• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

’ٹارزن‘ کا کردار ادا کرنے والے اداکار اہلیہ سمیت حادثے میں ہلاک

شائع May 31, 2021
اداکار نے ٹارزن کے کردار سے شہرت حاصل کی—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: فیس بک
اداکار نے ٹارزن کے کردار سے شہرت حاصل کی—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: فیس بک

امریکی ٹیلی فلم ’ٹارزن منہٹن‘ میں جنگلی ہیرو ’ٹارزن‘ کا کردار ادا کرنے والے معروف امریکی اداکار ولیم جوزف لارا فضائی حادثے میں اہلیہ سمیت ہلاک ہوگئے۔

ولیم جوزف لارا نے اداکاری سے قبل مارشل آرٹ اور ماڈلنگ میں بھی فن کا مظاہرہ کیا تھا لیکن جلد ہی انہوں نے 1990 سے قبل ہی اداکاری کا آغاز کردیا تھا۔

ولیم جوزف لارا نے فلم ’نائٹ وارز‘ میں امریکی فوجی کا کردار ادا کرنے سے اداکاری کا آغاز کیا اور اگلے ہی سال 1989 میں انہیں شہرہ آفاق ٹیلی فلم ’ٹارزن منہٹن‘ میں مرکزی کردار دیا گیا۔

ولیم جوزف لارا کو ’ٹارزن‘ کا کردار ادا کرنے سے ہی شہرت ملی تھی، ان کی مذکورہ فلم ’سی بی ایس‘ ٹی وی نے تیار کی تھی، جسے دنیا کے متعدد ممالک میں بھی اس وقت ٹی وی پر دکھایا گیا تھا۔

مذکورہ ٹیلی فلم کے بعد ولیم جوزف لارا متعدد ہولی وڈ و امریکی فلموں میں دکھائی دیے جب کہ انہوں نے کئی ڈراموں میں بھی کام کیا۔

ولیم جوزف لارا نے 1996 میں دوبارہ ’ٹارزن‘ ٹی وی سیریز میں مرکزی کردار ادا کیا اور سیریز کی 22 قسطیں پورا سال نشر ہوتی رہیں اور ان کی مذکورہ سیریز کو بھی دنیا کے متعدد ممالک نے ٹی وی پر نشر کیا۔

اداکار نے ٹارزن سیریز سے شہرت حاصل کی—اسکرین شاٹ
اداکار نے ٹارزن سیریز سے شہرت حاصل کی—اسکرین شاٹ

ولیم جوزف لارا گزشتہ کئی سال سے شوبز کی دنیا میں کم دکھائی دیتے تھے لیکن وہ 2018 میں تقریبا 6 سال بعد فلموں میں مختصر کردار میں دکھائی دیے تھے۔

ان کی آخری فلم ’سمر آف 67‘ کو 2018 میں جب کہ ان کے آخری ڈرامے ’دی میگنیفسینٹ سیون‘ کو 2000 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

ولیم جوزف لارا دو دن قبل ایک چھوٹے طیارے کے ذریعے امریکی ریاست ٹینیسی میں ایک سے دوسرے شہر کے لیے فضائی سفر کر رہے تھے کہ ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ولیم جوزف لارا جس طیارے میں سوار تھے وہ ریاست ٹینیسی کی کاؤنٹی رتھرفورڈ کی حدود میں سمندر میں گر کر تباہ ہوا۔

حادثے کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں لیکن حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں 30 مئی تک تلاش نہیں کی جا سکی تھیں۔

حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں ولیم جوزف لارا سمیت ان کی اہلیہ ڈائٹ پروگرامر گوین ایس لارا بھی سوار تھیں اور حادثے میں مجموعی طور پر 7 افراد ہلاک ہوئے۔

حکام کے مطابق طیارے میں سوار تمام افراد کا تعلق ریاست ٹینیسی کے ایک ہی شہر برینٹ ووڈ سے تھا لیکن فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ہلاک ہونے والے دیگر افراد کا اداکار سے کیا رشتہ تھا؟

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دیگر افراد میں ڈیوڈ مارٹن، جینیفر مارٹن، جیسیکا والٹرز اور جوناتھن والٹرز شامل ہیں۔

حادثے کے بعد لاشوں کی تلاش کا کام شروع کردیا گیا—فوٹو: اے پی
حادثے کے بعد لاشوں کی تلاش کا کام شروع کردیا گیا—فوٹو: اے پی

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024