• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

لانگ کووڈ کی 12 علامات جن کا علم سب کو ہونا چاہیے

شائع June 1, 2021
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

ایسا کوئی رسمی ٹیسٹ یا طریقہ کار موجود نہیں جس سے تصدیق ہوسکے کہ کووڈ 19 کو شکست دینے والے افراد کو اس کی طویل المعیاد علامات کا سامنا ہے۔

بیماری کے کئی ہفتوں یا مہینوں بعد بھی مختلف علامات کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے لانگ کووڈ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

اس حوالے سے کئی ماہ سے مسلسل تحقیقی کام جاری ہے۔

ایسے مریضوں میں متعدد اقسام کی علامات کو دریافت کیا جاچکا ہے اور ایک اندازے کے مطابق ہر 10 میں سے ایک یا 3 میں سے ایک مریض کو کووڈ 19 کو شکست دینے کے بعد لانگ کووڈ کا سامنا ہوتا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ لانگ کووڈ کی علامات براہ راست وائرس کا نتیجہ ہوتی ہیں یا بیماری کے نتیجے میں جسم میں تناؤ اور صدمے کی کیفیت اس کا باعث ہے۔

تاہم طبی ماہرین نے لانگ کووڈ سے متاثر افراد میں درج ذیل علامات کو شناخت کیا ہے۔

دماغی دھند

لانگ کووڈ پر ہونے والی 51 تحقیقی رپورٹس کے تجزیے پر مشتمل ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ طویل المعیاد علامات کا سامنا کرنے والے ہر 5 میں سے ایک مریض کو ابتدائی بیماری سے صحتیابی کے 6 ماہ بعد بھی دماغی دھند کا سامنا ہوتا ہے، یعنی ذہنی الجھن، چیزیں بھولنا اور توجہ مرکوز نہ کرپانے جیسے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

یہ تحقیق جس کے نتائج ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے، میں بتایا گیا کہ ان کا سامنا ایسے مریضوں کو بھی ہوسکتا ہے جن کو ہسپتال جانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

تھکاوٹ

چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق کے مطابق کووڈ 19 سے معمولی حد تک بیمار ہونے والی یعنی جن کو ہسپتال میں داخل نہیں ہونا پڑا، ہر 10 میں سے 6 افراد کو بھی صحتیابی کے 6 ماہ بعد تھکاوٹ اور کمزوری کا سامنا ہوتا ہے۔

نیند کے مسائل

51 تحقیقی رپورٹس کے ایک تجزیے کے مطابق لانگ کووڈ کے ہر 5 میں سے ایک مریض کو بیماری کے 6 ماہ بعد بھی سونے کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

سانس لینے میں مشکلات اور مسلسل کھانسی

73 ہزار امریکی مریضوں پر ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق کووڈ 19 کو شکست دینے والے مریضوں میں ایک سے 6 ماہ بعد بھی سانس لینے میں مشکلات اور مسلسل کھانسی جیسی علامات عام ہوتی ہیں۔

دل کے مسائل

امریکا میں ہونے والے ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ لانگ کووڈ کے مریضوں میں دل کی دھڑکن کی رفتار بڑھنا یا بے ترتیبی جیسے مسائل عام ہوتے ہیں۔

اسی طرح کووڈ 19 کے متاثرین میں صحتیابی کے 6 ماہ بعد ہارٹ فیلیئر اور بلڈ کلاٹس جیسی خطرناک پیچیدگیوں کا خطرہ ہوتا ہے جبکہ لانگ کووڈ کے کچھ مریضوں میں دل کے پٹھوں کے ورم کو بھی دریافت کیا گیا ہے۔

دماغی علامات اور امراض

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کووڈ 19 کو شکست دینے والے ایک تہائی مریضوں کو دماغی علامات یا ذہنی امراض کا سامنا 6 ماہ کے اندر ہوسکتا ہے، ایسے افراد میں ذہنی بے چینی، چڑچڑا پن اور ڈپریشن جیسی علامات عام ہوتی ہیں۔

سونگھنے کی حس سے محرومی

ایک محدود تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جن لوگوں کو کووڈ 19 کے دوران سونگھنے کی حس سے محرومی کا سامنا ہوتا ہے، ان میں سے ایک تہائی کی یہ حس بیماری کے کئی ماہ بعد بھی بحال نہیں ہوتی۔

نظام ہاضمہ کے مسائل

چین میں ہونے والی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کووڈ 19 کے نتیجے میں ہسپتال میں زیرعلاج رہنے والے 40 فیصد سے زیادہ مریضوں کو صحتیابی کے 3 ماہ بعد بھی نظام ہاضمہ کے مسائل جیسے کھانے کی اشتہا ختم ہوجانا، متلی، سینے میں جلن اور ہیضہ عام ہوتے ہیں۔

خارش اور بالوں کا گرنا

ایک تحقیق میں دریاافت کیا گیا کہ کووڈ 19 کو شکست دینے والے افراد میں 6 ماہ بعد بھی جلد پر خارش کا سامنا تھا جبکہ چین میں ایک تحقیق میں کووڈ کے باعث ہسپتال میں زیرعلاج رہنے والے مریضوں میں 6 ماہ بعد بالوں سے محرومی کو رپورٹ کیا گیا۔

سینے میں کھچاؤ، جوڑوں اور مسلز کی تکلیف،

لانگ کووڈ کی علامات پر ہونے والے ایک سروے میں بتایا گیا کہ 10 میں سے 9 افراد نے سینے میں کھچاؤ، مسلز میں تکلیف اور جوڑوں میں تکلیف جیسی علامات کو بیماری کے ایک مہینے بعد رپورٹ کیا۔

یہ علامات کچھ افراد میں کم از کم 7 ماہ تک موجود رہی تھیں، تاہم اس تحقیق کے نتائج تاحال کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے۔

ذیابیطس

ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ لانگ کووڈ کے مریضوں بیماری کے 6 ماہ بعد ذیابیطس کی تشخیص کا امکان 39 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

گردوں کے امراض

کووڈ کو شکست دینے والے افراد میں گردوں کے دائمی امراض کا خطرہ بھی بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

دیگر علامات جو اب تک بڑی تحقیقی رپورٹس کا حصہ نہیں بن سکیں

لانگ کووڈ کے مریضوں کی جانب سے متعدد دیگر علامات کو بھی رپورٹ کیا گیا ہے جن کی سائنسدا ابھی تصدیق یا جانچ پڑتال نہیں کرسکے۔

مثال کے طور پر کچھ مریضوں نے کانوں میں مسلسل گھنٹیاں بجنے کے مسئلے کو رپورٹ کیا جبکہ کچھ خواتین نے ماہواری یا مخصوص ایام میں بے ترتیبی کے بارے میں بتایا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024