• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

فرانس کے صدر کو تھپڑ مارنے والے شہری کو 4 ماہ قید کی سزا

شائع June 11, 2021
-فائل/فوٹو:رائٹرز
-فائل/فوٹو:رائٹرز

فرانس کی ایک عدالت نے ملک کے صدر ایمانوئیل میکرون کو عوام کے سامنے تھپڑ مارنے والے 28 سالہ شہری کو 4 ماہ قید کی سزا سنادی۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے 28 سالہ ڈیمین ٹیریل قرون وسطیٰ کی تلوار بازی کا مداح ہے اور انہوں نے کہا کہ وہ دائیں بازو کے نظریات سے متاثر ہے۔

مزید پڑھیں: فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کو ہجوم میں ایک شخص نے تھپڑ مار دیا

عدالت نے ڈیمین ٹیریل کو 18 ماہ قید کی سزا سنائی تاہم 14 ماہ کی سزا معطل کردی گئی، جس کے بعد انہیں 4 ماہ جیل میں گزارنے ہوں گے۔

قبل ازیں انہوں نے فرانس کے جنوبی علاقے ویلینس میں عدالت کو بتایا تھا کہ انہوں نے میکرون کو تھپڑ اس لیے مارا کیونکہ وہ فرانس کو نقصان پہنچانے والے تمام لوگوں کے ساتھ کھڑے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ میکرون کے جنوبی فرانس میں ڈروم ریجن کے دورے سے کئی دن قبل سوچا تھا کہ ان پر انڈے یا کریم پھینک دوں لیکن تھپڑ مارنا پہلے سے سوچا منصوبہ نہیں تھا۔

عدالت میں انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں میکرون ہمارے ملک کی بہت صاف دہائی کی نمائندگی کر رہا ہے اور میرا خیال تھا کہ اگر میں میکرون کو چیلنج کروں تو وہ مجھے جواب دیں گے۔

دوسری جانب میکرون نے واقعے کو ایک نظر انداز شدہ واقعہ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ تشدد اور نفرت جمہوریت کے لیے خطرہ ہے جبکہ عدالت میں ملزم کے بیان پر ان کے دفتر سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

عدالت نے ڈیمین ٹیریل کو سرکاری عہدیدار کو مارنے کے جرم میں سزا سنائی ہے، جس کی عام طور پر سزا 3 سالہ جیل اور 45 ہزار یورو جرمانہ ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترک صدر کا فرانسیسی صدر کو 'دماغی معائنہ' کرانے کی تجویز

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کو ملک کے جنوبی حصے میں دورے کے دوران ہجوم میں شامل ایک شخص نے تھپڑ مارا تھا اور سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک شخص کو عوامی دورے کے دوران ایمانوئیل میکرون کو تھپڑ مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

فرانسیسی صدر کی سیکیورٹی نے فوری طور پر مداخلت کی اور مذکورہ شخص کو ایمانوئیل میکرون سے دور کردیا تھا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب ایمانوئیل میکرون فرانس کے جنوب-مشرقی علاقے ڈروم کے دورے پر تھے، جہاں انہوں نے ریسٹورنٹ مالکان اور طلبہ سے بات چیت کی تھی کہ کورونا وائرس کے بعد اب زندگی معمول کی جانب کیسے لوٹ رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں سفید شرٹ میں ملبوس ایمانوئیل میکرون کو دھاتی رکاوٹوں کے پیچھے کھڑے ہجوم کی جانب پیدل جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فرانسیسی صدر نے ایک شخص سے مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھایا جس نے سبز رنگ کی شرٹ پہنی ہوئی تھی اور ساتھ میں گلاسز اور فیس ماسک پہنا ہوا تھا۔

مذکورہ شخص کو ویڈیو میں 'میکرون کے اقدامات نامنظور' کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے جس کے بعد اس شخص نے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے چہرے پر تھپڑ مار دیا۔

جس پر ایمانوئیل میکرون کے 2 سیکیورٹی اہلکاروں نے سبز شرٹ میں ملبوس شخص کو گھیر لیا جبکہ دیگر ایمانوئیل میکرون کے ساتھ گئے۔

تاہم واقعے کے چند سیکنڈز بعد فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون جائے وقوع پر عوام کے ہجوم کے سامنے پھر سے موجود تھے اور رکاوٹوں کے باوجود بظاہر کسی سے بات چیت کرتے نظر آئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024