایک بچی کی ماں بھی بن چکی تھیں۔

تاہم کم عمر ہونے کی وجہ سے زیادہ افراد کو لگتا تھا کہ شاید حرا سومرو غیر شادی شدہ ہیں، تاہم جب ان کی مقبولیت بڑھنے لگی اور میڈیا میں ان کی شادی کی خبریں بھی آئیں تو بقول ان کے ان کے مداح مایوس بھی ہوئے۔

گھر والوں کی خواہش تھی کہ سی ایس ایس افسر بنوں، اداکارہ—اسکرین شاٹ
گھر والوں کی خواہش تھی کہ سی ایس ایس افسر بنوں، اداکارہ—اسکرین شاٹ

حال ہی میں ‘فوچیا میگزین‘ کو دیے گئے انٹرویو میں حرا سومرو نے بتایا کہ اداکاری سے قبل ہی وہ ایک بچی کی ماں بن چکی تھیں اور حال ہی میں ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش بھی ہوئی ہے۔

حرا سومرو نے بتایا کہ ان کی بیٹی ’جیسا‘ کی عمر 4 سال ہے جب کہ ان کے بیٹے موسیٰ کی عمر ابھی دو ماہ ہے۔

اداکارہ کے مطابق کیریئر کے آغاز میں جہاں مداح ان کی شادی سے بے خبر تھے، وہیں انڈسٹری کے بہت سارے افراد کو بھی ان کی شادی اور بچوں سے متعلق کوئی معلومات نہیں تھی اور زیادہ تر لوگ انہیں غیر شادی شدہ سمجھتے تھے۔

اداکارہ نے بتایا کہ اب جب لوگوں کو معلوم ہو چکا ہے کہ وہ شادی شدہ ہیں، تب ان کے مرد مداح مایوسی کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں اور ان کی سوشل میڈیا پوسٹس میں بھی کمنٹس کرکے ان سے پوچھتے ہیں کہ انہوں نے جلدی شادی کیوں کی؟

حرا سومرو کا کہنا تھا کہ وہ اپنی سوشل میڈیا پوسٹس پر مرد مداحوں کے اپنی شادی سے متعلق کمنٹس پڑھ کر مزے لیتی رہتی ہیں جب کہ کوئی مرد مداح ان سے سوشل میڈیا پر محبت کا اظہار کرے یا شادی کی خواہش ظاہر کرے تو ان سے پہلے ان کے شوہر ہنس پڑتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مرد مداحوں کی جانب سے محبت کا اظہار کرنے یا شادی کی خواہش پر ان کے شوہر ہلکی آواز میں ایسے لوگوں کو کہتے ہیں کہ وہ پاگل ہیں اور انہیں حرا کا کچھ پتہ ہی نہیں۔

شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ ان کی شادی کزن سے ہوئی ہے، تاہم شادی سے قبل ان کے درمیان محبت ہوگئی تھی، لیکن ایک ہی خاندان سے ہونے کی وجہ سے رشتہ طے ہوا تو زیادہ تر لوگوں کو لگتا ہے کہ ہم نے خاندان کی مرضی سے شادی کی۔

انہوں نے شوہر اور سسرالیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اہل خانہ کی مدد کے بغیر اداکاری میں نہیں آ سکتی تھیں اور ان کے شوہر ان کی ہمت افزائی کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں حرا سومرو نے بتایا کہ تاحال ان کے شوہر نے انہیں کسی طرح کے کردار ادا کرنے سے نہیں روکا، تاہم وہ ذاتی طور پر اس وقت کا انتظار کر رہی ہیں، جب وہ کسی ڈرامے میں کسی مرد کے ساتھ محبت یا شادی کا کردار ادا کریں گی، کیوں کہ وہ ایسا کردار ادا کرکے شوہر کے تاثرات دیکھنا چاہتی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ ماڈلنگ کرتی تھیں، تب وہ اپنے اشتہارات کے بل بورڈز کے نیچے یا قریب جا کر کھڑی ہوتی تھیں، تاہم پھر بھی لوگ انہیں نہیں پہچانتے تھے اور کوئی ان کے ساتھ سیلفی نہیں بناتا تھا تو انہیں تکلیف ہوتی تھی۔

حرا سومرو کا کہنا تھا کہ ’خدا اور محبت‘ سمیت ’چپکے چپکے‘ کی وجہ سے انہیں شہرت ملی اور اب بھارت سے بھی مداح ان سے محبت اور شادی کے پیغامات بھجواتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد سندھی اور والدہ اردو اسپیکنگ ہیں جب کہ ان کا کوئی بھائی نہیں اور وہ 6 بہنوں میں سب سے بڑی ہیں۔

ان کے مطابق سندھی خاندان سے ہونے کی وجہ سے ان کی والدہ کی خواہش تھیں کہ حرا سومرو سی ایس ایس افسر بنیں، تاہم ایسا نہیں ہوسکا۔

اداکارہ کے مطابق انہیں بچپن سے اداکاری یا ہدایت کاری کا شوق تھا اور اسی لیے انہوں نے میڈیا اسٹڈیز کی تعلیم حاصل کی اور ایک طرح سے وہ منصوبہ بندی کے تحت شوبز میں آئی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024