• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

حکومت سندھ ترقیاتی فنڈز منصفانہ تقسیم کرے، وزیر اعظم

شائع June 25, 2021
وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے — فوٹو:اے پی پی
وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے — فوٹو:اے پی پی

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ ترقیاتی فنڈز کو منصفانہ طریقے سے تقسیم کرے تاکہ صوبے کے نظر انداز کیے گئے علاقوں میں بھی ترقیاتی اسکیمیں شروع کی جاسکیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت تمام صوبوں کو بروقت ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق عمران خان نے کہا کہ 'جہاں وفاقی حکومت این ایف سی کے تحت بروقت فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے وہیں یہ بھی ضروری ہے کہ حکومت سندھ منصفانہ طریقے سے صوبائی فنڈز تقسیم کرے'۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر اور ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی اور سینیٹر فیصل سبزواری اس ملاقات میں شریک تھے۔

مزید پڑھیں: بجٹ سے سب خوش ہوں گے، وزیر اعظم عمران خان

انہوں نے وزیر اعظم کو کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی میں وفاقی حکومت کے منصوبوں کی جلد تکمیل اور نئی اعلان کردہ اسکیموں کا جلد آغاز حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

زرعی نقشہ سازی

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تحفظ خوراک جمشید اقبال چیمہ سے علیحدہ ملاقات میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ زرعی نقشے تیار کیے گئے ہیں جس کے تحت بنجر زمینوں کو کاشت میں لایا جائے گا اور پانی کے وسائل کے استعمال میں مزید بہتری لائی جائے گی۔

بتایا گیا کہ نقشہ سازی کے تحت بلوچستان سمیت ملک بھر میں سالانہ کاشت اور مناسب فصلوں کی نشاندہی کے علاوہ مویشیوں کے افزائشِ نسل کے لیے ایک جامع منصوبہ بھی مرتب کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم کو مزید بتایا گیا کہ چولستان میں 6 لاکھ ایکڑ اراضی کو قابل کاشت بنانے اور کاشتکاروں میں تقسیم کرنے کے علاوہ کارپوریٹ کاشتکاری بھی متعارف کروائی جائے گی۔

خیبر پختونخوا کے قانون سازوں سے ملاقات

وزیر اعظم عمران خان سے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی اور منصوبوں، بالخصوص صوبے میں تعلیم کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی سلیم الرحمٰن، صالح محمد، مجاہد علی، نور عالم خان، ملک فخر زمان، ملک انور تاج، شیر اکبر خان اور گل داد خان موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی سرکاری تقریبات میں اردو زبان استعمال کرنے کی ہدایت

اس موقع پر متعلقہ حلقوں کے مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ، ماحولیاتی تبدیلی کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ

وزیر اعظم عمران خان اور بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے ملک میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری مہم اور کووڈ-19 سے پیدا ہونے والے صحت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق عمران خان نے دنیا بھر میں پسماندہ افراد کی معاشی و سماجی ترقی اور بالخصوص صحت کی خدمات تک عالمگیر رسائی کے فروغ اور متعدی امراض کی روک تھام کے لیے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے بالخصوص پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے فاؤنڈیشن کی شراکت داری پر اظہار تشکر کیا اور اس امر کا اعادہ کیا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اہم قومی ترجیح ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ رواں ماہ 7 سے 11 جون تک ملک میں پولیو کے خاتمے کے لیے خصوصی مہم کا انعقاد کیا گیا، جس دوران پانچ سال سے کم عمر کے 3 کروڑ 30 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے۔

وزیر اعظم نے ملک میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں بھرپور پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اُمید ظاہر کی کہ تمام شراکت داروں کے تعاون سے پولیو کا جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم نے اقتصادی مشاورتی کونسل کی تشکیل نو کی منظوری دے دی

بیان کے مطابق بل گیٹس نے اس قومی مقصد کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے قائدانہ کردار کو سراہا اور کہا کہ پولیو پر قابو پانے کے سلسلے میں پیشرفت حوصلہ افزا ہے اور اس سلسلے میں بھرپور کوششیں پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

وزیر اعظم نے ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔

آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان کی صلاحیت اور حکومت کی کاروبار دوست پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے مائیکرو سافٹ کو پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے لیے کہا۔

انہوں نے بل گیٹس کو پاکستان میں مائیکرو سافٹ انکیوبیشن لیب قائم کرنے پر غور کرنے کو بھی کہا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024