• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ویب سیریز 'دھوپ کی دیوار' کا ٹریلر ریلیز

شائع June 16, 2021
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے تناظر میں بنائی گئی ویب سیریز 25 جون کو ریلیز ہوگی—فوٹوز: اسکرین شاٹ
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے تناظر میں بنائی گئی ویب سیریز 25 جون کو ریلیز ہوگی—فوٹوز: اسکرین شاٹ

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور وہاں 2019 میں ہونے والے پلوامہ حملے کے تناظر میں بنائی جانے والی ویب سیریز 'دھوپ کی دیوار' کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔

ٹی وی اسکرین اور حقیقی زندگی کی مقبول ترین شوبز جوڑی کا اعزاز رکھنے والے احد رضا میر اس ویب سیریز میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

معروف ڈراما اور ناول نگار عمیرہ احمد کی تحریر کردہ کہانی پر بنی ویب سیریز 'دھوپ کی دیوار' کی ہدایات حسیب حسن نے دی ہیں، جو محبت، خاندان اور نقصان کی داستان سناتی ہے۔

مزید پڑھیں: ویب سیریز 'دھوپ کی دیوار' کا ٹیزر جاری

اس ویب سیریز کو یوں تو سرحد پار محبت کی کہانی کے طور پر پیش کیا جارہا ہے لیکن یہ سیریز اس سے کہیں زیادہ ہے۔

ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویشال (احد رضا میر) اور سارہ (سجل علی) جب جنگ میں اپنے والد کو کھودیتے ہیں تو اپنی زندگیوں کو ایک دوسرے سے جڑا ہوا پاتے ہیں اور ان کا مشترکہ دکھ ان کی دوستی کی بنیاد بن جاتا ہے جس سے ان کے خاندان ناخوش ہوتے ہیں۔

جنگ، دکھ اور ایک دوسرے کے دکھ سے واقفیت کی اس کہانی پر مبنی ٹریلر نے مداحوں کو بہت متاثر کیا ہے اور وہ جلد ویب سیریز ریلیز ہونے کے منتظر ہیں۔

اسما نامی صارف نے لکھا کہ میں اس ویب سیریز کا بے صبری سے انتظار کررہی ہوں۔

ایک اور صارف نے کہا کہ احد اور سجل کے علاوہ میں منظر صہبائی کی پرفارمنس کا منتظر ہوں، مجھے الف میں ان کی پرفارمنس بہت پسند آئی تھی۔

سانز نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ انہیں 'دھوپ کی دیوار' کا ٹریلر بہت پسند آیا، اس کے ذریعے ہمارے لوگ ایک مثبت پیغام دینے جارہے ہیں۔

اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں 'دھوپ کی دیوار' کا ٹیزر ریلیز کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پلوامہ حملے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر ’دھوپ کی دیوار‘

زی فائیو کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریلیز کیے گئے ٹیزر میں سجل علی کو ایک سوال پوچھتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ٹیزر میں سفید رنگ کے لباس میں ملبوس سجل علی کہتی ہوئی نظر آئیں کہ 'ایک چھوٹا سا سوال پوچھنا تھا آپ سے، چلیں پہلے اس کا سیاق و سباق سمجھ لیتے ہیں'۔

وہ مزید کہتی ہیں کہ 'میں 19سال کی تھی جب میرے والد بارڈر پر ایک جنگ میں شہید ہوگئے تھے، اب آپ پہچانیں، میں پاکستانی ہوں یا ہندوستانی'۔

زی فائیو نے اس ٹیزر کے کیپشن میں لکھا تھا کہ 'کھودیا ہے کسی نے اپنی زندگی کا ایک حصہ، لکیر کے اس پار یا اس پار، یہی ہے قصہ'۔

'دھوپ کی دیوار' میں منظر صہبائی، سامیہ ممتاز، علی خان، عدنان جعفر، ثمینہ احمد اور زیب رحمٰن بھی دکھائی دیں گے اور یہ فلم بھارتی ویب چینل زی فائیو پر ریلیز ہوگی۔

حقیقی واقعات سے متاثر ہوکر بنائی گئی ویب سیریز کی کہانی پاکستان اور بھارت کے 2 خاندانوں کے گرد گھومتی ہے۔

مزید پڑھیں: سجل اور احد کی ویب سیریز 'دھوپ کی دیوار' کی پہلی جھلک

ویب سیریز میں دراصل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزیوں پر شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندان کے درد کو سامنے لانے کی ایک کوشش ہے۔

قبل ازیں ویب سیریز کے حوالے سے ہدایت کار حسیب حسن نے ڈان امیجز کو بتایا تھا کہ سجل علی ایک پاکستانی فوجی کرنل کی نوعمر بیٹی کا کردار ادا کریں گی اور ان کے والد کا کردار عدنان جعفر ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

ویب سیریز میں سویرا ندیم ان کی والدہ جبکہ منظر صہبائی دادا اور ثمینہ احمد دادی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

حسیب حسن کے مطابق سامیا ممتاز ویب سیریز میں احد رضا میر کی والدہ اور زیب رحمٰنی ان کی دادی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

زارا ترین اور پارس مسرور جیسی اداکارائیں ’دھوپ کی دیوار‘ میں بھارتی افراد کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

ویب سیریز 'دھوپ کی دیوار ' کو 25 جون کو بھارتی اسٹریمنگ پلیٹ فارم زی فائیو پر ریلیز کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024