• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عدالتی کمیشن عثمان کاکڑ کی موت کی تحقیقات کرے گا

شائع June 28, 2021
عثمان کاکڑ 21 جون کو کراچی کے نجی ہسپتال میں دم توڑ گئے تھے —تصویر: فیس بک
عثمان کاکڑ 21 جون کو کراچی کے نجی ہسپتال میں دم توڑ گئے تھے —تصویر: فیس بک

کوئٹہ: بلوچستان کی حکومت نے پختونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے صوبائی صدر اور سابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ کی موت کی تحقیقات کے لیے 2 رکنی عدالتی کمیشن تشکیل دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان کے اہلِ خانہ اور پی کے میپ کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا تھا کہ 23 جون 2021 کو کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں دم توڑنے والے عثمان کاکڑ کو سازش کے تحت قتل کیا گیا۔

انہوں نے عدالتی کمیشن کے ذریعے اس معاملے کی انکوائری کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ: اپوزیشن نے عثمان کاکڑ کے انتقال پر سوالات اٹھادیے، تحقیقات کا مطالبہ

چنانچہ اتوار کو وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال علیانی سابق سینیٹر کی وفات پر ان کے اہلِ خانہ اور بیٹوں سے تعزیت کے لیے اپنے کابینہ اراکین کے ہمراہ مسلم باغ پہنچے اور یقین دہانی کروائی کہ ان کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کی جائے گی۔

بعد ازاں محکمہ داخلہ کی جانب سے بلوچستان ہائی کورٹ کو خط لکھا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ صوبائی حکومت نے عثمان خان کاکڑ کی موت کی وجوہات کے تعین کے لیے کمیشن کے ذریعے انکوائری کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ اس کے لیے بلوچستان ٹریبونلز آف انکوائری آرڈیننس 1969 کی دفعہ 3 کی شق ایک کے تحت ایک عدالتی کمیشن تشکیل دے دیا گیا ہے۔

خط میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے کمیشن کے اراکین کے لیے بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس ظہیر الدین کاکڑ کو نامزد کیا ہے۔

مزید پڑھیں: 'پی کے میپ' کے رہنما عثمان کاکڑ کراچی میں انتقال کرگئے

محکمے نے رجسٹرار سے ان نامزدگیوں کو ان 2 ججز تک پہنچانے اور اس کے مطابق باضابطہ طور پر کمیشن کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کی درخواست کی۔

عثمان کاکڑ کی موت

خیال رہے کہ 17 جون کو عثمان کاکڑ کوئٹہ میں اپنے گھر میں سر پر چوٹ لگنے سے شدید زخمی ہوگئے تھے۔

عثمان کاکڑ کے ذاتی معالج ڈاکٹر صمد پنزئی نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں سر میں چوٹ آئی تھی اور 30 منٹ کے اندر ہی انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں ان کا آپریشن کر کے وینٹیلیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔

بعدازاں انہیں سندھ حکومت کی جانب سے علاج کی پیشکش پر خصوصی ایئر ایمبولینس میں کراچی کے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دورانِ علاج 23 جون کو دم توڑ گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: عثمان کاکڑ کی موت پر تحقیقات کیلئے حکومتی تعاون کی یقینی دہانی

ڈاکٹر صمد پنزئی نے بتایا تھا کہ ان کی موت کی وجہ ان کے دماغ کی چوٹ ہے جس کی وجہ سے خون جمع ہوگیا تھا۔

بعد ازاں پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا کہ عثمان کاکڑ کے جسم کے کسی بھی حصے پر تشدد کے نشانات نہیں تھے۔

جناح پوسٹ گریجویٹ کی ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے کہا تھا کہ سر میں مبینہ چوٹ کے بارے میں فی الحال تبصرہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ سرجری ان کی زندگی کے دوران ہی کی گئی تھی، البتہ سی ٹی اسکین کے ساتھ ساتھ اینٹی مارٹم اور پوسٹ مارٹم دونوں ہی دستیاب ہیں جبکہ ہسپتال کے ریکارڈ کے ساتھ ساتھ کیمیائی تجزیے اور ہسٹوپیتھولوجی سے متعلق رپورٹس کے نتائج کا انتظار کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عثمان کاکڑ کے اہل خانہ نے بھی آزادانہ جانچ کے لیے نمونے دینے کی درخواست کی تھی جو انہیں فراہم کر دیے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024